سی پیک پر مغربی دنیا کی سازش نظر آ رہی ہے، وزیراعظم


انقرہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ سی پیک پر مغربی دنیا کی سازش نظر آرہی ہے، ہمارے خطے کی بھی کچھ طاقتیں سی پیک کو اچھا نہیں سمجھتیں، سی پیک سے ترکی سمیت وسطی ایشیائی ممالک کو بھی فائدہ ہوگا اور اس حوالے سے ترک قیادت سے بھی بات ہوئی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تر ک صدر کے ساتھ داعش، معاشی تعاون اور افغانستان پر بات ہوئی۔ پاکستان سپرلیگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی کرائیں گے۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم پختہ ہے اس لئے ہماری یہ جنگ ضرور نتیجہ خیز ہو گی۔ ہم خطے کو دہشت گردی سے پاک کرنا چاہتے ہیں، پشاور کابل موٹروے بنا کر افغانستان میں استحکام لانا چاہتے ہیں، پشاور جلال آباد ہائی وے 75 فیصد بنا چکے ہیں، افغانستان سے الزامات کی بوچھاڑ ہوئی لیکن ہم نے افغانستا ن کو عمران خان کی زبان میں بھی جواب نہیں دیا، دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں افغان سرزمین استعمال ہوئی، جی ایچ کیو بھی ریاست کا ادارہ ہے، افغان صدر کو جی ایچ کیو میں بریفنگ دینے میں کوئی مضائقہ نہیں۔

بیرون ملک دوروں پر پی آئی اے کے جہاز کو استعمال کرنے پر وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں سربراہان مملکت کے پاس بڑے ذاتی جہاز ہوتے ہیں لیکن ہم تو کبھی کبھار پی آئی اے سے دو تین دن کے لئے جہاز مانگ کر لا رہے ہیں اور میں 12سیٹوں والا جہاز استعمال کرتا ہوں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments