امریکہ: وسط مدتی الیکشن کے نتائج کا سلسلہ جاری، ایوان نمائندگان میں ریپبلکن جماعت کی برتری


سارا سینڈرز
صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کی سابق ترجمان سارا سینڈرز کی آرکنساس ریاست میں فتح کی توقع ہے
امریکہ میں وسط مدتی انتخابات (مڈ ٹرم الیکشن) میں منگل کو ووٹوں کی گنتی کی روشنی میں ریپبلکن جماعت کو یہ امید ہے کہ وہ ایوان نمائندگان میں اکثریتی سیٹیں حاصل کر لیں گے۔

امریکہ میں بی بی سی کے میڈیا پارٹنر سی بی ایس نیوز کے مطابق اب تک کے نتائج کے مطابق ایوان زیریں میں ریپبلکن جماعت نے زیادہ سیٹیں جیتی ہیں۔

اگرچہ صدر جو بائیڈن کا نام کسی بیلٹ پیپر پر نہیں تاہم امریکہ کے مڈ ٹرم الیکشن ان کے مستقبل کے ایجنڈے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

سی بی ایس کا امکان ہے کہ ریپبلکن کو ایوان نمائندگان میں 198 نشستیں ملیں گی جبکہ ڈیموکریٹس کو 176 نشستیں حاصل ہوں گی۔

ایوان نمائندگان کی 435 اور ایک تہائی سینیٹ کی سیٹوں پر الیکشن ہوا ہے۔ ایوان میں جیت سے ریپبلکن جماعت کو اس کا کنٹرول ملنے کی امید ہے۔ تاہم سادہ اکثریت کے لیے ایوان میں 218 سیٹیں درکار ہوتی ہیں۔

اب تک کی اہم پیشرفت

  • صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کی سابق ترجمان سارا سینڈرز کی آرکنساس میں فتح کی توقع ہے۔ وہ جنوبی ریاست میں یہ عہدہ سنبھالنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔
  • فلوریڈا کے ریپبلکن گورنر ران ڈی سینٹس، جنھیں 2024 میں وائٹ ہاؤس کا امیدوار سمجھا جا رہا ہے، اپنی سیٹ دوبارہ جیت جائیں گے۔ ریپبلکن جماعت کے سینیٹر مارکو روبیو کی ڈیموکریٹ حریف وال ڈیمنگز کے خلاف جیت کا امکان ہے۔
  • میری لینڈ میں ڈیموکریٹ ویز مور گورنر بننے والے تیسرے افریقی نژاد امریکی ہوں گے۔
  • فلوریڈا سے 25 سالہ ڈیموکریٹ میکسویل فراسٹ کانگریس کے پہلے جنریشن زی رکن ہوں گے۔ ۔
  • اوکلاہوما میں ریپبلکن مارکوین مولن امریکہ کے سینیٹ تک پہنچنے والے چوتھے مقامی باشندے ہوں گے۔
  • میساچوسٹس میں ڈیموکریٹ مورا ہیلی امریکہ میں پہلی ہم جنس پرست خاتون گورنر ہوسکتی ہیں جو اپنی جنسی شناخت کا کھلے عام اعتراف کرتی ہیں۔

امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کے دوران لوگوں نے مہنگائی اور اسقاط حمل جیسے مسائل کو سب سے اہم سمجھا ہے۔

امکان ہے کہ سینیٹ الیکشن کے نتائج کئی دنوں یا ہفتوں تک پارٹی پوزیشن کے حوالے سے واضح نہ ہو سکیں، اگر جورجیا میں رن آف ووٹ ہوتا ہے۔

حالیہ بدترین مہنگائی کے باعث جو بائیڈن کی مقبولیت میں کمی آئی ہے۔ انھوں نے ادویات کی قیمتوں میں کمی، ماحول دوست توانائی کے استعمال اور امریکی انفراسٹرکچر کی تعمیر نو جیسے وعدوں کی تکمیل کے لیے کام کیا ہے۔

خیال ہے کہ امریکہ کے وسط مدتی انتخابات سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی 2024 میں وائٹ ہاؤس میں واپسی کی تیاریوں کا حصہ ہوسکتے ہیں۔

مڈٹرم الیکشن پر ایک سوال پر ٹرمپ نے قدامت پسند میڈیا نیٹ ورک نیوز نیشن کو بتایا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ اگر ریپبلکن جیتیں گے تو اس کا کریڈٹ مجھے ملنا چاہیے۔ اگر وہ ہارتے ہیں تو مجھے اس کا قصوروار نہیں ٹھہرایا جانا چاہیے۔‘

