سرکاری تدفین کیا ہوتی ہے؟ کیا اس روز دکانیں بند ہوں گی؟


ملکہ ایلزبتھ کی وفات
ملکہ ایلزبتھ دوم کی تدفین کی تقریب پیر 19 ستمبر کو صبح 11 بجے ہو گی۔ یہ تقریب ویسٹ منسٹر ایبی میں منعقد کی جائے گی۔ ویسٹ منسٹر ایبی وہ تاریخی چرچ ہے جہاں برطانیہ کے بادشاہوں اور ملکاؤں کی تاج پوشی کی جاتی ہے۔

سرکاری تدفین کیا ہوتی ہے؟

ریاستی اعزاز کے ساتھ تدفین بادشا یا ملکہ کے لیے مخصوص ہے جس میں پروٹوکول کے سخت قواعد ہوتے ہیں۔ عام طور پر تدفین کے موقع پر فوجی ایک جلوس کی صورت میں میت کو ویسٹ منسٹر ہال تک لے کر جاتے ہیں جہاں میت کو لوگوں کے دیدار کے لیے رکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد ویسٹ منسٹر ایبی یا سینٹ پال کتھیڈرل میں دعائیہ تقریب ہوتی ہے۔

ریاستی تدفین بادشا یا ملکہ کے علاوہ بھی انتہائی اہم شخصیات کی ہو سکتی ہے لیکن ایسا بہت کم ہوتا ہے۔ اب تک بادشا یا ملکہ کے علاوہ جن لوگوں کو ریاستی تدفین دی گئی ہے ان میں سائنسدان سر آئزک نیوٹن، لارڈ نیلسن، ڈیوک آف ویلنگٹن اور لارڈ پامرسٹن شامل ہیں۔

برطانیہ کے سابق وزیر اعظم سر ونسٹن چرچل کی بھی 30 جنوری 1965 کو ریاستی تدفین کی گئی تھی۔ ملکہ ایلزبتھ دوم کے والد بادشا جارج ششم کی ریاستی اعزاز کے ساتھ تدفین 15فروری 1952 کو ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ رسمی تدفین بھی ہوتی ہے جس میں ریاستی تدفین کی کئی خصوصیات شامل ہوتی ہیں۔ سنہ 1997 میں شہزادی ڈیانا کی بھی رسمی تدفین ہوئی تھی۔ جبکہ سنہ 2013 میں برطانیہ کی سابق وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کی سینٹ پال کتھیڈرل میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ بھی رسمی تدفین ہوئی تھی۔

تدفین میں کون شرکت کرے گا؟

ابھی تک مہمانوں کی کوئی فہرست شائع نہیں کی گئی ہے۔ تاہم دنیا بھر سے رہنما اور شاہی شخصیات کی آمد متوقع ہے جو برطانوی شاہی خاندان کے غم میں شرکت کریں گے۔ وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر بائیڈن شرکت کریں گے۔ جبکہ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈہ آرڈن نے بھی کہا ہے کہ وہ برطانیہ آ رہی ہیں۔

ملکہ کو کہاں دفنایا جائے گا؟

ملکہ ایلزبتھ کی میت کی آخری منزل ونڈسر کاسل میں سینٹ جارج چیپل ہو گی۔ ان کے شوہر شہزادہ فلپ بھی یہیں دفن ہیں۔ جبکہ ملکہ ایلزبتھ کے والدین اور بہن شہزادی مارگریٹ کی آخری آرام گاہ بھی یہی چرچ ہے۔

لائنگ ان سٹیٹ کیا ہوتا ہے؟

پیر سے اگلے 24 گھنٹوں تک ملکہ کی میت ایڈنبرا میں سینٹ گائلز کتھیڈرل رکھی رہے گی۔ اس دوران عوام انھیں خراج عقیدت پیش کرنے وہاں جا سکتے ہیں۔ میت کا اس طرح لوگوں کے دیدار کے لیے رکھے جانے کو ‘لائنگ ان سٹیٹ’ کہتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ تدفین کی تقریب سے پہلے لوگوں کے دیدار کے لیے میت کو رکھا جانا۔

کیا سکول، دکانیں اور کاروبار بند رہیں گے؟

تدفین کے روز سکول متوقع طور پر بند رہیں گے۔ جبکہ زیادہ تر کاروبار اور دکانیں بھی بند رہیں گی جیسا کہ بینک ہولی ڈے میں ہوتا ہے۔ تاہم بینک ہولی ڈے والی چھٹی کا اطلاق خودبخود نہیں ہو گا۔ حکومت نے کہا ہے کہ وہ کمپنیوں کے مالکان سے کہہ رہی ہے کہ اگر ان کے ملازمین اس روز چھٹی کی درخواست کریں تو اس کا احترام کیا جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments