مووی ریویو: کملی


ستارے :صبا قمر، ثانیہ سعید، نمرہ بچہ، عمیر رانا، حمزہ خواجہ
ڈائریکٹر:سرمد سلطان کھوسٹ
مصنفہ:فاطمہ ستار

اس فلم کی کہانی تین خواتین کے گرد گھومتی ہے جو کسی نہ کسی طرح ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں ہمارے ملک میں لاکھوں خواتین اسی طرح کے حالات سے دوچار ہیں جو ان کرداروں کی صورت میں دکھائے گئے ہیں۔ میں یہ بات پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ان میں سے کوئی نہ کوئی کردار آپ کے اردگرد ضرور موجود ہو گا لیکن شاید کبھی آپ نے اس نظر سے ان کرداروں کا تجزیہ نہ کیا ہو۔ ہمارے معاشرے میں عام طور پر ان موضوعات پر یا تو دکھ اور ہمدردی کا اظہار کر لیا جاتا ہے یا پھر طنز اور بے ہودہ لطائف سے ان کو ایک مذاق بنا دیا جاتا ہے۔

کملی کی کہانی میں ایک عجیب سی کشش ہے جو دیکھنے والوں کو مسحور کر دیتی ہے اس میں محبت ہے، خودغرضی ہے، بے بسی ہے، دکھ ہے، مجبوری ہے جو ناظرین کے دلوں کے تار چھو لینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ فلم ایک لو سٹوری بھی ہے اور اس میں سسپینس بھی ہے۔ فلم میں ایک ڈائیلاگ تو کیا ایک لفظ بھی فالتو نہیں بلکہ اس فلم میں تو خاموشی بھی بات کرتی ہے۔ انسانی نفسیات میں دلچسپی رکھنے والے ناظرین کے لیے بھی یہ فلم کسی تحفے سے کم نہیں۔

سرمد سلطان کھوسٹ پاکستان ٹی وی اور فلم انڈسٹری کا ایک جانا پہچانا نام ہیں وہ انتہائی با صلاحیت ہدایت کار ہیں اور اس فلم کے ذریعے انہوں نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ اس فلم کے کچھ مناظر میں آپ کو سرمد کی آواز بھی سننے کو ملے گی۔ فلم کو دیکھ کر ان کی محنت لگن اور اس فلم سے محبت صاف محسوس کی جا سکتی ہے۔ ان کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم پاکستانی سینما میں ہمیشہ ایک منفرد مقام کی حامل رہے گی۔

فلم کی موسیقی بہت شاندار اور جاندار ہے شاعری، کمپوزیشن اور گائیکی کے ساتھ ساتھ گانوں کی عکس بندی بھی بہت اعلی ہے۔ فلم میں جس گانے میں بھی رقص دکھایا گیا ہے وہ فلم کے موضوع اور ماحول سے مطابقت رکھتا ہے۔

فلم میں بلاوجہ گلیمر دکھانے کی کوشش نہیں کی گئی بلکہ فلم کا ماحول، حقیقت کے قریب ترین رکھا گیا ہے۔ اداکاروں کا لباس، ان کا میک اپ اور رہن سہن سب کچھ کرداروں کے مطابق دکھایا گیا ہے۔ پاکستانی ثقافت کو بہت اچھے انداز میں دکھایا گیا ہے۔

فلم میں مرکزی کردار (حنا) صبا قمر نے نبھایا ہے، ایک ایسی لڑکی جو بہت معصوم اور خاموش طبع ہے سب کی سنتی ہے لیکن اپنے دل کی بات کسی سے نہیں کر سکتی۔ حنا ایک ایسا کردار ہے جو امر ہونے والا ہے اور اس میں صبا قمر نے انتہائی خوبصورتی سے رنگ بھرے ہیں۔ صبا کی شاندار اداکاری سے حنا کی بے رنگ زندگی میں بھی ہمیں قوس و قزح کے رنگ دکھائی دیتے ہیں۔

ثانیہ سعید پاکستان کی ایک انتہائی منجھی ہوئی اداکارہ ہیں اس فلم میں انہوں نے ایک بہت منفرد کردار ادا کیا ہے جس سے آپ کو محبت بھی ہوگی اور نفرت بھی اور یہ فلم دیکھنے کے بعد آپ سوچتے رہیں گے کہ اس کردار کو آپ اچھی یا بری کس درجہ بندی میں رکھنا پسند کریں گے۔

نمرہ بچہ ایک کمال کی اداکارہ ہیں جو نہ صرف پاکستان بلکہ برطانیہ اور امریکہ میں بھی کام کر رہی ہیں اس فلم میں انہوں نے اپنی بہترین اداکاری سے کردار میں جان ڈال دی ہے اور دیکھنے والوں کو یہ کردار کبھی نہیں بھولے گا۔

عمیر رانا پاکستانی ٹی وی کا ایک معتبر نام ہیں اس فلم میں اگرچہ ان کا کردار مختصر ہے مگر اتنے تھوڑے سے وقت میں بھی ان کا کردار فلم بینوں کے ذہنوں میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہا ہے اور یہ سچ میں ایک بہت ہی بہترین پرفارمنس رہی ہے۔

حمزہ خواجہ نے اداکاری کی دنیا میں پہلا قدم رکھنے کے باوجود اپنے کردار کو اچھے سے سمجھا ہے اور سکرین پر بہترین طریقے سے پیش کیا ہے۔

ہم اس فلم کو دیکھنے کے لیے بہت زیادہ پرجوش تھے اس لیے آڈیٹوریم میں سب سے پہلے پہنچنے والے ہم ہی تھے ایک لمحے کو ہم نے سوچا کہ یہ کیا؟ اتنی اچھی ٹیم کی بنائی گئی فلم دیکھنے کے لیے باذوق لوگ شہر میں موجود نہیں مگر پھر پتا چلا کہ ابھی فلم شروع ہونے میں دس منٹ باقی ہیں اور ان دس منٹوں میں لوگ قطار در قطار آتے چلے گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے ہال میں لوگوں کی ایک معقول تعداد جمع ہو گئی۔ ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ بہت سارے لوگ اپنی فیملیز کو لے کر آئے ہوئے تھے اس سے اندازہ ہوا کہ لوگ کملی کی ٹیم پر بھروسا کرتے ہیں۔

میرا ایک لمحے کو بھی سکرین سے نظریں ہٹانے کو دل نہیں کر رہا تھا لیکن چونکہ میں نے ریویو بھی لکھنا تھا تو لوگوں کا مشاہدہ کرنا بھی ضروری تھامیں نے دیکھا کہ دوران فلم سینما میں مکمل خاموشی طاری تھی اور لوگ اس فلم میں ڈوب کر اس فلم کا حصہ بن چکے تھے۔ میں نے اس فلم کی کہانی کو جان بوجھ کر زیادہ تفصیل میں بیان نہیں کیا تاکہ آپ اپنے دوستوں اور پیاروں کے ساتھ سینما جا کر خود اس فلم کا لطف اٹھائیں اور آپ کو یہ بھی بتاتا چلوں کہ کملی فلم اپنی ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں دو کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کر چکی ہے جو پاکستانی سینما کی تجدید نو میں ایک اہم اور مثبت قدم ہے تو انتظار کس بات کا ہے جائیے اور ایک بہترین فلم سے لطف اٹھائیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments