عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر سامنے آ گئی، دیے گئے نام غائب


وزیر آباد میں عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کی ایف آئی آر سامنے آ گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر تھانہ سٹی وزیر آباد کے سب انسپکٹر عامر شہزاد کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔ اس کے مندرجات مندرجہ ذیل ہیں

نام و سکونت اطلاع دہندہ مستغیث: عامر شہزاد سب انسپکٹر

بکار سرکار معروض ہوں کہ مورخہ 3.11.2022 من سب انسپکٹر/ایس ایچ او معه راشد، مجاهد على ، بلال منظور، زبیر، تنزيل الرحمن و دیگر ملازمان پولیس بسلسلہ سپیشل ڈیوٹی آزادی لانگ مارچ بالمقابل دفتر 1122 وزیر آباد نزد الله والا چوک وزیر آباد پر موجود تھے کہ زیر قیادت پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کنٹینر همراه دیگر قائدین و عہدیدران پی ٹی آئی کنٹینر پر سوار اور کارکن ہاۓ و عوام الناس پیدل اور گاڑیوں پر سوار جلوس کی شکل میں مولانا ظفر علی خاں چوک سے اللہ والا چوک کی جانب وزیر آباد آرہے تھے

جب بالمقابل ریسکیو 1122 دفتر وزیر آباد بوقت قریب 4 بجے شام پہنچے تو کنٹینر کی بائیں جانب سے ایک نامعلوم شخص جس کا نام بعد میں نوید ولد بشیر قوم مہر سکنہ سوہدرہ ضلع وزیر آباد معلوم ہوا، نے پسٹل سے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں جلوس میں شامل معظم ولد نواز سکنہ بھروکی چیمہ حال مقیم سپال کالونی وزیر آباد فائر گلنے سے دم توڑ گیا۔

اس دوران کنٹینر پر سوار چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، 2 محمد احمد چٹھہ، 3 حمزه الطاف، 4 فیصل جاوید، 5 میاں اظہر حسین، 6 عمران یوسف، 7 راشد محمود، 8 محمد لیاقت، 9 زاہد حسین، 10 عمر فاروق، 11 اریب حسن اور کچھ نامعلوم زخمی ہو گئے۔

جلوس میں شامل ایک کارکن جس کا نام بعد میں حسن ابتسام معلوم ہوا، نے موقع پر فائرنگ کرنے والے شخص کو پکڑنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے ملزم مزید فائرنگ نہ کر سکا۔ بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بعد از طبی امداد لاہور روانہ ہو گے جب کہ یہ مضروبان و نعش ازان معظم بذریعہ ریسکیو 1122 سول ہسپتال وزیر آباد بغرض علاج معالجہ و حصول نتیجه جات ڈاکٹری و پوسٹمار بھجوائے گئے۔

ڈیوٹی آفیسر سلمان ارشد سب انسپکٹر کو بذریعہ فون ریٹ درج روزنامچہ کروا کر بغرض حصول نتیجہ ڈاکٹری و نعش پوسٹمارم ازان معظم مقتول سول ہسپتال وزیر آباد روانہ ہونے کی ہدایت کی گئی جس پر سلمان ارشد سب انسپکٹر تھانہ سٹی وزیر آباد نے نعش ازان مقتول معظم کا پوسٹمارٹم کروا کر رپورٹ نمبر 66/22 اور نتیجہ جات ڈاکٹری مضروبان حاصل کیے۔

وقوعہ انتہائی سنگین نوعیت کا ہے جس کی وجہ سے عوام الناس میں خوف و ہراس اور بے چینی پھیلی ہوئی ہے اور وقوعہ کی نوعیت سنگین و دہشت گردی کی ہے لہذا حالات و واقعات سر دست صورت جرم 302/324/440 ت پ 7 اے ٹی اے پائی جاتی ہے لہذا رپورٹ ابتدائی اطلاقی بجرم مذکور مرتب ہوئی۔ نقل ایف آئی آر معه دیگر کاغذات ببراد تفتیش بدست شہزاد حسین عقب انسپکٹر امتیاز احمد بھجوائی جا رہی ہے

سپیشل رپورٹ بذریعہ خاص نزد افسران مجاز جابجا ارسال ہے۔ محرر تھانہ کو ہدایت ہوئی کہ تکمیل ریکارڈ کرے۔
عامر شہزاد
سب انسپکٹر/ایس ایچ او
تھانہ سٹی، وزیر آباد
مورخہ 7/11/2022


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments