مسجد نبوی میں نعرے بازی پر متعدد پاکستانی گرفتار


مدینہ: سعودی حکومت نے مسجد نبوی میں حکومتی وفد کے خلاف نعرے بازی پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی وفد کی مسجد نبوی ﷺ آمد پر گزشتہ روز کچھ افراد نے نامناسب نعرے بازی کی تھی اور مسجد کا تقدس پامال کیا تھا۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب کو برے القاب سے پکارا گیا اور شاہ زین بگٹی کے بال بھی کھینچے گئے تھے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے قمر زمان کائرہ کے ہمراہ آج اسلام آباد میں پریس کانفرس کی اور انہوں نے کہا کہ میری وزارت سعودی عرب سے درخواست کرے گی کہ اس واقعے پر کارروائی کی جائے، سی سی ٹی وی کیمروں سے ملوث افراد کی شناخت کر کے پاکستان بھیجی جائے، تاکہ ان کے خلاف یہاں بھی کارروائی ہو اور مقدمات درج ہوں، کیونکہ ان کی اس حرکت سے پاکستانی عوام کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے جس سے مذہبی جذبات ابھر سکتے ہیں اور ایک دوسری طرح کی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے اور ملک میں بدامنی ہو سکتی ہے۔

اس واقعے پر ملک بھر سے شہریوں نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ ادھر سعودی حکومت نے مسجد نبوی کا تقدس پامال کرنے پر کچھ پاکستانیوں کو گرفتار کیا ہے۔ اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے نے پاکستانیوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

صحافی وسیم عباسی نے بتایا ہے کہ ”مسجد نبوی کی بے حرمتی: اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے نے پاکستانیوں کی گرفتاری کی تصدیق کر دی۔ ان افراد کو قواعد کی خلاف ورزی اور مقامات مقدسہ کی بے توقیری پر گرفتار کیا گیا ہے۔“

”سعودی پریس اتاشی نے میرے استفسار کا جواب دیتے ہوئے بتایا ’جہاں تک پاکستانیوں کی گرفتاری کا معاملہ ہے، ہاں یہ بات درست ہے۔ ان میں سے کچھ کو اور ضوابط کی خلاف ورزی کرنے اور مقدس مقامات کی بے توقیری کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے‘ “

صحافی وقار ستی نے لکھا ”تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ راشد شفیق مسجد نبوی میں ہونے واقع کی خود نگرانی کرتے رہے۔ ان کے فخر یہ کلمات سنیے کہتے ہیں ہم ان کو حرم میں نماز ہی نہیں پڑھنے دیں گے۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments