بابراعظم کا کور ڈرائیو نویں جماعت کے نصاب میں شامل

عبدالرشید شکور - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی


babar azam
پاکستان کے بابر اعظم حالیہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کوئی قابل ذکر اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکے لیکن وہ ایک ایسے بیٹسمین ہیں جو جب تک کریز پر رہتے ہیں شائقین ان کے بیٹ سے نکلنے والا ہر اسٹروک دیکھنے کے منتظر رہتے ہیں۔

یوں تو بابر اعظم تمام اسٹروکس کمال مہارت سے کھیلتے ہیں لیکن ان کے کور ڈرائیو کی بات ہی کچھ اور ہے ۔وہ جس خوبصورتی سے کور ڈرائیو کھیلتے ہیں اس میں طاقت سے زیادہ ان کی ٹائمنگ نمایاں ہوتی ہے جو دیکھنے والے کو اپنی جانب متوجہ کر لیتی ہے۔

بابر اعظم کا یہ کور ڈرائیو کرکٹ کے میدانوں میں ہونے والے تذکروں سے ہوتا ہوا اب نصاب کی کتاب میں بھی شامل ہوچکا ہے۔

پاکستان کے فیڈرل بورڈ نے نویں جماعت کی فزکس کے نصاب میں بابراعظم کے اس کور ڈرائیو کو فزکس کے فارمولے کے سوال کے ساتھ شامل کیا ہے۔

بابر اعظم کے اس کور ڈرائیو کے بارے میں نصاب میں کنیٹک انرجی کے فارمولے کے تحت سوال رکھا گیا ہے کہ اگر بابر اعظم یہ کور ڈرائیو کھیلتے ہیں تو گیند کس رفتار سے باؤنڈری کی طرف جائے گی؟ اور ایک فٹبالر کو کتنی کنیٹک انرجی درکار ہوگی کہ وہ فٹبال کو اسی رفتار سے حرکت دے؟

یہ بھی پڑھیئے

لیکن بابر اعظم سر اٹھا کے جیے۔۔۔

رنز نہ ہوں تو پریشان ہوجاتا ہوں: بابر اعظم

بابر اعظم ریکارڈز کی بلندیوں پر کیسے پہنچے

بابر کے کور ڈرائیو سے سیکھیں

اس وقت کرکٹ کے حلقوں میں یہ بحث عام ہے کہ عصرحاضر کے بیٹسمینوں میں کون سب سے اچھا کور ڈرائیو کھیلتا ہے۔ اس ضمن میں بابراعظم، وراٹ کوہلی، شائے ہوپ، کین ولیمسن اور جو روٹ کے نام لیے جاتے ہیں۔

babar azam

انگلینڈ کےسابق کپتان ناصر حسین بابر اعظم کی درست تیکنیک کے زبردست معترف دکھائی دیے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی بھی نوجوان کرکٹر کور ڈرائیو کے بارے میں سیکھنا چاہتا ہے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ بابراعظم کو کھیلتا ہوا دیکھے۔

ناصرحسین نے گزشتہ دنوں اپنے تبصرے میں کہا کہ وہ بھارتی شائقین سے معذرت چاہتے ہیں کہ وہ وراٹ کوہلی پر بابر اعظم کو ترجیح دے رہے ہیں کیونکہ بابر کچھ مختلف ہیں۔ کوہلی کا کلائی کا استعمال تیز ہے لیکن بابر روایتی انداز سے اسے خوب کھیلتے ہیں۔

پاکستان کے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف بھی بابراعظم کے بارے میں یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ رونالڈو اور لیونل میسی کی طرح کسی دوسرے سیارے کی مخلوق معلوم ہوتے ہیں۔

یہ بات سبھی کو یاد ہوگی کہ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے چند ماہ قبل ایک ٹوئٹ کیا تھا جو بہت ہی مختصر لیکن مکمل تھا ۔انہوں نے لکھا تھا بابر اعظم دی بیسٹ۔

کور ڈرائیو اور اس کے مشہور بیٹسمین

بیٹسمین یوں تو بیٹنگ کے دوران وکٹ کے ہر جانب کئی اسٹروکس کھیلتے ہیں لیکن کور ڈرائیو کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس میں بیٹسمین کی شان جھلکتی ہے۔

کور ڈرائیو ظاہر ہے کرکٹ کے میدان میں موجود کور پوزیشن کی طرف کھیلا جانے والا شاٹ ہے جس میں بیٹسمین اگلے قدموں پر درست ٹائمنگ کے ساتھ گیند کو کھیلتا ہے۔دیکھنے والوں کے لیے واقعی یہ ایک خوبصورت نظارہ ہوتا ہے۔

کور ڈرائیو کھیلنے والے بیٹسمینوں میں بابر اعظم سے پہلے پاکستان کے محمد یوسف اور سلیم ملک بہت مشہور رہے ہیں۔ ان کے علاوہ برائن لارا، سورو گنگولی، راہول ڈراوڈ، ڈیوڈ گاور، کمار سنگاکارا، ڈیمئن مارٹن اور سچن تندولکر یہ کور ڈرائیو مکمل مہارت سے کھیلا کرتے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments