عبداللہ شفیق کی گال ٹیسٹ میں ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت پاکستان چار وکٹوں سے فاتح


عبداللہ شفیق کی دلیرانہ اور ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلا کرکٹ ٹیسٹ چار وکٹوں سے جیت لیا ہے۔

پاکستان نے 342 رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا اور عبداللہ شفیق 160 جبکہ محمد نواز 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،۔

یہ گال میں چوتھی اننگز میں حاصل کیا جانے والا سب سے بڑا اور پاکستان کی ٹیسٹ تاریخ میں چوتھی اننگز میں بنایا گیا دوسرا بڑا مجموعہ ہے۔

پاکستانی ٹیم نے پانچویں دن کھیل کا آغاز تین وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز سے کیا تھا اور آخری دن فتح کے لیے اسے 120 رنز درکار تھے جبکہ اس کے ہاتھ میں سات وکٹیں تھیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

منگل کو کھیل کے آخری لمحات میں کپتان بابر اعظم کی اہم وکٹ کھونے کے بعد عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کے کاندھوں پر ٹیم کو ہدف کے قریب تر لے جانے کی اہم ذمہ داری تھی اور ان دونوں نے آخری دن سکور میں مزید 54 رنز کا اضافہ کیا۔

ٹیم کا سکور جب 276 پر پہنچا تو محمد رضوان 40 رنز بنانے کے بعد جےسوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ رضوان کی جگہ آنے والے آغا رضوان جب لنچ سے قبل جےسوریا کی چوتھی وکٹ بنے تو پاکستان کو فتح کے لیے مزید 44 رنز درکار تھے۔

جے سوریا نے اس میچ میں مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کیں۔

بابر اعظم

پہلی اننگز میں سنچری کے بعد دوسری اننگز میں بابر اعظم نے نصف سنچری سکور کی

اس وکٹ نے سری لنکا کی اس میچ میں فتح کی امیدوں کو ایک بار پھر جگا دیا لیکن عبداللہ شفیق دوسرے اینڈ پر ڈٹے رہے اور انھوں نے اپنے ٹیسٹ کریئر کا بہترین سکور بناتے ہوئے ڈیڑھ سو رنز مکمل کر لیے۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ 303 رنز پر گری جب حسن علی کو ڈی سلوا نے کیچ کروا دیا۔ جب حسن علی آؤٹ ہوئے تو پاکستان کو فتح کے لیے 39 رنز درکار تھے۔

325 کے سکور پر سری لنکا کو عبداللہ کی اہم وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن کاسن رجیتھا نے ان کا آسان کیچ گرا دیا۔

جب پاکستان کا سکور 331 رنز پر پہنچا تو میچ بارش کی وجہ سے روک دیا گیا۔ جب میچ رکا تو عبداللہ شفیق 154 جبکہ محمد نواز 12 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

وقفے کے بعد میچ شروع ہوا تو پاکستانی بلے بازوں نے محتاط مگر پراعتماد انداز سے بلے بازی جاری رکھی اور ٹیم کو فتح دلوا دی۔

اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سری لنکن ٹیم 222 رنز ہی بنا سکی تھی۔ جواب میں پاکستان نے پہلی اننگز میں ٹاپ اور مڈل آرڈر کے ڈگمگانے کے بعد کپتان بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت 218 رنز بنائے۔

دوسری اننگز میں سری لنکا نے دنیش چندی مل، اوشاڈا فرنینڈو اور کشال مینڈس کی نصف سنچریوں کی بدولت 337 رنز بنا کر پاکستان کو فتح کے لیے گال کی سپن ہوتی پچ پر 342 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32544 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments