بہو اور داماد



چلیے پہلے بات کر لیتے ہیں بہو کی، یہ رشتہ گو کہ برسوں سے بڑا متنازعہ رہا ہے مگر تمام خواتین اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ اس رشتے کی موجودگی نے آپ کی ساری فکرات اور ذمہ داریاں اپنے سر نہیں لے لی ہیں۔ آپ کے بیٹے کو سنبھالنا کوئی آسان کام ہے کیا۔ اس کی بہت سی بری عادتوں سے سمجھوتہ کر لینا یا اپنی سمجھداری اور بے پایاں محبت سے ان سے چھٹکارا دلا دینا کوئی آسان کام تھا۔ یہ ہی بیٹا جو آپ سے جھنجھلا کر بات کیا کرتا تھا۔

زرا سی بات پر تیوری چڑھا لیتا تھا اب اس میں واضح کمی آ گئی ہے۔ مزاج میں ٹھہراؤ آ گیا ہے، سب سے بڑی بات کہ آپ اس کی فکر سے آزاد ہیں۔ اسے گھر آنے میں دیر ہو یا چوٹ لگے، بد ہضمی ہو، یا بخار آئے، سب بہو کی فکر وہی جاگ جاگ کر اس کی سیوا کر رہی ہے۔ آفس جاتے ہوئے وہی اس کے لیے ناشتہ اور واپسی کے لیے اس کا من پسند کھا نا تیار کرتی ہے۔

بچے ہونے کے بعد آپ کا بیٹا مزید مصروف اور خوش رہنے لگا ہے۔ یہ سب کس کی وجہ سے ہے آپ کی بہو کی وجہ سے، یہ کوئی کم بڑی بات نہیں زیادہ کی توقع رکھنا، یہ سوچنا کہ وہ آپ، آپ کے شوہر آپ کے دوسرے بچوں کی بھی خدمت کرے تو یہ سراسر زیادتی ہے۔

اب آتے ہیں داماد کی طرف۔

آپ کی بیٹی جب سے وداع ہو کر گئی ہے آپ اس کی دوری کو محسوس کر نے کی وجہ سے بھول گئی ہیں کہ وہ کیسی طوفان میل ہوا کرتی تھی۔ کیا آپ کو یاد نہیں کہ وہ کالج، پارٹی، آفس یا شاپنگ سے آ کر کس طرح تنک مزاجی دکھاتی تھی۔ نہ کوئی سونے کا وقت نہ جاگنے کا۔ رات کو آپ اسے سونے کے لیے کتنی بار ہی کہیں لیکن آپ کو کیا ہے سو جاؤں گی نہ، آپ سو جائیں بس تنگ نہ کریں۔ والا جواب ہوا کرتا تھا۔ ہر وقت کوئی نہ کوئی فرمائش اور لبوں پر شکوہ، بلا کی موڈی، کام کو موڈ ہوا تو جن بن گئی اور موڈ نہیں تو دو دو دن بستر پر پڑی ہے۔

سبزی سے چڑ، باہر کے کھا نے مرغوب، الٹے سیدھے کپڑے پہن کر فیشن کہہ دینا۔ ددھیال والے ہوں یا ننھیال والے جس کسی کی بات مزاج کے خلاف ہوئی تنک کر جواب دے دیا۔ جب آپ نے سرزنش کی تو پھٹ سے کہہ دیا سچ ہی تو کہا تھا، آپ ہی برداشت کریں ہم سے مروت نہیں ہوتی۔ وہ ہمارے ذاتی معاملات میں کیوں بولتے ہیں کیا ہم ان کے معاملات میں دخل دیتے ہیں۔

سسرال جا نے کے بعد کیسی سگھڑ اور مزاج میں ٹھہراؤ آ گیا ہے۔ داماد کے دھیمے مزاج، محبت اور اعتماد نے اس کی شخصیت کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ اب اگر آپ یہ چاہیں کہ داماد کی صورت آپ کو کل وقتی ڈرائیور، ملازم یا پلمبر مل گیا ہے، تو یہ آپ کی زیادتی ہے۔

بہو ہو یا داماد یہ بڑے پیارے ہیں انہوں نے آپ کی بہت بڑی ذمہ داری کو اپنے کندھے پر لے لیا ہے۔ انہیں عزت اور حقیقی پیار دیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments