’ آئندہ سال خوراک کا ایسا بحران آ سکتا ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھا‘


عالمی ادارہ خوراک کے سربراہ ڈیوڈ بیزلے نے بدھ کی شام کیپیٹل ہل پر امریکہ کے اراکین کانگریس کو اس خطرے سے آگاہ کیا ہے کہ روس کی طرف سے یوکرین کی گندم کی ترسیل میں رکاوٹیں دنیا کو بہت بڑے بحران سے دوچار کر سکتی ہیں (اے ایف پی: فائل)
 

عالمی ادارہ خوراک کے سربراہ ڈیوڈ بیزلے نے بدھ کی شام کیپیٹل ہل پر امریکہ کے اراکین کانگریس سے گفتگو کرتے ہوئے اس خطرے سے آگاہ کیا ہے کہ اگر روس، یوکرین کی گندم کی برآمدات میں رکاوٹیں ختم نہیں کرتا اور اپنی کھاد دنیا کی مارکیٹ میں نہیں بھجواتا تو آئندہ سال دنیا بھر میں خوراک کی قلت ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسا بحران ہو گا جو ہم نے زندگی میں نہیں دیکھا۔

بیزلے نے یاد دلایا کہ سال 2008 میں جب عالمی سطح پر مہنگائی ہوئی تھی اور کھانے پینے کی اشیا کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا تھا، تو دنیا کے پچاس ممالک میں بدامنی پھیل گئی تھی اور مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔

’’ آج کی صورتحال کہیں زیادہ بدتر ہے۔ اور ہم پہلے ہی دنیا کے کئی ممالک میں پیدا ہوتا عدم استحکام دیکھ چکے ہیں۔ سری لنکا میں یہ سب ہوا ہے، مالی، چاڈ، برکینا فاسو میں ہم یہ عدم استحکام دیکھ چکے ہیں‘‘

بیزلے نے کہا کہ عدم استحکام اور بڑے پیمانے پر انسانی ہجرت کے ساتھ ساتھ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یوکرین پر روس کے حملے سے پہلے دنیا میں 276 ملین افراد کو غذائی قلت کا سامنا تھا جبکہ آج ایک اندازے کے مطابق 345 ملین افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 45 ممالک میں 50 ملین یعنی پانچ کروڑ افراد فاقہ کشی کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

بیزلے نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے لیے امریکی امداد کا خیر مقدم کیا جو اس مالی سال کےاندر چھ ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ باقی ممالک نے اس طرح آگے بڑھ کر کردار ادا نہیں کیا ہے۔

’’ جب ہم یہ بات کر رہے ہیں، چین نے تب تک تین ملین ڈالر دیے ہیں۔ خلیجی ریاستیں جنہیں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے فائدہ ہواہے، اور اس اضافے کے سبب خوراک کا بحران بھی پیدا ہوا ہے، ان کو بھی چاہیے کہ وہ اس طرح آگے بڑھیں کہ جس کی پہلے مثال نہ ملتی ہو‘‘

بدھ کے روز عالمی مارکیٹ میں فی بیرل تیل کی قیمت 107 ڈالر تھی۔ اس قیمت کے سبب خوراک کے نقل وحمل کی قیمتوں میں ڈرامائی اضافہ ہوا ہے۔

عالمی ادارہ خوراک کے سربراہ نے امریکی اراکین کانگریس کو بتایا کہ ان کا ادارہ جو پہلے ہی اپنے کام جاری رکھنے کے لیے مالی مشکلات کا سامنا کر رہا تھا، اب اسے بھی ہر ماہ رسد بھجوانے کی مد میں 74 ملین ڈالر اضافی دینا پڑ رہے ہیں۔

ورلڈ فوڈ پروگرام کے سربراہ نے امریکہ کی سینیٹ اور ہاوس کی خارجہ امور کمیٹی کے اراکین کو الگ سے بھی اسی دن بریفنگ دی جب یوکرین کی خاتون اول اولینا زیلنسکا نے امریکی اراکین کانگریس سے خطاب کیا اور ان کے ملک مزید ہتھیار بھجوانے کی اپیل کی تاکہ وہ روس کی جارحیت کے خلاف مزاحمت کر سکیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments