مشورہ دینے اور لینے والے


آپ فیس بک پہ یا اصل زندگی میں کسی معاملے میں اپنے احباب سے مشورہ مانگ لیں تو جواب میں احباب مشوروں کی لائن لگا دیتے ہیں یہ دیکھے اور سمجھے بغیر کہ کون سا مشورہ کتنا کارآمد اور قابل قبول ہے۔

* اگر تو آپ مشورہ مانگنے والے ہیں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ جس شعبے سے متعلقہ مشورہ مانگ رہے ہیں، اس شعبے کے ماہرین کی رائے کو باقی سب پہ فوقیت دیں۔

مثلاً اگر آپ پراپرٹی سے متعلقہ مشورہ مانگ رہے ہیں تو پراپرٹی کا کام کرنے والوں کی بات کو اہم سمجھیں

اگر آپ انگلش لٹریچر کے متعلق مشورہ مانگ رہے ہیں تو انگلش لٹریچر کے کسی استاد یا سند یافتہ ماہر کے مشورے کو قبول کریں۔

اسی طرح اگر کسی بیماری یا دوائی کے متعلق مشورہ مانگ رہے ہیں تو کسی سند یافتہ ڈاکٹر کی کہی بات ہی قبول کریں۔

بہترین طریقہ تو یہ ہوتا ہے کہ مشورہ صرف کچھ لوگوں سے لیا جائے، سب سے لیا ہی نہ جائے۔ سب سے مشورہ لینا اپنے معاملے کو پیچیدہ کرنے والی بات ہوتی ہے۔ پھر بھی اگر آپ زیادہ لوگوں سے مشورہ لینا چاہیں تو متعلقہ ماہرین کی رائے کو باقی سب غیر متعلقہ افراد کے مشوروں پہ فوقیت دیں، یہی آپ کے لیے بہتر ہے۔ ورنہ ہر رنگ برنگے مشورے کو اہمیت دے کر آپ خود بھی لازمی طور پہ کنفیوز ہو جائیں گے اور اپنے معاملات کو بھی بگاڑ لیں گے۔

* اور اگر آپ مشورہ دینے والے ہیں تو یاد رکھیں

مشورہ امانت ہوتا ہے۔ کسی کو کوئی بھی مشورہ دیتے وقت پوری دیانت داری کا مظاہرہ کیا کریں اور صرف وہ مشورہ دیں جو واقعی اس کے لیے فائدے کا باعث بن سکتا ہو۔ صرف سنی سنائی بات کو مشورہ بنا کر آگے نہ پہنچایا کریں، ایسا مشورہ دینا بددیانتی اور ظلم ہے۔

یاد رکھیں ہر بات پہ آپ کا مشورہ دینا ضروری نہیں ہوتا، اگر آپ واقعی متعلقہ شے میں مہارت رکھتے ہیں تو اپنی رائے دیجیے ورنہ آسان حل یہ ہے کہ دعا دے کر آگے بڑھ جائیے۔

رنگ برنگے مشورے دے کر دوسروں کے لیے پریشانی اور الجھن کا باعث مت بنیے۔

آپ اگر دوسروں میں آسانی نہیں بانٹ سکتے تو آسانی بانٹنے کا ڈھونگ بھی مت کیجیے۔ ایسا ڈھونگ آپ کو تو شاید بھلا لگے لیکن یہ دوسروں کی الجھنوں میں اضافہ کر دے گا۔ متعلقہ معاملے میں اہلیت نہ ہونے کی وجہ سے مشورہ دینے سے معذرت کر لینے پہ آپ کی اہمیت اور قدر کم نہیں ہو گی بلکہ بڑھ جائے گی کیونکہ یہی دیانت داری ہے۔ اور جب آپ اپنی اصل اہلیت والے معاملے پہ مشورہ دیں گے تو آپ کی اسی دیانت داری کی وجہ سے آپ کی رائے کو باقی سب پہ فوقیت دی جائے گی۔

اللہ سب کو آسانیاں دینے اور لینے کی توفیق عطا فرمائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments