پاکستانی مینوفیکچررز اور ریٹیلرز کا ایمیزون کی جانب بڑھتا ہوا رجحان


 

مالیتی حجم اور آمدنی کے اعتبار سے ایمیزون (Amazon) دنیا کی سب سے بڑی آن لائن مارکیٹ ہے۔ تقریباً 11 کھرب 5 ارب ڈالرز مالیتی حجم رکھنے والی اس آن لائن مارکیٹ میں سال 2021 کے دوران تقریباً 4 کھرب 68 ارب ڈالرز کی مصنوعات فروخت ہوئیں جبکہ سال 2022 میں مارچ تک کے اعداد و شمار کے مطابق 1 کھرب 17 ارب ڈالرز کی مصنوعات فروخت ہو چکی ہیں (ماخذات: caknowledge۔ comاور marketplacepulse۔ com) ۔ ایمیزون کی گزشتہ سالوں میں اس غیرمعمولی کامیابی کی اصل وجہ کسی حد تک مبہم ہے لیکن عام خیال یہ ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران جب ہر کوئی لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے گھر تک محدود ہو کر رہ گیا تھا اس دوران اس آن لائن مارکیٹ نے کافی حد تک فروغ پایا۔

ایمیزون نے جب پاکستان کے لئے بھی اپنی مارکیٹ پلیس (Marketplace) آن لائن خرید فروخت کے لئے کھولی تو صرف ایک سال کے مختصر عرصے میں پاکستان سے ہزاروں کی تعداد میں مینو فیکچررز اور ریٹیلرز (Manufacturers & Retailers) ایمیزون مارکیٹ پلیس کا حصہ بنے جن کی تعداد بھارت، ویت نام، برطانیہ اور کینیڈا کے مینو فیکچررز اور ریٹیلرز سے بھی زیادہ ہے۔

ایمیزون نے مئی 2021 میں پاکستان کو اپنی مارکیٹ پلیس پر مصنوعات فروخت کرنے کے مجاز ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ایمیزون، وزارت تجارت اور نیشنل ای کامرس کونسل پاکستان کے مابین مذاکرات سال 2020 میں شروع ہوئے تاہم ایک سال بعد جاری ہونے والی پاکستان کی پہلی ای کامرس پالیسی میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ پاکستان کو ایمیزون کی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔

حالیہ تحقیق کے مطابق، پاکستان اس وقت نئے فروخت کنندگان (Sellers) کی لسٹ میں عددی اعتبار سے تیسرے نمبر پر موجود ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان دنیا کا وہ تیسرا ملک ہے جہاں سے سب سے زیادہ لوگ سال 2022 میں ایمیزون کا حصہ بنے۔ اس فہرست میں امریکہ پہلے جبکہ چین دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

کچھ عرصہ پہلے یہ صورتحال چین میں بھی پیدا ہوئی تھی جب چین سے بھی لاتعداد مینو فیکچررز اور ریٹیلرز نے ایمیزون پر اکاؤنٹس بنانا شروع کیے تھے لیکن ان سے بہت سی غلطیاں ہوئی تھیں جن کی وجہ سے جتنی تیزی سے ان کے اکاؤنٹس بنے تھے اتنی ہی تیزی سے ایمیزون نے ان کے اکاؤنٹس بند بھی کر دیے تھے۔ پاکستانی جو ایمیزون کا حصہ بن رہے ہیں انہیں بھی ان غلطیوں سے سیکھنے اور انہیں نہ دہرانے کی ضرورت ہے۔ ذیل میں ہم کچھ غلطیوں کے بارے میں جاننے کی کوشش کریں گے جو چینی مینو فیکچررز اور ریٹیلرز نے کی تھیں اور جن کی وجہ سے ان کے بے شمار اکاؤنٹس بند ہو گئے تھے۔

جعلی درجہ بندی اور تبصرے

مختلف مصنوعات خریدتے وقت آپ آن لائن ان مصنوعات کی درجہ بندی ( ریٹنگ ) اور صارفین کے تبصرے (Reviews) بھی دیکھتے ہیں تاکہ آپ کو اندازہ ہو سکے کہ آیا یہ مصنوعات اچھی بھی ہیں یا نہیں، اسے خریدنا چاہیے یا نہیں۔ چونکہ وہ چیز آپ کے سامنے اصل میں موجود نہیں ہوتی بلکہ آپ تصاویر یا ویڈیوز کے ذریعے ہی اسے دیکھ سکتے ہیں اور اس موقع پر اس کی درجہ بندی اور تبصرے آپ کو مصنوعات کا معیار جانچنے میں مدد دیتے ہیں۔ لیکن مصنوعات بیچنے کے لئے جعلی صارف بن کر جعلی ریٹنگز اور ریویوز بھی دیے جا سکتے ہیں، لیکن اگر یہ سلسلہ ایمیزون کی نظروں میں آ جائے تو آپ کا اکاؤنٹ فوراً بند کر دیا جاتا ہے۔

غیر معیاری مصنوعات

اگر آپ اپنی مصنوعات کو بیچتے ہیں اور اس کی تصاویر اور ویڈیوز میں جو معیار دکھاتے ہیں، اصل چیز اس کے برعکس غیر معیاری ہو اور صارفین آپ کے خلاف شکایت درج کروا دیں تو ایمیزون تحقیقات میں آپ کی مصنوعات غیر معیاری ثابت ہو جانے کی صورت میں آپ کا اکاؤنٹ بند کر دینے کا مجاز ہو گا۔

غیرمحفوظ مصنوعات

اگر آپ کوئی ایسی مصنوعات ایمیزون پر فروخت کرنے کی کوشش کریں جو کہ محفوظ نہیں ہیں بلکہ پالیسی کے مطابق غیر محفوظ ہیں تو بھی آپ کا اکاؤنٹ بند ہو جانا لازم ہے۔ مثال کے طور پر زہریلی اور کیڑے مار ادویات وغیرہ۔

ڈراپ شپنگ

ڈراپ شپنگ (Dropshipping) ریٹیل کی ضروریات پوری کرنے کا ایک ایسا طریقہ کار ہے جس میں کوئی فروخت کار (Seller) اپنی فروخت کرنے والی مصنوعات کو ذخیرہ نہیں کرتا۔ اس کی بجائے جب وہ ڈراپ شپنگ کا استعمال کر کے مصنوعات بیچتا ہے، تو وہ تیسرے فریق سے اس چیز کو خریدتا ہے اور اسے براہ راست گاہک کو بھیج دیا جاتا ہے۔ نتیجے کے طور پر بیچنے والے کو مصنوعات کو براہ راست سنبھالنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ مثال کے طور پر آپ نے موبائل کورز کی پوسٹ اپنے اکاؤنٹ سے لگائی جس پر تصاویر اور ویڈیوز کے علاوہ دیگر معلومات اور قیمت بھی درج ہے لیکن یہ موبائل کورز آپ کے پاس موجود نہیں ہیں بلکہ آپ آرڈر آ جانے کی صورت میں اوپن مارکیٹ یا کسی تھوک فروش (Wholesaler) سے خرید کر اپنے صارف کو بذریعہ ڈاک ارسال کریں گے۔

یہ طریقہ کار ڈراپ شپنگ کہلاتا ہے لیکن بعض اوقات ایسا ہو جاتا ہے کہ آرڈر آ جانے کے بعد آپ کو وہ مصنوعات دستیاب نہیں ہو پاتیں اور آپ کو آرڈر منسوخ کرنا پڑ جاتا ہے جس کی وجہ سے صارف کا وقت ضائع ہوتا ہے اور اگر اس صارف نے کریڈٹ کارڈ سے ان مصنوعات کی پیشگی ادائیگی بھی کر دی ہو تو مزید پیچیدگیاں بڑھ جاتی ہیں۔ اس صورت میں لامحالہ ایمیزون کی جانب سے تحقیقات کی جاتی ہیں اور نتیجتاً آپ کا اکاؤنٹ بند کر دیا جاتا ہے۔

انونٹری، پیکیجنگ اور لیبلنگ

اگر آپ اپنی مصنوعات ایمیزون کو بھجوانا چاہتے ہیں تاکہ وہ آپ کی مصنوعات کو اپنے گوداموں میں آپ کی مہیا کردہ انونٹری لسٹ (Inventory List) کے مطابق محفوظ کر لیں تو آپ کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنی مصنوعات کی پیکیجنگ (Packaging) ، لیبلنگ (Labelling) اور انونٹری باقاعدہ طور پر پالیسی کے مطابق بنائیں تاکہ آپ کو اپنے اکاؤنٹ اور ادائیگیوں کے حوالے سے کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس طریقہ کار میں یہ ہوتا ہے کہ جیسے ہی آپ کی مصنوعات کا آرڈر آتا ہے تو ایمیزون خود ہی آپ کی وہ چیز اپنے گودام سے نکال کر صارف کو بھیج دیتا ہے اور آپ اسے ذخیرہ کرنے کے جھنجھٹ سے بچ جاتے ہیں۔

پالیسی کی خلاف ورزی

ایمیزون اکاؤنٹ بناتے وقت آپ کو قواعد و ضوابط اور پالیسی کی تفصیلات مہیا کر کے یہ باور کروا دیتا ہے کہ اگر ان میں سے کسی چیز کی خلاف ورزی ہوئی تو اس کا نتیجہ آپ کا اکاؤنٹ بند ہونے کی صورت میں نکلے گا۔ ایمیزون کا ایک مکمل شعبہ اسی کام پر مامور ہے جو قواعد و ضوابط اور پالیسی کے مطابق خرید و فروخت کو یقینی بناتا ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں انتہائی قدم اٹھانے سے گریز نہیں کرتا۔

بہرحال ایک اندازے کے مطابق ایمیزون کے ذریعے پاکستانی مینو فیکچررز اور ریٹیلرز پاکستان کی برآمدات میں تقریباً 23 ارب ڈالرز کا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر کپڑے کی صنعت کی پیداوار اور ملبوسات کی تیاری پاکستان کی سب سے بڑی صنعتیں ہیں، تاہم اب تک اس دوڑ میں شامل ہونے والے پاکستانی فروخت کنندگان (Sellers) مذکورہ بالا ڈراپ شپنگ کی غلطی دہراتے نظر آ رہے ہیں لیکن اگر وہ بھی ابتدائی طور پر چینیوں کی طرح کامیاب ہو گئے تو دیگر مقامی صنعتی کاروبار بھی اس آن لائن مارکیٹ کا حصہ بننے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

محمد حسان، اسلام آباد

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

محمد حسان، اسلام آباد

محمد حسان گزشتہ 12 سالوں سے میڈیا اور پبلک ریلیشنز کنسلٹنٹ کے طور پر ملکی اور بین الاقوامی اداروں سے منسلک ہیں۔ انسانی حقوق، سیاسی، معاشی اور معاشرتی موضوعات پر لکھنے کا شغف رکھتے ہیں۔ آپ انہیں ٹویٹر اور فیس بک پر سرچ کر سکتے ہیں BlackZeroPK

muhammad-hassaan-islamabad has 12 posts and counting.See all posts by muhammad-hassaan-islamabad

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments