ملکہ الزبتھ دوم کا آخری سفر: ایڈنبرا سے ونڈزر کاسل تک


ملکہ الزبتھ دوم کا آخری سفر
PA Media
ملکہ الزبتھ کا تابوت 19 ستمبر کو تدفین سے قبل ایڈنبرا پہنچ چکا ہے۔ عوام کو ان کے آخری دیدار اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع پہلے سینٹ جائلز کیتھیڈرل اور پھر ویسٹ منسٹر ہال میں ملے گا جہاں ملکہ کی میت کو آخری رسومات سے قبل تقریباً چار روز کے لیے رکھا جائے گا۔

برطانیہ کے نئے بادشاہ شاہ چارلس سوم بھی اس دوران آئر لینڈ، سکاٹ لینڈ اور ویلز کا دورہ کریں گے۔

بارہ ستمبر

شاہ چارلس سوم دن کا آغاز لندن میں ویسٹ منسٹر ہال کے دورے سے کریں گے جہاں ہاؤس آف کامنز اور ہاؤس آف لارڈز سے خطاب کریں گے۔

کوئین کنسورٹ کمیلا کے ہمراہ شاہ چارلس سوم اس کے بعد ایڈنبرا جائیں گے جہاں وہ ملکہ کی میت کے پیچھے ایڈنبرا کے ہولی روڈ ہاؤس محل سے سینٹ جائلز کیتھیڈرل تک پیدل چلیں گے۔

شاہی میل کہلائے جانے والے راستے پر ملکہ کی میت کے اس سفر کو عوام بھی دیکھ سکتے ہیں۔

تین بجے ملکہ کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور پانچ بجے کے بعد عوام کو تابوت کا دیدار کرنے کی اجازت ملے گی جو اس مقام پر 24 گھنٹے تک موجود رہے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ آخری دیدار کے لیے قطار کا نظام بنایا جائے گا جس کی تفصیلات کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔ حکام نے تنبیہ کی ہے کہ آخری دیدار کے لیے آنے والوں کو کئی گھنٹوں تک قطار میں انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔

شاہ چارلس سوم بھی ہولی روڈ ہاؤس محل جائیں گے جہاں وہ سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن سے ملاقات کے بعد کوئین کنسورٹ کمیلا کے ہمراہ سکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کریں گے جس کے دوران اراکین پارلیمنٹ تعزیتی تحریک پیش کریں گے۔

شام میں شاہ چارلس سوم شاہی خاندان کے دیگر اراکین کے ہمراہ سینٹ جائلز کیتھیڈرل میں ہونے والی دعائیہ سروس میں شامل ہوں گے۔

تیرہ ستمبر

ملکہ کی میت سینٹ جائلز کیتھیڈرل سے ایڈنبرا ایئرپورٹ پہنچائی جائے گی اور ہوائی جہاز پر آر اے ایف نارتھولٹ لے جائی جائے گی۔ پرنسس رائل شہزادی این میت کے ہمراہ ہوں گی۔

ملکہ کی میت سات بجے لندن پہنچنے کی توقع ہے جس کے بعد اسے بکنگھم پیلس لے جایا جائے گا جہاں شاہ چارلس سوم اور کوئین کنسورٹ کمیلا بھی موجود ہوں گے۔

سینٹ جائلز کیتھیڈرل سے ایڈنبرا ایئرپورٹ تک میت کے سفر کے راستے کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا لیکن عوام اسے دیکھ سکیں گے۔

دن کی شروعات میں شاہ چارلس سوم اور کوئین کنسورٹ کمیلا بیلفاسٹ جائیں گے جہاں وہ شمالی آئرلینڈ کے سیکریٹری آف سٹیٹ کرس ہیٹن ہیرس اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملیں گے۔ مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد شاہ چارلس سوم اور کمیلا سینٹ این کیتھیڈرل میں دعائیہ تقریب میں شرکت کریں گے جس کے بعد وہ لندن لوٹ جائیں گے۔

ملکہ

ملکہ کی میت بکنگھم پیلس سے ویسٹ منسٹر کا سفر دو بجے شروع کرے گی جہاں اسے چار دن تک آخری دیدار کے لیے رکھا جائے گا۔

وسطی لندن میں میت کے سفر کو عوام بھی دیکھ سکیں گے جس کا سفر کوئینز گارڈنز، مال، ہارس گارڈز اور ہارس گارڈز آرچ، وائٹ ہال، پارلیمنٹ سٹریٹ، پارلیمنٹ سکوائر اور نیو پیلس یارڈ سے ہوتا ہوا اختتام پزیر ہو گا۔

لندن کے رائل پارکس میں آخری رسومات کی یہ تقریبات بڑی سکرینوں پر دکھائے جانے کا امکان ہے۔

ملکہ کی میت کو شاہی پرچم میں لپیٹا جائے گا جس پر شاہی تاج بھی رکھا جائے گا۔ ان کی میت کو کنگز ٹروپ رائل ہارس آرٹلری کی گن کیرج پر لے جایا جائے گا جس کے پیچھے شاہ چارلس اور شاہی خاندان کے دیگر افراد پیدل چلیں گے۔ یہ سفر تقریبا 38 منٹ طویل ہو گا۔

ویسٹ منسٹر ہال میں ملکہ کی میت کو ایک اونچے چبوترے پر رکھا جائے گا جس کے ہر کونے پر 24 گھنٹے شاہی خاندان کی حفاظت پر معمور یونٹس کے فوجی پہرہ دیں گے۔

کینٹبری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی ایک مختصر دعائیہ تقریب منعقد کروائیں گے جس میں شاہ چارلس سوم اور شاہی خاندان کے دیگر افراد شامل ہوں گے۔ اس تقریب کے بعد ہال کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

عوام پانچ بجے کے بعد ملکہ کو خراج عقیدت پیش کر سکیں گے۔ ویسٹ منسٹر ہال 19 ستمبر سوموار ساڑھے چھ بجے تک دن کے 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

شاہی خاندان کی چار نسلیں اور جانشینی کا نیا سلسلہ

ملکہ الزبتھ دوم کی موت: وہ لمحہ جب تاریخ رُک گئی

کمیلا، برطانیہ کی نئی کوئین کنسورٹ

عوام کو تنبیہ کی گئی ہے کہ اس دوران ان کو قطار میں طویل انتظار کرنا پڑ سکتا ہے اور رات بھی گزارنی پڑ سکتی ہے جس دوران بیٹھنے کا موقع نہیں ملے گا کیونکہ قطار مسلسل حرکت میں ہو گی۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے ہزاروں افراد اس 11ویں صدی کی عمارت میں، جو ویسٹ منسٹر پیلس کا قدیم ترین حصہ اور برطانوی حکومت کا دل سمجھی جاتی ہے، ملکہ کو خراج عقیدت پیش کر سکیں گے۔

انیس ستمبر

ملکہ کے آخری دیدار کی مدت ختم ہو جائے گی اور میت کو ایک جلوس کی شکل میں ویسٹ منسٹر ایبی منتقل کیا جائے گا۔

اس دوران شاہی خاندان، سینیئر برطانوی سیاست دان، سربراہان مملکت شریک ہوں گے۔

سرکاری جنازے کے بعد میت کو جلوس کی شکل میں ویسٹ منسٹر ایبی سے ولنگٹن آرک لے جایا جائے گا جہاں سے اسے ونڈزر کاسل منتقل کر دیا جائے گا۔

ونڈزر کاسل میں میت کو سینٹ جارج چیپل لے جایا جائے گا جہاں تدفین کی جائے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments