’بوہے باریاں‘ ایک مرتبہ پھر انڈین فلم میں، پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی ’چوری‘ پر مایوس


شاید ہی کوئی شخص ایسا ہو جسے پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی کا گیت ’بوہے باریاں‘ یاد نہیں ہو گا۔

سنہ 1999 میں اس گیت کے ریلیز ہونے کے بعد بہت سے لوگوں نے اسے سراہا اور یہ پاکستان کا ایک مقبول عام گانا بنا۔ اس گیت کی مقبولیت کے بعد انڈیا کی ہندی فلموں میں ’بوہے باریاں‘ نغمے کی تال سے ملتے جلتے بہت سے گیت سامنے آئے۔

جیسا کہ سنہ 2002 میں پریتی زنٹا، جمی شیرگل اور ارجن رامپال کی فلم ’دل ہے تمہارا‘ کا گیت ’دل لگا لیا میں نے تم سے پیار کر کے‘ یا پھر سنہ 2002 میں ہی شاہ رخ، سلمان اور مادھوری دکشت کی فلم کا گانا ’ہم تمہارے ہیں، تمہارے صنم‘۔

لیکن اب یہی پاکستانی گیت ایک نئی ریلیز میں تال و سر اور اس کے کچھ ابتدائی الفاظ کے ساتھ سُنائی دے رہا ہے۔ اس گیت کو مشہور میوزک کمپنی ’سا رے گا ما میوزک‘ نے انڈین گلوکارہ کنیکا کپور کی آواز میں ’اوریجنل‘ کے طور پر پیش کیا ہے۔ گانے کے بول ہیں، ’بوہے باریاں تے نالے کنڈا ٹپ کے، آوں گِی ہوا بن کے بوہے باریاں۔‘

گانے میں سنائی دینے والے باقی بول مختلف ہیں لیکن پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنی انسٹاگرام سٹوریز میں تال اور بوہے باریاں کے ساتھ لائنوں کے استعمال پر اعتراض کیا ہے۔ اس اعتراض پر کنیکا کپور کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔

آئیے دیکھتے ہیں کہ ان دنوں کے علاوہ ماضی میں جب انڈیا اور پاکستان کے گلوکاروں کے گیتوں پر سرقہ یا انسپائریشن کے بارے میں بات چیت ہوئی تھی۔

حدیقہ نے کیا لکھا؟

حدیقہ نے لکھا: ’بوہے باریاں اور میرے البم روشنی کے تمام گیتوں کے کاپی رائٹس میرے پاس ہیں۔ بوہے باریاں گیت میری ماں نے لکھا تھا۔ اگر کوئی کہہ رہا ہے کہ میرے پاس حقوق ہیں تو یہ غیر قانونی ہے اور میری ٹیم ایکشن لے رہی ہے۔ ہمارے پاس روشنی البم کے سامنے آنے سے پہلے کے کاپی رائٹ دستاویزات ہیں۔ کسی کمپنی کو اس کے حقوق نہیں دیے گئے ہیں۔ کسی کمپنی کے پاس میرے دستخط والے یا گانوں کی اجازت دینے والی کوئی دستاویز نہیں ہے۔ میں کافی دیر تک اس مسئلے پر خاموش رہی۔‘

حدیقہ جس روشنی البم کی بات کر رہی ہیں وہ سنہ 1999 میں آیا تھا۔ اس البم میں 14 گانے تھے۔ البم کی ریلیز کے بعد حدیقہ کو کافی مقبولیت ملی تھی۔

اے آر وائی نیوز کی خبروں میں استعمال ہونے والی انسٹاگرام سٹوریز کے سکرین شاٹ میں حدیقہ کے ردعمل کو تفصیل کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

حدیقہ کے مطابق: ’ایک اور دن اور ایک اور بار بے شرمی سے میری ماں کے لکھے ہوئے گانے کی نقل۔ نہ کسی نے حقوق مانگے، نہ کسی نے رائلٹی دی۔ انھوں نے صرف میری ماں کے لکھے ہوئے گیت کو دوبارہ ریکارڈ کیا تاکہ وہ آسانی سے پیسہ کما سکیں۔ شاہ رخ، پریتی زنٹا جیسے سٹارز کی کئی بالی وڈ فلموں میں یہ کئی بار چوری ہو چکا ہے۔ یہ گانا سٹیج پر تقریباً ہر دوسرے گلوکار نے پیسہ کمانے کے لیے گایا ہے۔ بہت سی ویڈیوز کو یوٹیوب پر دو کروڑ سے زیادہ ویوز ملے ہیں۔ مجھے صرف ’اوریجنل سانگ بوہے باریاں، حدیقہ کیانی‘ لکھ کر کریڈٹ دے دیتے ہیں۔‘

حدیقہ مزید لکھتی ہیں: ’میں ابھی زندہ ہوں اور اگر آپ میرے گانے استعمال کرنا چاہتے ہیں تو میری اجازت لیں۔ کسی اور کے گانوں سے پیسے کمانا اچھی بات نہیں ہے۔ میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میں کسی گلوکار کے خلاف نہیں ہوں۔ میں صرف اس سارے عمل سے مایوس ہوں۔ ویسے پاکستانی میوزک سے چوری جاری ہے۔‘

بی بی سی نے اس معاملے پر حدیقہ سے رابطہ کیا ہے اور ان کا مؤقف دستیاب ہونے پر شائع کیا جائے گا۔

کنیکا کپور نے بھی حدیقہ کے ان الزامات پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔

کنیکا کپور نے کیا لکھا؟

ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں کنیکا کپور نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

کنیکا نے کہا: ’اس گانے کو سننے والا جان جائے گا کہ یہ اوریجنل گیت ہے۔ مکھڑے سے لے کر اندر کے بند تک۔ ہم نے صرف ہک لائن (بوہے باریاں) کا استعمال کیا ہے۔ ہم نے ایک پرانے لوک گیت کی لائن اٹھا لی۔ میرے اور کمپنی کے مطابق یہ ایک لوک گیت ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

’امجد صابری کو سلمان خان کا فون آیا اور معاملات طے پاگئے‘

پاکستان زندہ باد یا ہندوستان زندہ باد؟

’تو جھوم‘ کی دُھن چوری کرنے کا الزام، ’کوک سٹوڈیو ٹیم بہت پہلے اس گانے پر کام شروع کر چکی تھی‘

کنیکا کہتی ہیں: ’ہم نے اس گانے کے کئی ورژن سنے ہیں اور کسی نے بھی اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔ ہم نے لوک گیت کو کاپی پیسٹ نہیں کیا۔ ہم نے صرف دو سطروں سے تحریک لی ہے۔ یہ گیت لکھنے والے کمپوز کرنے والے کنور جونیجا اور شروتی رانے کے ساتھ ناانصافی ہے۔ اگر کوئی کہے کہ میں کسی کا کام چوری کر رہی ہوں تو یہ غلط ہے۔‘

کنیکا نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا: ’یہ بات مجھے مایوس کرتی ہے کہ میں نے ان کا گانا چرایا یا ہم انھیں کریڈٹ نہیں دے رہے ہیں۔ میرے خیال سے اس معاملے پر منفی ہونے کے بجائے ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔ مجھے بہت سارے نفرت انگیز پیغامات مل رہے ہیں۔ اس سے مایوسی ہوتی ہے کہ لوگ کتنی جلدی کسی نتیجے پر پہنچ جاتے ہیں۔‘

کنیکا کپور اور حدیقہ کیانی: کچھ اور چیزیں

کنیکا کپور نے ہندی فلموں میں کئی گانے گائے ہیں۔

لکھنؤ سے تعلق رکھنے والی کنیکا کے گانوں کی فہرست میں بے بی ڈول، دیسی لک، سپر گرل، پشپا فلم کا او بولیگا یا او او بولیگا، چٹیاں کلایاں وے جیسے گیت شامل ہیں۔ کنیکا اصل میں لکھنؤ کی رہنے والی ہیں۔

اس کے ساتھ دوسری جانب حدیقہ کیانی پاکستان کی گلوکارہ ہیں۔ اُن کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔ حدیقہ نے کوک سٹوڈیو کے کئی سیزن کے لیے گیت گائے ہیں۔

عاطف اسلم کے ساتھ حدیقہ کا گایا ہوا ایک گانا ’ہونا تھا پیار، ہوا میرے یار‘ کو انڈیا میں بھی بڑے پیمانے پر سنا اور سراہا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حدیقہ نے انڈیا میں فواد خان کے مشہور سیریل ’زندگی گلزار ہے‘ میں بھی گانا گایا تھا۔

بوہے باریاں کے علاوہ، من دی موج اور جان جیسے گانے حدیقہ کے ہٹ گانے ہیں۔

نصرت فتح علی خان

انڈیا بمقابلہ پاکستان: ماضی میں گانوں کی نقل کی مثالیں

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انڈیا اور پاکستان کے گلوکار گانے یا دھن کی چوری کے الزامات پر آمنے سامنے آئے ہوں۔

اس کے ساتھ ایک ملک میں گائے گئے گانوں کا دوسرے ملک میں دوبارہ گا کر بھی استعمال کیا گیا ہے۔ اس کی تازہ ترین مثال منوج منتشیر کا حال ہی میں ریلیز ہونے والا گانا ’دل غلطی کر بیٹھا ہے، غلطی کر بیٹھا ہے دل۔۔۔ بول ہمارا کیا ہو گا‘ ہے۔ اس گیت کو زوبن نوٹیال نے گایا ہے۔

لیکن حقیقت میں یہ قوالی برسوں پہلے نصرت فتح علی خان سمیت کئی پاکستانی گلوکار گا چکے ہیں۔ اس قوالی کے الفاظ تھے، ’دل نے غلطی کی، دل نے غلطی کی۔۔۔ بول کفارہ کیا ہوگا؟‘

آئیے آپ کو ایسے ہی نغموں کی طویل فہرست میں سے 5 گیت کے بارے میں بتاتے ہیں۔

1. سنہ 1991 کی فلم سڑک‘، گیت تمھیں اپنا بنانے قسم کھائی ہے‘

ایسا لگتا ہے کہ گیت کی دھن مصطفیٰ زیدی کی غزل اور گلوکارہ مسرت نذیر کے گائے گیت ’چلے تو کٹ ہی جائے گا سفر آہستہ آہستہ۔۔۔‘ سے لی گئی ہے۔

2. سنہ 1994 میں فلم انصاف اپنے لہو سے کا گیت ہوا ہوا یہ ہوا اور سنہ 2017 میں مبارکاں فلم کا گانا- ہوا ہوا

ان دونوں گانوں کی دھن اور الفاظ دراصل 80 کی دہائی میں پاکستانی گلوکار حسن جہانگیر کے گائے گئے گیت سے ملتے جلتے ہیں۔

3. 2010 کی فلم دبنگ کا گیت منّی بدنام ہوئی ڈارلنگ تیرے لیے

ایسا ہی ایک گیت سنہ 1993 میں عمر شریف کی فلم مسٹر چارلی میں بھی تھا۔ گانے کے بول تھے، ’لڑکا بدنام ہوا۔۔۔ حسینہ تیرے لیے۔‘ بپی لہری نے بھی اسی انداز اور الفاظ میں ایک گیت گایا تھا۔

4. فلم بے وفا صنم کا گیت اچھا صلہ دیا تونے میرے پیار کا

1970 کی پاکستانی فلم وچھوڑا میں نور جہاں کا گایا ہوا گیت ’کوئی نوا لارا لا کے مینو بول جا، جھوٹھیاں وی اک اور جھوٹھ بول جا۔۔۔ اس گیت کے دھن کو سن کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ بے وفائی کی بات کرتا ہے اور انڈیا کے دیہاتوں میں چلنے والے آٹو میں اس گیت کو سنا جاتا ہے۔

5. سنہ 1996 کی فلم راجہ ہندوستانی کا گیت کتنا پیارا تجھے رب نے بنایا

سنہ 1997 میں اس دنیا سے رخصت ہونے والے نصرت فتح علی خان نے اپنی موت سے کئی سال قبل ایک قوالی گائی تھی جس کے بول تھے ‘کِنا سوہنا تینوں رب نے بنایا، دل کرے دیکھتا رہوں۔

https://twitter.com/taimoorze/status/860888654759284737

نصرت فتح علی کے گانے اور بالی وڈ

ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی دیکھی جا سکتی ہے، جس میں ایک اینکر نصرت صاحب سے پوچھتی ہیں کہ آپ کی سب سے اچھی کاپی کس نے کی؟ اس پر نصرت نے جواب دیا، وجو شاہ اور انو ملک نے بھی اچھی کاپی کی ہے۔

میوزک ڈائریکٹر وجو شاہ نے فلم ’مہرہ‘ کی موسیقی ترتیب دی تھی۔ اس فلم کا ایک مشہور گانا ہے ’تو چیز بڑی ہے مست مست۔۔۔‘

نصرت نے سنہ 1994 کی فلم سے چند سال قبل ایک قوالی گائی تھی۔ جن کے الفاظ تھے ’دم مست قلندر مست، مست۔۔۔ سخی لال قلندر مست مست۔‘

ایسا ہی ایک گیت سنہ 1995 کی فلم یارانہ کا ہے۔ گانے کے بول تھے ’میرا پیا گھر آیا ہو رام جی‘

موسیقی

اس فلم کی ریلیز سے قبل نصرت فتح علی خان کی گائی ایک قوالی اب بھی یوٹیوب پر سنی جا سکتی ہے۔ اس قوالی کے بول ہیں، ’میرا پیا گھر آیا ہو لال نی‘

انڈین فلموں کے کچھ گانے بھی نقل کیے گئے

ایسا نہیں ہے کہ گانے چرانے یا انسپائر ہونے والوں کی فہرست میں صرف انڈینز ہی شامل ہیں۔

انڈین فلموں کے بھی کئی گانے غیر ملکیوں نے نقل کیے ہیں۔

سنہ 2012 میں فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کے گانے ’سیارا‘ کی دھن سنہ 2013 میں مائل کٹک سنگر کے گانے راکیجا میں کاپی کی گئی۔

سنہ 2011 میں فلم ’را ون‘ کے گانے چھمک چھلو کی دھن سنہ 2013 میں ڈارا بوبامارا میں استعمال کی گئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments