الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسان بحالی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا


الخدمت فاؤنڈیشن نے تونسہ میں 100 سیلاب متاثرہ کسانوں میں بیج، کھاد، زرعی ادویات اور اسپرے تقسیم کیا، الخدمت پہلے مرحلے میں 40 کروڑ روپے سے 5 ہزار سیلاب متاثرہ کسانوں کو اس پراجیکٹ کا حصہ بنائے گی۔ کسان بحالی پراجیکٹ انفرادی طور پر کسان کو بھوک اور افلاس سے بچانے کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر غذائی قلت پر قابو پانے کی کاوش ہے: محمد عبدالشکور، صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان

لاہور ( ) الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسان بحالی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا۔ کسان بحالی پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب تونسہ شریف ضلع ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوئی، جس میں سیلاب سے متاثرہ 100 کسانوں میں بیج، کھاد، اسپرے اور زرعی ادویات تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور، الخدمت فاؤنڈیشن جنوبی پنجاب کے سیکرٹری احمد عمار یاسر، الخدمت فاؤنڈیشن تونسہ شریف کے صدر رشید اطہر اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر محمد عبدالشکور نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جہاں دیہی علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر بری طرح تباہ ہوا، وہیں لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہونے کے باعث چھوٹے زمیندار بری طرح متاثر ہوئے۔

الخدمت فاؤنڈیشن سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد بحالی و تعمیر نو کے کام کا آغاز کر چکی ہے۔ بحالی و تعمیر نو کے دیگر پراجیکٹس کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ چھوٹے کسانوں کے لئے کسان بحالی پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت سیلاب سے متاثرہ ایسے کسانوں کو بیج، کھادیں، اسپرے اور زرعی ادویات فراہم کی جا رہی ہیں جن کی زمین 5 ایکڑ یا اس سے کم ہے۔ پہلے مرحلے میں 40 کروڑ روپے سے 5 ہزار کسانوں کو یہ پیکج فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ پروگرام جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لئے شروع کیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں سے پانی اترنے کے ساتھ ساتھ مزید علاقوں میں پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

محمد عبد الشکور نے کہا کہ کسان بحالی پراجیکٹ کے ذریعے ہم انفرادی طور پر کسان اور اس کے خاندان کا دست و بازو بن کر انہیں بھوک اور افلاس سے بچانے کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر غذائی قلت پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے الخدمت نے پروفیشنل زرعی اداروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔ الخدمت کی مقامی ٹیمیں اور زرعی کمپنیاں سیلاب متاثرہ علاقوں میں سروے کے بعد کسانوں اور زمین کا تعین کر رہی ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں 25 سے 100 کسانوں پر مشتمل ایک کلسٹر بنایا گیا ہے۔

ان کسانوں کی تربیت اور راہنمائی منتخب کردہ زرعی کمپنی کی ذمہ داری ہوگی۔ زرعی کمپنی کی ٹیم بیج کی بوائی سے فصل کی کٹائی تک کے تمام مراحل میں کسانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی۔ صدر الخدمت نے کہا کہ چھوٹے زمیندار وسائل نہ ہونے کے باعث کاشت کاری کے لیے روایتی طریقہ کار اپناتے ہیں جس کی وجہ سے فی ایکڑ پیداوار کم ہوتی ہے۔ الخدمت کسان بحالی پراجیکٹ کے ذریعے کسانوں کو کاشتکاری کی نئی تکنیک سے متعارف کرواتے ہوئے زمین کی زرخیزی، فصل کی نشوونما اور پیداوار میں اضافہ کے لیے تربیت دے گی۔

اس موقع پر کسانوں نے الخدمت کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ بہترین بیج اور کھاد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مناسب رہنمائی سے گندم کی آئندہ فصل میں بہترین پیداوار کا حصول ممکن ہو گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments