ٹائٹینک کی مقبول گھڑی نیلامی میں 98 ہزار پاؤنڈز میں فروخت


ٹائٹینک کے غرق ہونے کے 110 سال بعد اس سے ملنے والی ایک پوسٹل کلرک کی پاکٹ واچ 98 ہزار پاؤنڈز میں فروخت کی گئی ہے۔

جب 14 اپریل 1912 کو بحر اوقیانوس میں بحری جہاز ٹائٹینک غرق ہوا تو آسکر سکاٹ ووڈی کی یہ گھڑی پانی میں جا کر جم گئی تھی۔

سمندر سے برآمد کرنے کے ایک ماہ بعد اسے ان کی اہلیہ لیلیٰ کو لوٹا دیا گیا۔

تمام جدید سہولتوں سے آراستہ برطانوی مسافر بردار بحری جہاز ٹائٹینِک 1912 میں بحرِ اوقیانوس میں برف کے تودے سے ٹکرانے کے بعد غرق ہوا تھا اور اس پر سوار سینکڑوں افراد جہاز پر سے ٹھنڈے برفیلے پانی میں ڈوب گئے تھے۔ قریب 700 مسافروں کو بچا لیا گیا تھا۔

’سب سے امیر‘ مسافروں کی فہرست 41 ہزار پاؤنڈز میں نیلام

سنیچر کو یہ گھڑی ڈیوائزس شہر کے نیلام گھر ہنری الڈریج اینڈ سنز کی جانب سے فروخت کی گئی۔ یہاں اس بدنصیب جہاز سے جڑی دیگر اشیا کی بھی نیلامی ہوئی۔

جیسے جہاز کے فرسٹ کلاس کا مینیو جس پر ’پلور آن ٹوسٹ‘ لکھا تھا، پچاس ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوا۔ فرسٹ کلاس مسافروں کی فہرست 41 ہزار پاؤنڈز میں نیلام کی گئی۔

مسافروں کی یہ فہرست گیمبلر جارج بریرٹن کی ملکیت تھی جو اس جہاز پر محض پیسے کمانے کے لیے سوار ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

ٹائٹینک کو قریب سے دیکھنے کا نیا مشن: ’اس سفر نے مجھے مکمل کر دیا‘

ٹائٹینک کے زندہ بچ جانے والے چھ ’گمنام‘ مسافروں کی کہانی

نیلام گھر کے اینڈریو الڈریج نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اس شخص نے سب سے امیر لوگوں کے نام کے آگے سٹار بنائے ہوئے تھے۔‘

’ان میں چارلز ہیز کا نام شامل ہے جو امریکہ میں گرینڈ پیسیفک ریل روڈ کے مالک تھے۔ وہ سب سے امیر مسافروں میں سے ایک تھے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’بریرٹن نے ان کے نام کے آگے بڑے حروف میں لکھا: لکھ پتی۔‘

میٹھے کی ایک پلیٹ 20 ہزار پاؤنڈز کی فروخت ہوئی جبکہ ایک ریستوران کا مینیو 23 ہزار پاؤنڈز میں بیچا گیا۔

نیلام گھر ہنری الڈریج اینڈ سنز ٹائٹینک سے جڑی یادگار اشیا کی فروخت کے لیے جانا جاتا ہے۔

سال 2017 میں ٹائٹینک میں فرسٹ کلاس کی ایک ہوسٹس کا فر کوٹ ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈز میں فروخت ہوا تھا۔

اسی سال ٹائٹینک کے مسافر آسکر ہوورسن کا خط ایک لاکھ 26 ہزار پاؤنڈ میں نیلام کیا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32488 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments