مکڈونلڈ کے خلاف اشتہار میں برگر حقیقت سے بڑا دکھانے پر ہرجانے کا دعویٰ


مکڈونلڈ
نیویارک کے ایک شخص نے مکڈونلڈز اور وینڈیز کے خلاف گمراہ کن اشتہارات میں برگر اصل سے کہیں زیادہ بڑے دکھانے پر ہرجانے کا دعوی دائر کیا ہے۔ اس مقدمے میں، انھوں نے فاسٹ فوڈ کمپنیوں پر غیر منصفانہ اور دھوکہ دہی کے تجارتی طریقوں کا الزام لگایا۔وہ اپنے اور اپنے جیسے دھوکے کا شکار صارفین کے لیے پانچ کروڑ ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔فاسٹ فوڈ چینز نے اس کیس پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

کمپنی کے حریف برگر کنگ کے خلاف بھی مارچ میں فلوریڈا میں اسی طرح کا مقدمہ کیا گیا تھا۔

جبکہ برگر کنگ نے ابھی تک عدالت میں جواب نہیں دیا ہے، ایک ترمیم شدہ شکایت سے پتہ چلتا ہے کہ مزید ناخوش صارفین نے اس پر دستخط کیے ہیں۔

شکایات میں کہا گیا ہے کہ کمپنیوں کے اشتہارات ’غیر منصفانہ اور مالی طور پر صارفین کو نقصان پہنچا رہے ہیں کیونکہ انہیں وہ خوراک مل رہی ہے جس کی قیمت اس سے کہیں کم ہے جس کا وعدہ کیا جا رہا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’ایسے اقدامات خاص طور اس لیے پریشان کن ہیں کیونکہ افراط زر، خوراک اور گوشت کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں اور بہت سے صارفین، خاص طور پر کم آمدنی والے صارفین، مالی طور پر مشکلات کا شکار ہیں۔‘

مقدمے میں یوٹیوب پر اس برگز کا ریویو کرنے والے صارفین کے کمنٹس شامل کیے گئے ہیں جس میں ایک کا کہنا تھا کہ ’یہ تصویر کی طرح نہیں‘۔

ایک دوسرے شخص نے کہا ’یہ ایک چھوٹا سا برگر ہوگا، میں آپ کو صاف بتا رہا ہوں کہ کیا توقع رکھیں تاکہ آپ میری طرح مایوس نہ ہوں۔‘ نیویارک کی یونیورسٹی آف بفیلو میں قانون کے پروفیسر مارک بارتھولومیو کے مطابق، اس قسم کے تبصرے امریکی عدالت میں مقدمہ جیتنے کے لیے کافی نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عدالت اس بات کا ثبوت تلاش کرے گی کہ صارفین کو درحقیقت بے وقوف بنایا گیا اور اشتہارات نے خریداری کے فیصلوں کو متاثر کیا۔

’یہ دونوں باتیں مدعی کے لیے ثابت کرنا ایک مشکل کام ہیں‘

انھوں نے کہا کہ فاسٹ فوڈ کمپنیاں ممکنہ طور پر یہ بحث کر سکتی ہیں کہ عوام مارکیٹنگ مہم میں کچھ مبالغہ آرائی کی توقع رکھتے ہیں۔

’میرا اندازہ یہ ہے کہ وہ ایک تصفیہ چاہتے ہیں اور یہ کبھی بھی مکمل مقدمے کی شکل اختیار نہیں کرے گا۔ ‘

برطانیہ میں، ریگولیٹرز نے 2010 میں برگر کنگ کے ایک اشتہار پر پابندی لگا دی تھی کیونکہ اس کے بارے میں شکایات تھیں کہ ان کے چکن سینڈوچز اشتہار سے بہت چھوٹے تھے۔لیکن امریکہ میں اس قسم کا معاملہ دیکھنا نسبتاً غیر معمولی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32556 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments