کیچ آؤٹ پر نو کراسنگ اور ’منکڈ‘ اب عام رن آؤٹ: آئی سی سی کے سات نئے قوانین کون سے ہیں؟


انگلینڈ
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھیل کے ضوابط میں تبدیلیاں کرتے ہوئے سات نئے قوانین متعارف کروا دیے ہیں۔

ان قوانین کا اعلان منگل کو آئی سی سی نے اپنی ویب سائٹ پر کیا اور یہ تمام قوانین جو یکم اکتوبر 2022 سے انٹرنیشنل کرکٹ میں نافذالعمل ہوں گے یعنی آئندہ ماہ آسٹریلیا میں کھیلا جانے والا ٹی 20 ورلڈ کپ انھی نئے اور تبدیل شدہ قوانین کے تحت کھیلا جائے گا۔

آئیے جانتے ہیں کہ آئی سی سی کے یہ نئے قوانین کیا ہیں۔

کیچ آؤٹ پر نو کراسنگ

اس قانون کے تحت اب اگر کوئی بلے باز کیچ آؤٹ ہوتا ہے تو اس کی جگہ آنے والے نیا بلے باز ہی اگلی گیند کا سامنا کرے گا۔

ماضی میں اگر کیچ لیے جانے سے قبل دونوں بلے باز ایک دوسرے کو کراس کر لیتے تو اگلی گیند پر نیا بلے باز نان سٹرائیکنگ اینڈ پر کھڑا ہوتا تھا اور کراس کرنے والے بلے باز کو گیند کھیلنے کا موقع مل جاتا تھا۔

انڈیا

گیند چمکانے کے لیے لعابِ دہن کا استعمال

کورونا کی وبا کے دوران آئی سی سی نے بولرز اور فیلڈرز کو گیند چمکانے کے لیے لعابِ دہن کے استعمال سے روک دیا تھا اور اب اس پابندی کو مستقل طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق اس پابندی کے نفاذ کے بعد کھلاڑی گیند چمکانے کے لیے پسینہ استعمال کرتے رہے جو کہ ایک موثر طریقہ ثابت ہوا ہے۔

نئے کھلاڑی کی میدان میں آمد کے لیے مقررہ وقت میں کمی

آئی سی سی نے نئے آنے والے بلے باز کے میدان میں آنے کے لیے معین وقت تین منٹ سے کم کر کے دو منٹ کر دیا ہے یعنی اب ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میچ میں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کی جگہ نئے کھلاڑی کو دو منٹ کے اندر کریز پر پہنچنا ہو گا تاہم ٹی 20 کرکٹ میں یہ وقت پہلے کی طرح ڈیڑھ منٹ کا ہی ہو گا۔

اگر نیا بلے باز اس دورانیے میں کریز پر نہیں پہنچتا تو فیلڈنگ ٹیم کا کپتان ‘ٹائم آؤٹ’ کے قانون کے تحت اسے آؤٹ کرنے کا مجاز ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’زیادہ خوشی پاکستان کا نام آنے کی ہے‘: محمد رضوان آئی سی سی ٹی 20 ’کرکٹر آف دی ایئر‘

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ انڈیا کے لیے ایک ڈراؤنا خواب کیوں ثابت ہوا؟

صائم ایوب کا سعید انور سے موازنہ: ’دادا دیکھنا یہ لڑکا بڑا پلیئر بنے گا‘

شان مسعود یہ بوجھ کس حد تک اٹھا پائیں گے؟

گیند کھیلنی ہے تو پچ پر رہنا ہو گا

نئے قانون کے تحت اب بلے باز کے لیے ضروری ہے کہ گیند کھیلتے ہوئے (چاہے وہ پچ پر گرے یا اس سے باہر) اس کے بلے یا جسم کا کچھ حصہ لازماً کرکٹ پچ پر ہی رہے۔

اگر بلے باز پچ سے باہر جا کر شاٹ کھیلے گا تو اس گیند کو ڈیڈ بال قرار دیا جائے گا جبکہ پچ سے باہر گرنے والی گیند نو بال قرار دی جائے گی۔

فیلڈنگ ٹیم کی غیر ضروری حرکت پر پنلٹی

نئے قانون کے تحت جب بولر گیند کروانے کے لیے دوڑنا شروع کر دے، اس کے بعد فیلڈرز کی جانب سے غیر ضروری طور پر یا جان بوجھ کر حرکت کرنے پر امپائر بیٹنگ ٹیم کو پانچ اضافی رنز دے گا جبکہ اس گیند کو بھی ڈیڈ بال قرار دیا جائے گا۔

بولر

’منکڈ‘ اب باقاعدہ رن آؤٹ

بولر کی جانب سے نان سٹرائیکر اینڈ پر کھڑے بلے باز کو گیند پھینکنے سے قبل رن آؤٹ کرنا اب باقاعدہ رن آؤٹ مانا جائے گا۔ اس سے قبل یہ قانون 'منکڈ' کہلاتا تھا تاہم آئی سی سی نے اب اسے عام رن آؤٹ کے زمرے میں شامل کر دیا ہے۔

گیند پھینکنے سے قبل سٹرائیکر بلے باز کے رن آؤٹ کی کوشش

نئے قواعد و ضوابط کے مطابق بولر اگر اب گیند کروانے سے پہلے بیٹنگ کریز سے باہر نکلنے والے بلے باز کو رن آؤٹ کرنے کی کوشش کرے گا تو اسے ڈیڈ بال سمجھا جائے گا۔

اس کے علاوہ آئی سی سی کے مطابق ٹی20 کرکٹ میں سلو اوور ریٹ پر دائرے سے باہر فیلڈرز کی تعداد کم کرنے کے قانون کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ 2023 کے مکمل ہونے کے بعد ون ڈے کرکٹ میں بھی نافذ کیا جائے گا۔

خیال رہے یہ قانون ٹی20 فارمیٹ میں پہلے سے ہی نافذ العمل ہے اور حال ہی میں ایشیا کپ میں پاکستان کو انڈیا کے خلاف میچ میں اس قانون کے تحت آخری دو اوورز میں دائرے کے اندر چار کی جگہ پانچ کھلاڑی لانے پڑے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments