ایک ساتھ پیدا ہونے والے نو بچوں کی پہلی سالگرہ: ’یہ خوبصورت اور حقیقی خزانہ ہے‘


بیک وقت پیدا ہونے والے نو بچے
Saloum Arby
مراکش میں بیک وقت پیدا ہونے والے نو بچے اپنی پہلی سالگرہ منا رہے ہیں اور ان کے والد کے مطابق وہ سب بالکل ’صحت مند‘ ہیں۔

بچوں کے والد عبدالقادر اربی نے بی بی سی کو بتایا کہ ان ’بچوں نے اب رینگنا شروع کر دیا ہے۔ ان میں سے کچھ نے بیٹھنا اور سہارے کی مدد سے چلنا بھی شروع کر دیا ہے۔‘

مراکش کے جس کلینک میں ان بچوں کی پیدائش ہوئی، وہاں اب بھی ان کی دیکھ بھال کی جاتی ہے۔

بچوں کی 26 برس کی والدہ حلیمہ سیسی بھی صحت مند ہیں۔

عبدالقادر اربی نے بی بی سی کو بتایا کہ ’یہ آسان نہیں لیکن بہت اچھا ہے۔ اکثر اوقات ہم بہت زیادہ تھک بھی جاتے ہیں لیکن بچوں کو صحت مند دیکھ کر ہمیں سکون ملتا ہے اور ہم سب کچھ بھول جاتے ہیں۔‘

بیک وقت پیدا ہونے والے ان نو بچوں کے علاوہ اس جوڑے کی ایک تین برس کی بیٹی بھی ہے۔

واضح رہے کہ بیک وقت پیدا ہونے اور زندہ رہنے والے ان نو بچوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑا۔

یہ بچے گذشتہ برس چار مئی کو پیدا ہوئے اور ان کی والدہ حلیمہ کو خصوصی دیکھ بھال کے لیے مالی کی حکومت نے مراکش بھیجا تھا۔ بچوں کے والد مالی کی فوج میں افسر ہیں۔

حلیمہ اور ان کے شہور عبدالقادر اپنی بڑی بیٹی کے ساتھ

Saloum Arby

بیک وقت ایک سے زیادہ بچے کی پیدائش خطرناک ہو سکتی ہے اور ان ممالک میں جہاں اسقاط حمل قانونی ہے، بیک وقت چار سے زیادہ بچوں کے ساتھ حاملہ ماؤں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ان میں سے کچھ کو ختم کر دیں۔

ایسے کیسز میں قبل از وقت پیدائش کی وجہ سے بچوں میں صحت کے مسائل بھی ہو سکتے ہیں۔

حلیمہ اور ان کے بچے فی الحال ایک ’طبی فلیٹ‘ میں رہ رہے ہیں، جو مراکش کے شہر کاسا بلانکا کے عین بورجا کلینک کے مالکان کا ہے اور اسی کلینک میں ان نو بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔

عبدالقادر عربی نے بتایا کہ یہاں موجود نرسیں بچوں کی دیکھ بھال میں ان کی اہلیہ کی مدد کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

مالی سے تعلق رکھنے والی خاتون کے ہاں ایک ساتھ نو بچوں کی پیدائش

’دس بچوں کی پیدائش کا دعویٰ کرنے والی خاتون حاملہ تک نہیں تھیں‘

سات بچوں کی پیدائش: ’خطرہ تھا کہ ٹانکے اور بچہ دانی پھٹ نہ جائیں‘

’کلینک نے ہمیں ایک مینیو دے رکھا ہے، جو ہمیں بچوں کو مختلف اوقات میں دی جانے والی خوراک کے بارے میں بتاتا ہے۔‘

مالی کے وزیر صحت کے مطابق یہ بچے (پانچ لڑکیاں اور چار لڑکے) 30 ہفتے کے حمل کے بعد سی سیکشن سے پیدا ہوئے تھے۔

بچوں کے والد کے مطابق ان میں سے ہر بچے کی اپنی ایک شخصیت ہے۔

’یہ سب مختلف ہیں۔ کچھ خاموش ہیں تو کچھ بہت زیادہ شور مچاتے اور روتے ہیں۔ کچھ چاہتے ہیں کہ ہر وقت انھیں اٹھا کر رکھا جائے۔ وہ سب بہت مختلف ہیں جو کہ بالکل نارمل ہے۔‘

عبدالقادر اربی اپنی مدد پر مالی کی حکومت کے شکرگزار ہیں۔

’مالی کی حکومت نے بچوں اور ان کی ماں کی دیکھ بھال اور علاج کے لیے ہمیں سب کچھ دیا۔ یہ بالکل بھی آسان نہیں لیکن یہ خوبصورت اور سکون بخش ہے۔‘

انھوں نے بتایا کہ ’بچے ابھی تک مالی نہیں گئے لیکن وہ وہاں کافی مشہور ہو چکے ہیں۔ ہر کوئی اپنی آنکھوں سے ان کو دیکھنا چاہتا ہے۔‘

عبدالقادر بچوں کے خواہشمند جوڑوں کو ایک پیغام بھی دیتے ہیں کہ ’مجھے امید ہے کہ خدا ہر اس شخص کو نوازے گا جس کے ابھی تک بچے نہیں۔ ان کے پاس بھی وہ سب ہو گا جو آج ہمارے پاس ہے۔ یہ خوبصورت اور ایک حقیقی خزانہ ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments