انڈیا: چرسی چوہے 200 کلوگرام منشیات ہڑپ گئے


rats
انڈیا میں ماضی میں بھی چوہوں پر شراب پینے اور چرس کھانے کے الزامات لگتے رہے ہیں
انڈیا کی ریاست اترپردیش میں پولیس نے ایک عدالت کو بتایا ہے کہ منشیات فروشوں سے برآمد کی گئی تقریباً 200 کلو گرام چرس چوہے کھا گئے ہیں۔

 

اترپردیش کی عدالت نےکہا کہ چوہے بہت ’چھوٹے جانور‘ ہوتے ہیں اور انھیں پولیس کا کوئی ڈر نہیں اور چرس کو چوہوں سے  بچانا آسان نہیں ہے۔

 

عدالت نے پولیس کو حکم دیا تھا کہ وہ منشیات سے متعلق ایک مقدمے میں عدالت میں شہادت پیش کریں۔ جج نے اپنے فیصلے میں تین ایسے عدالتی کیسوں کا حوالہ دیا جن میں بھنگ اور چرس کو چوہوں نے تباہ کر دیا تھا۔

 جج سنجے چودھری نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ پولیس کو کہا گیا تھا کہ قبضے میں لی گئی منشیات کو شہادت کے طور پرعدالت میں پیش کریں، لیکن پولیس نے عدالت کو بتایا کہ چوہوں نے 195 کلو چرس کو ضائع کر دیا ہے۔

ایک اور مقدمے میں پولیس نے عدالت میں رپورٹ دائر کی تھی کہ 386 کلو چرس میں سے کچھ چوہے کھا گئے ہیں۔

 جج سنجے چودھری نے ایک اور کیس کا حوالہ دیا جس میں اترپردیش کی پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ قبضے میں لی گئی 700 کلو چرس پولیس سٹیشن میں پڑی ہے جہاں اسے چوہوں سے خطرہ ہے۔

 جج نے لکھا کہ پولیس کے پاس چوہوں کو روکنے کی کوئی مہارت نہیں ہے کیونکہ وہ بہت چھوٹے ہوتے ہیں۔  جج نے تجویز کیا کہ کہ قبضے میں لی گئی منشیات کو ’بے خوف چھوٹے جانوروں‘ سے بچانے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ اسے میڈیکل کمپنیوں اور لیبارٹریوں کو بیچ دیا جائے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرا دی جائے۔

 متھورا ضلع کے سینیئر پولیس اہلکار ایم  پی سنگھ نے کہا کہ ان کی حدود کے تھانوں میں سٹور کی گئی منشیات کو چوہوں سے نہیں لیکن شدید بارشوں کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔

2018 میں ارجنٹینا کی ایک عدالت نے ایسے آٹھ پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کرنے کا حکم دیا تھا جنھوں نے آدھا ٹن چرس کے غائب ہونے کی وجہ چوہوں کو قرار دیا تھا۔

 ماہرین نے پولیس کا موقف ماننے سے انکار کیا تھا کہ چوہے چرس کو خوراک سمجھ کر کھا لیں گے۔ ماہرین کا خیال تھا کہ اگر ایسا ہوا تو پولیس ویئر ہاؤس میں مرے ہوئے چوہوں کی ایک بڑی تعداد نظر آنی چاہیے تھی۔

2019 میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ جب ایک لیبارٹری میں چوہوں کو چرس کھلائی گئی تو یہ سامنے آیا کہ چوہے  سست پڑ  گئے اور ان کے جسم کا درجہ حرارت بھی کم ہو گیا۔

 2017 میں انڈیا کی ریاست بہار کی عدالت میں پولیس نے موقف اختیار کیا تھا کہ ریاست میں شراب پر پابندی کے ایک سال بعد قبضے میں لی گئی ہزاروں لیٹر شراب چوہے پی گئے تھے۔

 2018 میں انڈیا کی ریاست آسام میں جب ٹیکنیشن ایک خراب اے ٹی ایم مشین کو ٹھیک کرنے گئے تو انھوں نے دیکھا کہ بارہ لاکھ روپے کے کرنسی نوٹ کترے ہوئے تھے۔ اس کا شک بھی چوہوں پر ہی ظاہر کیا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32537 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments