عمران خان کا مریم کے بارے میں بیان: ’کیا انھوں نے اصل میں ایسا کہا، مطلب اصل میں؟ یہ بھیانک ہے بہت زیادہ مایوس کن‘

حمیرا کنول - بی بی سی اردو ڈاٹ کام


`مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو ، تمھارا شوہر ہی ناراض نہ ہو جائے۔ جس طرح تم میرا نام لیتی ہو۔ ‘

ٹی وی پر عمران خان کی تقریر چلتے آدھ گھنٹے سے زیادہ ہو چکا تھا اور میں خبر کے لیے نوٹس لے رہی تھی جب میں نے یہ الفاظ سنے اور پلٹ پر سکرین کی جانب دیکھا جہاں اب جلسے میں ساؤنڈ سسٹم کے باعث عمران خان توقف کر رہے تھے۔

ملتان میں ایک بڑے جلسے میں عمران خان کی تقریر پھر سے شروع ہوئی اور وہاں موجود شرکا انھیں داد دیتے رہے۔

مریم نواز کے حوالے سے عمران خان کی اس گفتگو کو نہ تو بریکنگ نیوز میں جگہ مل سکتی ہے اور نہ ہی یہ خبر ہے لیکن یہ ہے کیا؟ ان کے حامی اور ان کے ناقد اس پر کیا کہہ رہے ہیں؟

سوشل میڈیا پر جانے سے پہلے عمران خان کی تقریر کی ریکارڈنگ سے چلیے ان کے ان جملوں کا سیاق و سباق دیکھ لیں کیونکہ اکثر یہ سننے کو ملتا ہے کہ سیاق و سباق سے ہٹ کر کچھ جملے بات کو پلٹ دیتے ہیں۔

عمران خان نے بات کس پیرائے میں شروع اور ختم کی؟

عمران خان تقریر کر رہے تھے ویسی ہی تقریر جو وہ گذشتہ کئی روز سے جلسوں کے دوران کر رہے ہیں کہ اچانک انھوں نے بہت نارمل انداز میں کہا ’سوشل میڈیا پر کسی نے مجھے تقریر بھیجی، مریم کہیں تقریر کر رہی تھی کل، تقریر جو مجھے بھیجی سوشل میڈیا پر اس میں اس نے اتنی دفعہ اور اس جذبے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس سے کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمھارا خاوند ہی نہ ناراض ہو جائے جس طرح تم میرا نام لیتی ہو۔‘

عمران خان کی اس بات کے بعد تقریر میں کچھ لمحے کا وقفہ ایک میوزک بیٹ سے دیا گیا، پھر وہ شریف خاندان کا ذکر کرتے ہوئے سوال کرنے لگے مجھے سمجھ نہیں آتی کہ انھیں مجھ سے مسئلہ کیا ہے۔

ٹوئٹر پر اس وقت ملتان جلسے کے علاوہ ٹاپ ٹرینڈز میں عمران خان کے خلاف ٹرینڈ کا اضافہ ہو چکا ہے اور مریم نواز بھی ٹاپ ٹرینڈ میں ہے۔

جن لوگوں نے سوشل میڈیا پر عمران خان کے ان جملوں کو لکھا دیکھا وہ سوال کر رہے ہیں کہ کیا واقعی عمران خان نے ایسا ہی کہا۔

فوزیہ بھٹی لکھتی ہیں `کیا انھوں نے اصل میں ایسا کہا، مطلب اصل میں، یہ بھیانک ہے بہت زیادہ مایوس کن۔‘

فوزیہ بھٹی نے یہ ٹویٹ صحافی مبشر زیدی کی ٹویٹ کے جواب میں تھی جن کا کہنا تھا کہ ’اس ملک میں مردوں کا آخری ہتھیار عورت کی تذلیل کرنا ہے۔‘

عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے مریم نواز کے حوالے سے عمران خان کے الفاظ پر لکھا `مجھے اس بات پر شدید شرمندگی ہے کہ میں کبھی ایسے گھٹیا آدمی سے منسلک تھی۔‘

تاہم اقرارالحسن نے لکھا `اب یہ حد سے تجاوز ہے۔‘

ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ نے اس کی مذمت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف جو رشتے میں مریم نواز کے چچا ہیں نے اپنے سابق ہم منصب کے بیان کی مذمت میں ٹوئٹ کی اور لکھا `بیٹی مریم نواز شریف کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پرزور مذمت کریں۔ کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کے خلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے۔ مسجد نبوی کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے۔‘

سابق صدر آصف علی زرداری کی مریم نواز کے حوالے سے عمران خان نازیبا زبان استعمال کرنے کی شدید مدمت کی اور کہا کہ جن عزت داروں کے گھروں میں مائیں بہنیں ہوں وہ اس طرح کی زبان نہیں استعمال کرتے، خدارا اس سیاست میں اتنے نیچے نہ گر جائیں، مائیں بہنیں بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں ،یہ ہی پیغام بی بی شہید چھوڑ کر گئیں ہیں۔‘سابق صدر کا کہنا تھا کہکاش اب بھی کوئی چیف جسٹس کو پرسنل ابزرویشن کا خط لکھے اور وہ نوٹس لیں۔‘

تاہم جہاں پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کی گئی وہیں کچھ سوشل میڈیا صارفین نے مختلف آرا کی بھی اظہار کیا۔ ایک صارف ثمرینہ ہاشمی نے لکھا مجھے اس میں کوئی گھٹیا پن نظر نہیں آتا اس میں چھیڑ چھاڑ ہے۔ اس کے علاوہ صدیق جان نے ٹویٹ کی کہ ’جس جس نے بشری بی بی پر ہونے والے نیچ اور گھٹیا حملوں کی کبھی مذمت نہیں کی وہ آج بھی مذمت نہ کرے۔ انھوں نے عمران خان کو اپنی ایک ٹویٹ میں صلاح دی کہ وہ بالکل معافی مت مانگیں۔

ایک صارف عامر اعوان نے اپنے آپ کو عمران خان کا حامی کہتے ہوئے لکھا کہ `عمران خان کو یہ بات زیب نہیں دیتی۔ وہ ہمارا لیڈر ہے، کوئی سٹیج ڈرامے کا کردار نہیں کہ جگتیں مارے۔‘

سماجی کارکن عمار علی جان نے لکھا ’جس شخص نے مریم کے بارے میں صنفی ریمارکس دیے ہیں وہی ہیں جنھوں نے کہا کہ مرد جو روبوٹ نہیں وہ بے فحاشی سے جنسی طور پر ترغیب ملے گی۔ آپ عمران خان کو یو ٹرن کا ماسٹر کہہ سکتے ہیں لیکن عورت کی تخصیک پر ان کے خیالات گزرے برسوں میں مسلسل سامنے آئے ہیں۔‘

عالیہ چغتائی نے عمران خان کے الفاظ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جو لوگ عمران خان کے بیان کا دفاع کر رہے ہیں انھیں واقعی ضرورت ہے کہ وہ اپنے آپ کو جانچنے کی ضرورت ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments