کراچی: صدر کے علاقے میں دھماکے سے کم از کم ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی
ریاض سہیل - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
جس جگہ دھماکہ ہوا اس جگہ کوسٹ گارڈز کی گاڑی موجود تھی چنانچہ خیال کیا جا رہا ہے کہ نشانہ کوسٹ گارڈز تھے تاہم حکام نے اس حوالے سے تصدیق نہیں کی ہے۔
یہ دھماکہ جمعرات کو رات 11 بجے کے قریب یونائیٹیڈ بیکری اور مرشد بازار کے قریب ہوا ہے۔ یہ ایک مصروف علاقہ ہے۔ یہاں آس پاس کھانے پینے کے ہوٹل اور ڈیری کی دکانیں ہیں جہاں شام کے وقت آ کر لوگ بیٹھتے ہیں۔
جناح ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول کا کہنا ہے کہ جناح ہسپتال میں آٹھ زخمیوں کو لایا گیا ہے جبکہ ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
اُنھوں نے بتایا کہ بال بیرنگ سے زیادہ تر افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو آئی جی سندھ پولیس کی جانب سے ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کے ترجمان کے مطابق پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بظاہر آئی ای ڈی کی صورت میں دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، اس دھماکے میں ایک راہ گیر ہلاک اور کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے کی وجہ سے متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور پولیس، رینجرز، محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور بم ڈسپوزل سکواڈ جائے وقوع پر موجود ہیں۔
تاحال کسی گروہ کی جانب سے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
یہ ابتدائی خبر ہے اور اسے مزید، مصدقہ معلومات آنے پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).