بائیڈن نے کہا ہے کہ ریپبلکن جماعت کی جیت سے جمہوریت کمزور ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

امریکہ: مڈ ٹرم الیکشن میں مہنگائی اور معیشت عوام کے لیے سب سے اہم

وسط مدتی امریکی انتخابات آج، وہ پانچ وجوہات جنھوں نے اس دوڑ کو دلچسپ بنا دیا

امریکہ الیکشن

وہ پانچ وجوہات جنھوں نے امریکی الیکشن کو دلچسپ بنایا

8 نومبر کو ہونے والے امریکی انتخابات امریکی قوم کی سمت کے ساتھ ساتھ وائٹ ہاؤس میں برسراقتدار شخص اور پارٹی کی قسمت پر بھی بہت زیادہ اثر ڈالیں گے۔

کانگریس کی تشکیل نو ملک بھر میں امریکیوں کی روزمرہ کی زندگیوں کو براہ راست متاثر کر سکتی ہے۔ اسقاط حمل اس کی ایک بہترین مثال ہو سکتی ہے۔

وسط مدتی انتخابات کا اثر پالیسیوں کی حد سے بھی بڑھ کر ہو گا۔ کانگریس میں اکثریت حاصل کرنے کا مطلب یہ کہ اکثریتی جماعت کو کمیٹی کے ذریعے تحقیقات شروع کرنے کا اختیار حاصل ہو جاتا ہے۔

وسط مدتی انتخابات کو عام طور پر صدارتی مدت کے پہلے دو سالوں پر ہونے والا ریفرنڈم سمجھا جاتا ہے، جس میں اقتدار میں پارٹی اکثر شکست کھاتی ہے۔

حالیہ شکست خوردہ صدور کے برعکس سابق صدر ٹرمپ نے خاموشی سے سیاست نہیں چھوڑی۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ اب بھی سنہ 2024 میں وائٹ ہاؤس میں واپس آنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور وسط مدتی انتخابات ان کے ہاتھ مضبوط کر سکتا ہے یا ان کی امیدوں کو ختم کر سکتا ہے۔ 

سنہ 2022 کے وسط مدتی انتخابات 6 جنوری کو امریکی کیپیٹل بلڈنگ پر حملے کے بعد سے پہلے وفاقی انتخابات ہوں گے، جب ٹرمپ کے حامیوں نے جو بائیڈن کی انتخابی فتح کے اعلان کو روکنے کی کوشش کی تھی۔

ہنگامہ آرائی سے بچائے جانے سے دور ڈونلڈ ٹرمپ نے اس الیکشن کے نتائج پر سوال اٹھانا جاری رکھا ہے اور ریپبلکن امیدواروں کی فعال حمایت کی ہے جو کہتے ہیں کہ ٹرمپ کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے۔

امریکہ الیکشن

سی بی ایس کے مطابق فلوریڈا کے ریپبلکن گورنر ران ڈی سینٹس، جنھیں 2024 میں وائٹ ہاؤس کا امیدوار سمجھا جا رہا ہے، اپنی سیٹ دوبارہ جیت گئے ہیں

امریکہ میں مڈٹرم الیکشن یا وسط مدتی انتخابات سے کیا مراد ہے؟

مڈٹرم الیکشن کا تعلق امریکی کانگریس سے ہے جس کے دو حصے ہوتے ہیں: ایوان نمائندگان اور سینیٹ۔

یہ الیکشن ہر دو سال بعد ہوتا ہے، یعنی کسی صدارتی دور کے نصف میں۔ اسی لیے اسے وسط مدتی انتخابات کہتے ہیں۔

کانگریس میں ملکی سطح پر قوانین بنتے ہیں۔ ایوان نمائندگان یہ طے کرتا ہے کہ کن قوانین پر ووٹنگ ہوگی جبکہ سینیٹ ان کی منظوری دیتا ہے یا انھیں روک دیتا ہے۔ سینیٹ کسی صدر کی تعیناتیوں کی تصدیق کرتا ہے یا ان کے خلاف تحقیقات شروع کرسکتا ہے، جو کہ کم دیکھنے میں آتا ہے۔

امریکہ کی 50 ریاستوں میں سے ہر ریاست کے دو سینیٹر ہوتے ہیں جو چھ سال اس عہدے پر رہتے ہیں۔ نمائندگان دو سال کے لیے آتے ہیں اور چھوٹے ضلعوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔

نومبر کے اس الیکشن میں ایوان نمائندگان کی تمام نشستوں جبکہ ایک تہائی سینیٹ پر نئے عہدیداروں کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔

کئی بڑی ریاستوں میں گورنر اور مقامی اہلکاروں کے لیے بھی الیکشن ہو رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments