ایمبر ہرڈ بمقابلہ جونی ڈیپ: ہالی وڈ اداکاروں کے درمیان کروڑوں کے مقدمے میں چار تازہ ترین انکشاف


جانی ڈیپ
جونی ڈیپ کی جانب سے اپنی سابق ساتھی ایمبر ہرڈ کے خلاف شروع کیے گئے ہتکِ عزت کے مقدمے کے تیسرے ہفتے کے دوران، کیس کی نئی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

ڈیپ کی قانونی جنگ پانچ کروڑ ڈالر کے مقدمے کے گرد گھومتی ہے جو انھوں نے ہرڈ کے خلاف واشنگٹن پوسٹ کے لیے لکھے گئے ایک مضمون کے بعد دائر کیا۔

مضمون میں انھوں نے اپنے ساتھ مبینہ گھریلو تشدد کا ذکر کیا تھا۔ ہرڈ نے، اپنی طرف سے، اپنے سابق شوہر کے خلاف دس کروڑ ڈالر کا جوابی دعویٰ دائر کیا۔

دونوں طرف سے زبانی اور جسمانی تشدد کے الزامات لگائے گئے ہیں اور دونوں نے ہی ان کی تردید کی ہے۔ مقدمے کی سماعت امریکی ریاست ورجینیا میں ہو رہی ہے۔ ہم ذیل میں کیس کی تازہ ترین تفصیلات اور انکشافات کا خلاصہ کرتے ہیں۔

ACLU کو ہرڈ کی طرف سے وعدہ کردہ رقم کا صرف ایک حصہ ملا

جب جوڑے نے 2017 میں طلاق کا معاہدہ کیا تو ہرڈ نے سرِعام اپنی رقم 70 لاکھ ڈالر فلاحی تنظیموں کو دینے، آدھی رقم چلڈرن ہسپتال لاس اینجلس اور آدھی امریکن یونین برائے سول لبرٹیز (ACLU) کو دینے کا وعدہ کیا۔

تاہم پیر کے روز، اے سی ایل یو کے ایگزیکٹو ٹیرنس ڈوگرٹی نے گواہی دی کہ ان کی تنظیم نے ہرڈ سے صرف تیرہ لاکھ ڈالر وصول کیے ہیں، جس میں ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک سے منسلک فنڈ سے پانچ لاکھ ڈالر بھی شامل ہیں، جن کے ساتھ ہرڈ کا مختصر طور پر تعلق رہا ہے۔

جانی ڈیپ

ان کے مطابق، ادارے کو سنہ 2019 میں معلوم ہوا کہ ہرڈ مالی پریشانی میں ہے اور اپنے باقی وعدوں کو پورا کرنے سے قاصر ہیں۔

صحافی اور مصنف کوپر لارنس کا کہنا ہے کہ یہ ہرڈ کے کیس کے لیے ایک اہم مسئلہ ہو سکتا ہے۔

لارنس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’پورا معاملہ واقعی امبر ہرڈ کی ساکھ کے بارے میں ہے۔ اگر ہرڈ آسانی سے کسی قابل تصدیق چیز کے بارے میں جھوٹ بول رہی ہیں، تو آپ کو خود سے پوچھنا ہو گا کہ وہ اور کس چیز کے بارے میں جھوٹ بول رہی ہے؟‘

اے سی ایل یو کے ایگزیکٹو ٹیرنس ڈوہرٹی نے 2018 کے واشنگٹن پوسٹ کے مضمون کے بارے میں بھی براہ راست یہ کہتے ہوئے گواہی دی کہ ادارے کے وکیلوں نے مضمون کو لکھنے اور جانچنے میں مدد کی، جو اس وقت ’ایکوا مین‘ کی تشہیر کا فائدہ اٹھانے کے لیے شائع کیا گیا تھا، جس میں ہرڈ نے اداکاری کی تھی۔

ایکوا مین اس مضمون کی اشاعت کے تین دن بعد 21 دسمبر 2018 کو ریلیز ہوئی۔

ڈوہرٹی نے کہا کہ ’ادارے کے نقطہ نظر سے، ایمبر ہرڈ پریس کی ناقابل یقین توجہ حاصل کرنے اور عوام کی نظروں میں آنے والی تھیں تو اس سے بہتر وقت اور کیا ہو گا کہ اس مضمون کو شائع کیا جائے، تاکہ ہمارے موضوعات پر قارئین کی ایک بڑی دلچسپی پیدا کی جا سکے۔‘

ایمبر ہرڈ

ڈیپ کے گواہ کا کہنا ہے کہ ہرڈ میں شخصیت کی خرابی کی علامات ظاہر ہوئیں

منگل کے روز، فرانزک ماہر نفسیات شینن کری نے ججوں کو بتایا کہ ان کا خیال ہے کہ ایمبر ہرڈ میں دو نفسیاتی مسائل کی تشخیص ہوئی ہے۔ ’بارڈر لائن پرسنیلٹی ڈس آرڈر‘ اور ’ہسٹرونک پرسنیلٹی ڈس آرڈر‘۔

کری جونی ڈیپ کی اس ٹیم کا حصہ ہیں جسے ان کی سابقہ ​​بیوی کا نفسیاتی جائزہ لینے کے لیے رکھا تھا۔ انھوں نے کہا کہ وہ دسمبر 2021 میں ہرڈ کے ساتھ تقریباً 12 گھنٹے گزارنے، دماغی صحت کے ٹیسٹ کروانے اور اس کے میڈیکل ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد اپنے نتیجے پر پہنچی ہیں۔

بارڈر لائن پرسنیلٹی ڈس آرڈر (جسے بارڈر لائن بھی کہا جاتا ہے) شخصیت میں عدم استحکام سے منسلک ذہنی بیماری ہے۔ کری کے مطابق اس کی علامات میں ’زیادہ غصہ، کم طاقتور لوگوں کے ساتھ ظلم، اور توجہ طلب کرنا‘ شامل ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس طرزِ عمل کی وجہ چھوڑ دیے جانے کا خوف ہوتا ہے اور وہ ایسا ہونے سے روکنے کے لیے بے چین کوششیں کرتے ہیں۔

عدالت میں پیش کیے گئے شواہد میں ہرڈ کے کئی آڈیو کلپس شامل ہیں جس میں وہ ڈیپ سے گزارش کر رہی ہیں کہ وہ اسے نہ چھوڑیں۔

کری نے بتایا کہ ایسی خواتین جو اپنے ساتھیوں کے خلاف تشدد بھڑکاتی ہیں ان کے بارے میں گمان کیا جا سکتا ہے کہ انھیں بارڈر لائن پرسنالٹی ڈس آرڈر ہے۔

کری کے بقول ’ہسٹرونک ڈس آرڈر ڈرامہ اور سطحی پن سے متعلق ہے اور توجہ کا مرکز بنے رہنے کی خواہش کرتا ہے۔ ‘

کری کی گواہی کے بعد سے کچھ گھریلو بدسلوکی کے خلاف کام کرنے والوں کی جانب سے تنقید کی گئی ہے، جن کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تشخیص کو استحصال کے الزامات کو کمزور ثابت کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ماہر نفسیات جیسیکا ٹیلر نے ایک بیان میں کہا کہ ’میں یہ دیکھ کر بالکل حیران نہیں ہوئی، مجھے اس کی توقع تھی۔‘

’ایمبر جیسی ہزاروں خواتین کو نفسیاتی جائزوں سے گزرنے کا حکم دیا جائے گا، جس کے ذریعے زیادہ تر معاملات میں، ان کی گواہی کو غیر مستند ثابت کرنے کے لیے ان کی شخصیت کی خرابی کی تشخیص کی جاتی ہے۔‘

ایمبر ہرڈ

3۔ ڈیپ ساحل سمندر پر ہوش کھو بیٹھے‘

ڈیپ کا منشیات اور الکوحل کا استعمال اب تک مقدمے میں مرکزی مسئلہ رہا ہے۔

ڈیپ نے کہا کہ وہ سنہ 2014 میں اوپیئڈ Roxicodone کی لت سے خود کو نکالنے کے بعد ہرڈ کے ساتھ اپنے زیادہ تر تعلقات میں ہوش مند رہے۔

لیکن ہرڈ کی ٹیم نے ایک مختلف ڈیپ کو بیان کیا ہے، جو میں شراب نوشی اور منشیات کے استعمال کا عادی تھا۔

بدھ کے روز، ہرڈ کے وکیل، ایلین بریڈی ہافٹ نے مؤخر الذکر دعوے کو دہراتے ہوئے ہوئے، بہاماس میں ڈیپ کے نجی جزیرے کے مینیجر سے پوچھا کہ کیا انھیں اداکار کا ریت میں بے ہوش ہونا یاد ہے۔

تارا رابرٹس نے جواب دیا کہ ’مجھے یاد ہے کہ وہ ساحل سمندر پر بے ہوش ہو گئے تھے۔‘

بریڈی ہافٹ نے اصرار کیا اور پوچھا کہ کیا رابرٹس کو یاد ہے کہ ڈیپ کے بیٹے نے انھیں اس طرح دیکھا تھا۔ رابرٹس نے ہاں میں جواب دیا۔

ایمبر ہرڈ

4۔ ہرڈ کا ایلون مسک کے ساتھ ’تعلق‘

ڈیپ کے سابق ایجنٹ نے بدھ کے روز موقف اختیار کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اداکار کے خلاف ہرڈ کے الزامات نے ان کی شبیہہ پر ’صدماتی اثر‘ ڈالا، جس کی وجہ سے انھوں نے پائریٹس آف دی کیریبین فرنچائز گنوا دی۔

کرسٹین کیرینو نے، جو پرولیفک کری ایٹو آرٹسٹ ایجنسی (سی اے اے) کے ٹیلنٹ ایجنٹ ہیں، جیوری کو بتایا کہ دیگر ایگزیکٹوز کے ساتھ بات چیت کے ذریعے یہ واضح ہوا کہ فلموں کے ڈسٹری بیوٹر ڈزنی، ڈیپ کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتے۔

کیرینو نے کہا کہ بدسلوکی کے الزامات پر کبھی بھی واضح طور پر بات نہیں کی گئی، لیکن انڈسٹری میں وہ ’مشہور‘ تھے۔

یہ گواہی ڈیپ کے کیس کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ وہ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ ہرڈ کے 2018 کے اخباری مضمون نے ان کے کریئر کو برباد کر دیا۔

اس کیس سے کم متعلقہ لیکن ایلون مسک کے ساتھ ہرڈ کے مختصر تعلقات کے بارے میں کیرینو کے تبصرے حیران کن تھے۔

2017 میں مسک کے ساتھ ہرڈ کے بریک اپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے، کیرینو نے ایکوا مین سٹار سے یہ پوچھا تھا کہ اگر وہ اس سے پیار نہیں کرتی تو وہ علیحدگی کے بارے میں پریشان کیوں تھیں۔

انھوں نے ہرڈ کو لکھا کہ ’آپ نے مجھے ایک ہزار بار بتایا کہ آپ ان (ایلون مسک) کے سات گھوم پھر رہی ہیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments