سائیڈ افیکٹس!


میں نے دیکھا ہے کہ اکثر لوگ جب فارمیسی میں فارماسسٹ کے پاس آتے ہیں تو معمولی سی گولی کے بھی سائیڈ افیکٹس یعنی آسان بھاشا میں غلط اثرات یا ٹھیک کرنے والے اثرات کے ساتھ ساتھ خراب اثرات کیا ہوں گے ؟ یہ ضرور پوچھتے ہیں، سوال کرتے ہیں۔ جو ان کا سو فیصد حق ہے، اور فارماسسٹ کا حق ہے کہ لازم ان کو ہر دوائی کے سائیڈ افیکٹس بتائے۔ کھانے کی ترتیب بتائے اور دوائی سے متعلق تمام معلومات و جانکاری مریض کو دیں۔ یہی فارماسسٹ کی اصل ذمہ داری بھی ہے کہ وہ دوائیوں کی تمام معلومات رکھتا ہو۔

لیکن میں اکثر مریضوں سے سائیڈ افیکٹس کے سوال پر ایک سوال و وضاحت ضرور مانگتا ہوں کہ چلو دوائی کے سائیڈ افیکٹس تو میں نے بتا دیے اب آپ بتائیے کہ روزانہ دن میں جو درجن بار آپ بقالہ یعنی جنرل سٹور پر جاتے ہیں، وہاں سے وہ کالی ڈرنک پیپسی، کوک، یا انرجی بوسٹرز یا کوئی بھی کولڈ ڈرنک لینے کے بعد ان کے سائیڈ افیکٹس پوچھتے ہیں؟ وہاں سے خریدے ہوئے ری سائکل شدہ خراب گھی تیل میں تلے پاپڑ یا کسی دوسری چیز کے سائیڈ افیکٹس کا پوچھتے ہیں؟

بازار میں جو روزانہ آپ دو نمبر ری سائیکلڈ گھی و تیل میں تلے سموسے، پکوڑے، وڈے ٹھونستے ہیں، ان کے سائیڈ افیکٹس کا کبھی ریڑھی چھابڑی یا ریسٹورانٹ والے سے پوچھتے ہیں؟ گول گپے و پانی پوری کے ساتھ جو گندا نمکین پانی ہاتھ ناخنوں کے میل سمیت آپ نوش فرماتے ہیں کبھی اس کے سائیڈ افیکٹس کا پوچھتے ہیں؟

جلیبی، مٹھائی رس گلے میں جو مٹھاس و زہریلا شوگر آپ کو کھلایا جاتا ہے کیا کبھی اس کے سائیڈ افیکٹس کا پوچھتے ہیں؟ دن میں دو تین ڈبی سگرٹ ایسے پیتے ہیں جیسے آنے والے کل نے آنا ہی نہیں آج کا دن آخری ہے، ان کو کھینچتے وقت سائیڈ افیکٹس کا پوچھتے ہیں۔ نسوار کی گندھی تھوک معدے میں اتارتے وقت کبھی خیال نہیں آتا؟ شیشے چرس و گانجے کھینچتے اور اپنی رگوں میں نکوٹین، افیم و دوسری زہریلی چیزیں انڈیلتے کبھی سائیڈ افیکٹس پوچھنے یا سوچنے کی نوبت آتی ہے؟

یا صرف آپ کا سائیڈ افیکٹس والا نزلہ اس وقت گرتا جب میں آپ کو پیناڈول یا گلے کی خراش کے لئے سٹرپ سیلز دیتا ہوں؟ بلاشبہ آپ پوچھیں آپ کا حق ہے، لیکن جاگ جائیں۔ فارمیسی میں آپ تب آتے ہیں جب ان تمام مذکورہ چیزوں کے سائیڈ افیکٹس آپ میں نمودار ہوتے ہیں۔ ہم پہلے سے سائیڈ افیکٹس سے افیکٹڈ انسان کو بڑے سائیڈ افیکٹس والی کوئی چیز نہیں دیتے، تب تک جب تک ہمیں معلوم نہ ہو کہ اس دوائی کا نقصان کے بجائے مریض کو فائدہ ہو گا، معمولی سائیڈ افیکٹس ہوں گے لیکن مرتے ہوئے مریض کو کم از کم ہم بچا لیں گے!

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments