انڈیا: ٹیڈی بیئر کا تحفہ جس نے دلہے کو اندھا کر دیا

بھارگو پاریکھ - بی بی سی گجراتی


’راجیش نے میری بڑی بیٹی کو محبت کے نام پر سات سال تک دھوکہ دیا۔ ان کی ایک بیٹی بھی تھی، لیکن اس نے میری بیٹی سے شادی نہیں کی۔ اس نے میری چھوٹی بیٹی کو ایک ٹیڈی بیئر تحفے میں دیا جس کے اندر بم تھا۔‘

ہریش دلوی اپنی نئی نویلی بیاہی گئی بیٹی سلمیٰ کے شوہر یعنی اپنے داماد لتیش کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’تحفہ کھولتے ہی پھٹ گیا اور میرے داماد کی دونوں آنکھیں چلی گئیں۔ میں اب کیا کر سکتا ہوں؟ بس اپنے داماد کو اپنی ایک آنکھ دے سکتا ہوں۔‘

انھوں نے بتایا کہ یہ واقعہ شادی کے دوسرے دن اس وقت پیش آیا جب تحفے کھولے جا رہے تھے۔ یہ ٹیڈی بیئر بھی ان تحفوں میں شامل تھا جس میں نصب بم پھٹنے سے ہریش کے داماد کی نظر چلی گئی اور ہاتھ میں بھی شدید چوٹ آئی۔

انڈیا کی ریاست گجرات کے نوساری ضلع میں واقع ونسڈا کے میندھا بھری گاؤں کے رہنے والے ہریش دلوی کی دو بیٹیاں ہیں۔ انھوں نے اپنی چھوٹی بیٹی سلمیٰ کی شادی بڑی دھوم دھام سے کی تھی۔

ہریش کا کہنا تھا کہ شادی کی تقریب مکمل ہونے پر پورا خاندان خوش تھا۔ لیکن شادی کے اگلے ہی دن ان کے پیروں تلے سے اس وقت زمین نکل گئی جب ان کی بیٹی سلمیٰ کا فون آیا جس نے بتایا کہ ’دھماکا ہوا ہے اور لتیش شدید زخمی ہے۔‘

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ہریش نے بتایا کہ ’اس وقت میں گھر پر آرام کر رہا تھا۔ سلمیٰ کا فون آیا اور اس نے بتایا کہ ایک تحفہ پھٹا ہے۔ میں بھاگ کر اپنے داماد کے گھر پہنچا تو اس کی اور اس کے بھتیجے جیانش کی حالت خراب تھی۔ چاروں طرف خون ہی خون تھا۔‘

’داماد کو اپنی ایک آنکھ دے دوں گا‘

ہریش کہتے ہیں ’دھماکے کے بعد پورا گھر تہس نہس ہو گیا تھا۔ ہم لتیش اور اس کے بھتیجے کو ہسپتال لے گئے۔ میری بیٹی نے بتایا کہ وہ گفٹ کھول رہے تھے، جس کے بعد وہ اور اس کی بھابھی چائے بنانے کچن میں گئیں۔

تھوڑی دیر بعد اس نے ایک دھماکے کی آواز سنی۔ اس نے دیکھا کہ بجلی کے بورڈ میں ٹیڈی بیئر کا پلگ لگا ہوا تھا جو پھٹ چکا تھا۔ اس کا شوہر اور بھتیجا خون میں لت پت تھے۔‘

وہ بتاتے ہیں کہ ’ہم سوچنا شروع کیا کہ یہ تحفہ کس نے دیا تھا۔ ہمیں یاد آیا کہ یہ ٹیڈی بیئر آرتی نے تحفے میں دیا تھا جو میری بڑی بیٹی جگرتی کی دوست ہے۔‘

’جب ہم نے آرتی سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ یہ تحفہ دراصل راجیش پٹیل نے جگرتی کو دینے کے لیے بھیجا تھا۔ راجیش وہی شخص ہے جس نے میری بیٹی جگرتی کو دھوکہ دیا… وہ سات سال تک جگرتی کے ساتھ تھا اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔‘

’ہمارا شک پھر یقین میں بدل گیا کہ جس شخص نے میری بڑی بیٹی کی زندگی برباد کی وہ اب میری چھوٹی بیٹی کی زندگی بھی برباد کر رہا ہے۔ میرے داماد کی بائیں کلائی پر شدید چوٹ آئی ہے اور ڈاکٹر کہتا ہے کہ اس کی آنکھیں بھی چلی گئی ہیں۔‘

’میں اپنے داماد کے لیے اب کچھ اور تو نہیں کر سکتا، مگر میں اسے اپنی ایک آنکھ دے دوں گا۔‘

یہ بھی پڑھیے

پاکستان کے سوڈھا ہندو راجپوت جن کی شادیاں صرف انڈیا کے تعاون سے ممکن ہیں

تین شادیاں اور لوڈ شیڈنگ: دلہنیں بدل گئیں

گوجرانوالہ کے ہسپتال میں شادی: ’دلہن نے کہا میں اس حالت میں تمھیں چھوڑ کر نہیں جاؤں گی‘

ونسڈا پولیس اسٹیشن کے تفتیشی افسر وریندر سنگھ نے بتایا کہ راجیش پٹیل وہی شخص ہے جس کے ساتھ جگرتی کا تعلق تھا اور وہ ان کے ساتھ رہتی تھیں۔

وہ کہتے ہیں کہ ’ہم نے جگرتی کی دوست آرتی سے پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ یہ ٹیڈی بیئر اسے راجیش پٹیل نے دیا تھا۔ راجیش نے روتے ہوئے اس سے کہا تھا کہ جگرتی اس سے کوئی تحفہ نہیں لے گی، لیکن وہ یہ تحفہ اپنی بیٹی کو دینا چاہتا ہے۔ آرتی نے یہ ٹیڈی بیئر شادی کے دن دیا تھا۔ آرتی کے بیان کی بنیاد پر ہم نے راجیش کو گرفتار کر لیا ہے۔‘

’میرے بھائی کی زندگی برباد ہو گئی‘

راجیش اور جگرتی کے رشتے کے بارے میں ہریش کا کہنا ہے کہ ’میری بیٹی اور راجیش پٹیل ایک ساتھ نوکری کرتے تھے جب ان کو ایک دوسرے سے محبت ہو گئی۔ اس نے میری بیٹی سے شادی کرنے کا وعدہ کیا، ان کی ایک بیٹی بھی ہوئی۔ لیکن اس نے شادی سے انکار کر دیا جس کے بعد جگرتی گھر واپس آ گئی۔‘

’راجیش جگرتی کو مارنے کی دھمکی دیتا تھا۔ اگر ہمیں معلوم ہوتا کہ وہ واقعی ایسا کچھ کرے گا تو ہم پہلے ہی اس کی اطلاع پولیس کو دے دیتے۔‘

سورت کے آئی جی راج کمار پاندیان نے اس معاملے پر کہا کہ ’ٹیڈی بیئر کا فرانزک کروایا گیا تو پتہ چلا کہ اس میں ڈیٹونیٹر اور جیلیٹن سٹکس تھیں۔ راجیش پٹیل سے پوچھ گچھ کے بعد معلوم ہوا کہ اس نے اپنے دوست مہیش پانڈیا سے جیلیٹن سٹکس خریدی تھیں جو ڈیٹونیٹر اور جیلیٹن بنانے والی ایک کمپنی میں کام کرتا ہے۔‘

’اس نے یہ ان دونوں چیزوں کو ٹیڈی بیئر میں اس طرح نصب کیا کہ جیسے ہی اسے بجلی کے پلگ میں لگایا جائے، دھماکہ ہو جائے۔ اس نے یہ تحفہ اپنی ایک مشترکہ دوست آرتی کے ذریعے جگرتی اور اس کی بیٹی کو مارنے کی نیت سے بھیجا تھا۔‘

پاندیان کے مطابق راجیش جگرتی سے تعلق قائم کرنے سے پہلے سے شادی شدہ تھا اور اس کے دو بچے بھی ہیں۔

پولیس کے مطابق جگرتی راجیش سے شادی کے لیے اصرار کرتی رہی اور دونوں نے اس معاملے پر ایک وکیل سے ملاقات بھی کی۔ وکیل نے ان کو بتایا کہ یہ شادی اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تک راجیش اپنی پہلی بیوی سے طلاق نہیں لے لیتے۔

اس کے بعد جگرتی نے راجیش پٹیل کو چھوڑ دیا اور اپنی چھ سالہ بیٹی کے ساتھ اپنے والد کے گھر چلی گئیں۔

تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے بعد بھی راجیش ان کو ہراساں کرتا رہا اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔

پولیس نے راجیش کے دوست مہیش پانڈیا کو بھی گرفتار کر لیا ہے جس نے دھماکہ خیز مواد فراہم کیا تھا۔

اسی وقت لتیش کی بہن امیتا حادثے سے صدمے میں ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’راجیش پٹیل کی میری بھابھی کے گھر والوں سے لڑائی تھی، لیکن میرے بھائی کا کیا قصور تھا؟ اس نے اپنی دونوں آنکھیں اور ہاتھ کھو دیے۔ اس کی زندگی برباد ہو گئی۔‘

ماہر نفسیات ڈاکٹر پرشانت بھیمانی کہتے ہیں کہ ’ایسے لوگ امپلس کنٹرول ڈس آرڈر کا شکار ہوتے ہیں۔ ان کی سوچ یہ ہوتی ہے کہ اگر تم میرے نہیں ہو تو میں تمہیں کسی اور کا بھی نہیں ہونے دوں گا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments