اسد رؤف: سابق آئی سی سی امپائر دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے


بین الاقوامی کرکٹ میں آئی سی سی کے پینل پر ایلیٹ امپائر کی حیثیت سے برسوں اپنی خدمات سرانجام دینے والے پاکستان کے سابق امپائر اسد رؤف وفات پا گئے ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق 66 سال کے اسد رؤف کو دل کا دورہ پڑا اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔

انھوں نے 1977 سے 1991 کے درمیان پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ میں نیشنل بینک آف پاکستان اور پاکستان ریلوے کی نمائندگی کی۔

اسد رؤف نے سنہ 1997 میں امپائر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دینے شروع کیے۔ وہ سنہ 2006 سے 2013 تک آئی سی سی کے ایلیٹ امپائر پینل کے رکن تھے۔

اسد رؤف گذشتہ 30 سال سے کرکٹ کے علاوہ لاہور کے لنڈا بازار میں استعمال شدہ کپڑوں اور کراکری کا کاروبار کر رہے تھے۔

کچھ عرصے قبل اپنے چند انٹرویوز میں انھوں نے بتایا تھا کہ ’میں نے زندگی میں وہ کام کیے جو میرے خاندان میں کبھی کسی نے نہیں کیے۔ میں نے 17 سال فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔ انگلینڈ میں پروفیشنل لیگ کھیلی، کسی نے لنڈے کا کام نہیں کیا لیکن میں نے کیا، میں30 سال سے یہ کام کر رہا ہوں اگر امپائرنگ نہ کرتا تو یہی کام کرتا۔‘

انھوں نے اپنے کرئیر میں پانچ ورلڈ کپ، پانچ آئی پی ایل، 49 ٹیسٹ میچز، 139 ون ڈے اور 28 کے قریب ٹی 20 میچوں میں امپائرنگ کی۔

اپنے کرئیر کے دوران اسد رؤف مخلتف تنازعات میں گھرے رہے۔ سنہ 2013 میں آئی پی ایل میں مبینہ طور پر سپاٹ فکسنگ کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔ انڈین کرکٹ بورڈ نے تین سال بعد ان پر پانچ سال کے لیے پابندی عائد کر دی۔

سنہ 2012 میں ان کی ممبئی کی ایک ماڈل کے ساتھ بھی چند تصاویر وائرل ہوئی تھیں اور ماڈل نے ان پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے مگر اسد رؤف ہمیشہ ان الزامات کی تردید کرتے رہے۔

کچھ عرصہ قبل پاکستان کے مقامی میڈیا کو دیے گئے انٹرویوز میں ان کا کہنا تھا انھیں انڈیا بلایا تو جاتا تھا لیکن نہ وکیل کی خدمات لینے دی جاتی تھیں نہ ہی ان کی سکیورٹی اور رہائش کا بندوبست کیا جاتا تھا۔‘

اسد رؤف کا کہنا تھا کہ ان پر پابندی انٹرنیشنل کرکٹ کی جانب سے نہیں بلکہ آئی پی ایل کی جانب سے لگائی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

وقار حسن ، کرکٹ کی باوقار شخصیت

سرخ نوٹ بک والے متحرک پروفیسر ڈینو

شین وارن کی موت طبعی تھی، تھائی لینڈ پولیس کی تصدیق

آئی پی ایل سیزن کے ختم ہونے سے پہلے ہی اسد رؤف انڈیا سے واپس آ گئے تھے اور اس صورتحال کی وجہ سے انھیں چیمپیئنز ٹرافی کی امپائر لسٹ سے بھی نکال دیا گیا۔

اس کے بعد انھیں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل سے بھی نکال دیا گیا تاہم آئی سی سی نے یہ واضح کیا تھا کہ ان کا نام نکالے جانے کی وجہ یہ نہیں کہ ان کے خلاف تحقیقات ہو رہی تھیں۔

حالیہ عرصے میں وہ ایک بار پھر اس وقت خبروں میں آئے جب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاہور کے لنڈا بازار میں ان کی استعمال شدہ چیزوں کی دکان کی ویڈیو وائرل ہوئی۔

لنڈا بازار میں استعمال شدہ چیزوں کے کاروبار کے حوالے سے اپنے انٹرویوز میں ان کا کہنا تھا کہ ’لوگ سمجھتے ہیں اسد رؤف غربت کے حالات میں آ گیا ہے، اس لیے یہ کام کر رہا ہے ایسی کوئی بات نہیں اللہ کا بڑا شکر ہے۔ یہ کام تو میں کرکٹ سے بھی پہلے سے کر رہا تھا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32488 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments