تحریک انصاف کے بدلتے سیاسی نعرے اور انقلاب


تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد ہر سطح پر یہ بحث جاری ہے کہ سفینہ کیوں ڈوبا؟ اغیار کی سازش ہے؟ یا گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے؟ اس حوالے سے راقم نے بطور ایک طالب علم اور سیاسی کارکن اپنا تجزیہ پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔

عمران خان کی شخصیت کا سحر ہر اس شخص پر رہا ہے جو کرکٹ سے دلچسپی رکھتا ہے۔ راقم بھی ایسے ہی لوگوں میں شامل تھا۔ یہ سحر ہی تحریک انصاف میں شمولیت کا باعث بنا تھا۔ بعد میں مختلف سیاسی اور معاشی نظریات کے مطالعے نے اس سحر کا طلسم توڑ ڈالا۔ مگر پھر بھی امید موہوم کے ساتھ وابستگی برقرار رہی۔ ایک وقت پر جب تحریک انصاف میں موقع شناس اور بہروپیے شامل ہونے لگے تو یہ موہوم سی امید بھی دم توڑ گئی اور یہ کہنا پڑا کہ :

نہیں ضبط نوا ممکن تو اڑ جا اس گلستاں سے کہ اس محفل سے خوش تر ہے کسی صحرا کی تنہائی

بنیادی طور پر تحریک انصاف کے قیام کا مقصد ایک ایسی عوامی جمہوری انقلابی جماعت قائم کرنا تھا جو ملک کے ہر شعبے سے استحصال اور لوٹ مار کا خاتمہ کر کے منصفانہ معیشت پر قائم معاشرہ قائم کر سکے۔ اگرچہ یہاں بھی تضاد تھا کہ ملک کے مسائل کی بنیادی جڑ جاگیر داری اور سرمایہ دارانہ نظام کی تحریک انصاف نے کبھی بھی کھل کر مخالفت نہیں کی تھی۔ جب کہ یہ حقیقت یہ ہے کہ جاگیر داری کو ختم کیے بغیر اور سرمایہ داری کے بے لگام گھوڑے کو قابو کیے بغیر مثبت تبدیلی کا تصور عبث ہے۔

اس کے باوجود بھی دو جماعتی نظام سے اکتائے ہوئے عوام نے تحریک انصاف کو قبول کرنا شروع کیا۔ مگر آج عمران خان کی سیاست کی اساس کیا ہے؟ فقط نواز شریف، آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمٰن کی مخالفت اور شیخ رشید، بابر اعوان، فواد چوہدری اور پرویز الہی جیسی دیگر شخصیات کی رفاقت جو رواں دہائی ہی میں متعدد بار سیاسی جماعتیں اور وابستگیاں تبدیل کرچکے ہیں؟ ، اور اسی وجہ سے آج کی پاکستان تحریک انصاف پر فرانسیسی مفکر مرات کا یہ قول پوری طرح صادق آتا ہے کہ ”تف! اس انقلاب پر جو دور ماضی کا نشان مٹا نہ سکے“ ۔

پاکستان تحریک انصاف کے قیام کی کونپل 1995ء میں ضیاء دور کے سابق سیکرٹری اطلاعات جنرل مجیب الرحمٰن اور ان جیسے دیگر ریٹائرڈ جرنیلوں کے دماغ میں اس وقت پھونٹی جب قومی سیاست میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کا غلبہ تھا اور ان کے مابین محاذ آرائی عروج پر تھی۔ یہ حضرات پاکستان کی سیاست میں عمران خان کا تابناک مستقبل دیکھتے ہوئے ملک میں ایک تیسری سیاسی قوت کھڑی کرنا چاہتے تھے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ سیاست سے متنفر اور سیاست دانوں کو طاقت کے مراکز کی اختراع سمجھنے والے عمران خان نے بتدریج سیاست میں قدم رکھا۔ ابتداء میں کچھ عرصہ وہ جنرل حمید گل مرحوم اور محمد علی درانی کے ساتھ پاسبان کا بھی جزوی حصہ رہے، جو جماعت اسلامی کے یوتھ ونگ سے الگ ہونے والوں پر مشتمل تھی۔ جنرل حمید گل ایک پریشر گروپ کا قیام عمل میں لانا چاہتے تھے جو ان کے تئیں حکومت کو درست پالیسیاں بنانے پر مجبور کرتا رہے۔ لیکن عمران خان زیادہ عرصہ حمید گل کے فلسفہ اور فکر کی پیروی نہ کرسکے۔ عمران خان کی سیاست میں اصل دلچسپی اس وقت شروع ہوئی جب 1995ء میں جنرل مجیب الرحمٰن نے ایک نئی جماعت کے قیام کے لیے بشریٰ رحمٰن صاحبہ کے توسط سے عمران خان سے متعدد خفیہ ملاقاتیں کرنا شروع کیں۔ ان ملاقاتوں میں جنرل مجیب عمران خان کو نئی سیاسی جماعت کے قیام کے لیے رضامند کرنے میں کامیاب ہوئے اور فوجی جرنیلوں کے جمہوری انقلاب برپا کرنے کی آرزو کی تکمیل کے لیے پاکستان تحریک انصاف کا قیام عمل لایا گیا۔ جنرل مجیب الرحمٰن اس کے پہلے سیکرٹری جنرل بنے۔ اسے اتفاق ہی کہا جاسکتا ہے کہ مغربی پاکستان کے ہر مقبول سیاسی شخصیت نے فوجی جرنیلوں (خواہ وہ حاضر سروس ہوں یا ریٹائرڈ) کی انگلی پکڑ کر سیاست کے میدان میں قدم رکھا۔

جنرل مجیب کچھ ہی عرصہ بعد عمران خان سے الگ ہو گئے کہ وہ کسی کی بات نہیں سنتے۔ کم و بیش انھی خیالات کا اظہار بائیں بازو کی سیاست کے سرکردہ لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل معراج محمد خان مرحوم اور بعد میں جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین اور روئیداد خان نے بھی کیا ہے۔ عمران خان کے مزاج کی بدولت ہی پاکستان تحریک انصاف ایک حقیقی جمہوری انقلابی اور عوامی جماعت کی شکل اختیار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ پارٹی کے سنجیدہ اہل دانش نے متعدد بار نظریاتی کارکن تیار کرنے لیے پارٹی کے ترجمان اخبار کے اجرا اور کارکنوں کی سیاسی تربیت کو لازمی قرار دیا لیکن عمران خان نے ان تجاویز پر توجہ نہیں دی۔ جس کا نتیجہ یہ ہے کہ پارٹی کے قیام کے بائیس سال کے بعد بھی آج پارٹی کی قیادت پرانے سیاسی کارکنوں کی بجائے جن افراد کے پاس ہے ان کے نزدیک سیاست مشن کی بجائے پیشے کی حیثیت رکھتی ہے۔

پارٹی کے قیام سے لے کر آج تک مختلف مواقع ایسے آئے کہ عمران خان تحریک انصاف کو ایک منظم عوامی سیاسی جماعت بنا کر ملک میں حقیقی قیادت کا خلاء پر کر سکتے تھے لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے۔ عمران خان نے 1997ء کے انتخابات میں قومی اسمبلی کی سات نشستوں پر انتخاب لڑا اور شکست سے دوچار ہوئے۔ بہتر ہوتا کے وہ اپنی شکست سے سبق سیکھتے اور پارٹی کو منظم کرتے لیکن ایسا نہ ہو سکا۔

1999ء میں جب پرویز مشرف نے وزیراعظم نواز شریف کا تختہ الٹا تو عمران خان نے بھی انھیں خوش آمدید کہا اور ان کی حمایت میں سر دھڑ کی بازی لگادی۔ مشرف کابینہ کے وزیر خارجہ عبدالستار اور وزیر خزانہ شوکت عزیز، عمران خان کی تجویز پر ہی مشرف کابینہ کا حصہ بنے تھے۔ نائن الیون کے واقعے کے بعد جب مشرف نے ”سب سے پہلے پاکستان“ کا نعرہ لگایا اور پاکستان کو امریکہ کی جنگ میں جھونک دیا تو عمران خان پرویز مشرف کے اس نعرے کے سب سے بڑے مبلغ بنے رہے اور پرویز مشرف کے ریفرینڈم کی مہم میں بھرپور کردار بھی ادا کیا۔

لیکن جب مشرف نے اقتدار چوہدری برادران کے سپرد کر دیا تو عمران خان مشرف کے بھی مخالف ہو گئے۔ مگر مشرف نے پھر بھی وضع داری کا مظاہرہ کیا اور عمران خان اور طاہر القادری کو قومی اسمبلی کی ایک ایک نشست 2002ء کے انتخابات میں دلوا دی۔ جو اہل نظر انتخابات کی حرکیات کو سمجھتے ہیں وہ حیران تھے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ قومی اسمبلی کی نشست جیتنے والے کے پاس صوبائی اسمبلی کی ایک نشست بھی نہ ہو۔ یہ عمران خان کے پاس دوسرا موقع تھا کہ وہ پارٹی کو منظم کرتے کیونکہ اس وقت ملک کی دو بڑی شخصیات بے نظیر بھٹو اور نواز شریف ملک سے باہر تھے اور عمران خان اگر چاہتے تو یہ خلا پرکر سکتے تھے لیکن وہ اس بار بھی کچھ نہ کرسکے۔

عمران مشرف کی مخالفت میں یہاں تک چلے گئے کہ جس نواز شریف اور بے نظیر کے خلاف وہ سیاست میں آئے تھے اسی نواز شریف کے قیادت میں بننے والی مشرف مخالف اے پی ڈی ایم کا معمولی رکن بھی بننا قبول کر بیٹھے۔ 2008ء میں تحریک انصاف نے سیاسی شعور سے بے بہرگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتخابات کا بائیکاٹ کیا اور پارلیمنٹ میں نمائندگی سے محروم رہی۔ (جاری ہے )


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments