’ویلکم ٹو پاکستان کرکٹ، کسی بھی دن کچھ بھی ہو سکتا ہے‘


شاداب خان
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ اور مینٹور میتھیو ہیڈن کو یقینی طور پر اب یہ اندازہ ہو گیا ہے کہ پاکستانی ٹیم سب کو کس طرح حیران کر سکتی ہے۔

میتھیو ہیڈن کہتے ہیں ’جب ہم اپنا آخری گروپ میچ کھیل رہے تھے تو ڈگ آؤٹ میں شاداب خان نے مجھ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ویلکم ٹو پاکستان کرکٹ۔ ان کی اس بات کا مطلب یہ تھا کہ کسی بھی دن کچھ بھی ہوسکتا ہے۔‘

میتھیو ہیڈن کہتے ہیں ’ہالینڈ کی جنوبی افریقہ کے خلاف جیت ہمارے لیے یادگار لمحہ تھی۔ ہمیں اس بات کا بھی اندازہ ہے کہ پاکستانی عوام ہمارے لیے دعا کر رہے تھے۔‘

’بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی ورلڈ کلاس ہے‘

میتھیو ہیڈن سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا بابراعظم کو اوپنر کے بجائے ون ڈاؤن پر نہیں کھیلنا چاہیے تو انھوں نے اس کا جواب ایڈم گلکرسٹ کی مثال سے دیا۔

ہیڈن کہتے ہیں کہ ’اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ بابراعظم اور محمد رضوان کی جوڑی ورلڈ کلاس ہے۔ جہاں تک بابراعظم کے بڑا سکور نہ کرنے کی بات ہے تو مجھے 2007 کا ورلڈ کپ یاد ہے جب میں اور ایڈم گلکرسٹ اوپنرز تھے اور گلکرسٹ کامیاب نہیں ہو رہے تھے لیکن ٹیم کا ان پر اعتماد قائم تھا اور یہ اسی کا نتیجہ تھا کہ انھوں نے سری لنکا کے خلاف سنچری بناڈالی۔‘

’کسی کو حیران نہیں ہونا چاہیے کہ بابر بڑے میچ میں بڑا سکور کردیں۔ اتارچڑھاؤ ہر کرکٹر کے کریئر میں آتے ہیں۔‘

پاکستان کرکٹ

محمد حارث سپیشل ٹیلنٹ

میتھیو ہیڈن محمد حارث کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’حارث ٹیم میں شامل نہیں تھے لیکن بعد میں وہ ٹیم کا حصہ بنے۔ یہ بہت ہی دلچسپ کہانی ہے۔ مجھے حیرت ہے کہ حارث کو پہلے ہی ٹیم میں شامل ہونا چاہیے تھا۔‘

میتھیو ہیڈن کہتے ہیں ’محمد حارث کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ ٹیم کے ہر پریکٹس سیشن میں بیٹنگ کے لیے موجود ہوتے ہیں جہاں وہ تمام فاسٹ بولرز کی بولنگ کا سامنا کرتے ہیں۔‘

’یہ بڑی اہم بات ہوتی ہے کیونکہ ان بولرز کو کھیل کر آپ خود کو میچ کے لیے تیار کرتے ہیں جیسا کہ میں اپنے دور میں مک گرا، گلیسپی، بریٹ لی اور شین وارن کو نیٹ پر کھیلا کرتا تھا۔ حارث کی باؤنسی وکٹ پر بیٹنگ تکنیک بہت اچھی ہے۔‘

ہیڈن فخریہ انداز میں پاکستان کے پیس اٹیک کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں ’چاروں فاسٹ بولرز کمال ہیں۔ شان ٹیٹ نے ان فاسٹ بولرز پر بہت محنت کی ہے۔ پاکستانی ٹیم کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اسے بڑے میچوں میں کم بیک کرنا آتا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

دعائیں، قدرت اور کرکٹ کے انوکھے فینز: ’میں پیشگوئی کرتی ہوں پاکستان یہ ورلڈ کپ جیتے گا‘

پاکستان سیمی فائنل میں، ’نیدرلینڈز کی پوری ٹیم کو پی ایس ایل کا کنٹریکٹ دو بھائی‘

’قدرت کا نظام‘ پاکستان کی تائید کر پائے گا؟ سمیع چوہدری کا کالم

محمد حارث

نیوزی لینڈ خطرناک حریف

میتھیو ہیڈن نیوزی لینڈ کو ایک خطرناک ٹیم سمجھتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’نیوزی لینڈ کا پیس اٹیک خطرناک اور تجربہ کار ہے۔ ٹم ساؤدی میرے ساتھ کھیل چکے ہیں۔ ان کے پاس بولنگ کو تتر بتر کرنے والے بیٹسمین بھی ہیں۔‘

’نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف 205 رنز کرکے میچ جیتا ہے لیکن آسٹریلیا میں اگر کوئی گراؤنڈ برصغیر کی ٹیموں کے لیے اچھا رہا ہے تو وہ سڈنی ہی ہے۔‘

میتھیو ہیڈن کی اس وقت مکمل توجہ پاکستانی ٹیم پر مرکوز ہے لیکن وہ اپنے ملک کی ٹیم کی کارکردگی پر خوش نہیں ہیں۔

وہ کہتے ہیں آسٹریلیا کو اپنی کرکٹ میں بہتری لانی ہوگی۔ ’میرے لیے حیران کن بات یہ تھی کہ مچل سٹارک کو افغانستان کے خلاف میچ میں نہیں کھلایا گیا۔ یہ بہت بڑی غلطی تھی۔ آسٹریلیا کوابھی سے اگلے ورلڈ کپ کی تیاری شروع کردینی ہوگی۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments