ہزاروں ٹکٹوں کی فروخت مگر رونالڈو آج سعودی کلب ’النصر‘ کے لیے اپنا افتتاحی میچ کیوں نہیں کھیل پائیں گے؟


ronaldo
سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو سعودی کلب ’النصر‘ کے لیے اپنا پہلا میچ کھیلنے کے لیے فی الحال انتظار کرنا ہو گا کیونکہ وہ اس وقت انگلش فٹبال ایسوسی ایشن (ایف اے) کی جانب سے دو میچوں کی پابندی کا سامنا کر رہے ہیں۔

رونالڈو نے آج سعودی پرو لیگ کے کلب ’التاعی‘ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلنا تھا۔ 37 سالہ فٹبالر نے رواں ہفتے ہی سعودی کلب ’النصر‘ کے ساتھ سالانہ 200 ملین (20 کروڑ) یورو کی ڈیل کی تھی یعنی انھیں سنہ 2025 تک سالانہ 200 ملین یورو کی ادائیگی کی جائے گی۔

رونالڈو کو گذشتہ ماہ ہی ان کے سابقہ کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے پیئرس مارگن کے ساتھ ایک تہلکہ خیز انٹرویو کے بعد ریلیز کیا گیا تھا جس کے بعد گذشتہ پیر کو وہ سعودی شہر ریاض پہنچے تھے جہاں اُن کا پرتپاک استقبال کیا گیا تھا۔

منگل کے روز ان کا میڈیکل ہوا تھا جس کے بعد انھیں النصر کے ہوم گراؤنڈ میں باقاعدہ طور پر خوش آمدید کہا گیا تھا۔

اس کے بعد انھوں نے اپنے نئے ساتھیوں کے ساتھ کلب کے پہلے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔

النصر کو امید تھی کہ رونالڈو کا ڈیبیو جمعہ کے روز ہو گا اور انھوں نے ’التاعی‘ کے خلاف اپنے میچ کی 28 ہزار ٹکٹیں بھی فروخت کر دی تھیں۔

تاہم ان کو یاددہانی کروائی گئی ہے کہ رونالڈو پر انگلش فٹبال ایسوسی ایشن (ایف اے) کی جانب سے نومبر میں دو میچوں کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ یہ پابندی دراصل اپریل میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے ایورٹن کے خلاف میچ کے بعد پیش آنے والے واقعے کے باعث لگائی گئی تھی جب رونالڈو نے اپنے ایک مداح کا فون اُن (مداح) کے ہاتھ سے گرا دیا تھا۔

ronaldo

پابندی کیوں عائد کی گئی؟

خیال رہے کہ یہ مداح آٹسٹک (انسانی جسم کو لاحق ایک عارضہ) تھے اور انھوں نے رونالڈو کی جانب سے بعدازاں کی گئی معافی قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔ رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ کی 1-0 سے شکست کے بعد پلیئرز کی گزرگاہ کے لیے بنائی گئی سرنگ میں سے گزر رہے تھے تو انھوں نے ایک نوجوان لڑکے ہاتھوں سے موبائل ہاتھ مار کر گرا دیا تھا جس پر انھیں مرسیسائیڈ پولیس کی جانب سے تنبیہ بھی کی گئی تھی۔

رونالڈ نے بعد میں سوشل میڈیا پر معذرت کرتے ہوئے ہوئے مداح کو اولڈ ٹریفرڈ سٹیڈیم پر ایک میچ دیکھنے کے لیے مہمان کے طور پر مدعو کیا تھا۔

انھوں نے اس دوران بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’مشکل لمحات میں اپنے جذبات پر قابو پانا آسان نہیں ہوتا لیکن اس سب کے باوجود ہمیں باوقار انداز اپناتے ہوئے اس خوبصورت کھیل سے محبت کرنے والے نوجوانوں کے لیے مثال قائم کرنی ہے۔‘

تاہم 14 سالہ جیک جنھیں آٹزم تھا انھوں نے نہ صرف رونالڈو کی یہ آفر ٹھکرا دی، بلکہ ان کی معافی قبول کرنے سے بھی انکار کر دیا۔

ورلڈکپ کے باعث رونالڈو پر یہ پابندی عائد نہیں ہو سکی تھی اور اب انھیں اس پابندی سے اپنے نئے کلب میں گزرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیے

سعودی عرب نے رونالڈو پر کروڑوں ڈالرز کی بارش کیوں کی، کیا یہ محمد بن سلمان کے و‍ژن 2030 کا حصہ ہے؟

میسی کو پہنائی جانے والی عبا ’بشت‘ کیا ہے اور اس پر تنازع کیوں؟

کیا پرتگال کے سپر سٹار رونالڈو کا سورج غروب ہونے والا ہے؟

فیفا کے قوانین کے مطابق اگر کسی کھلاڑی پر چار میچوں یا تین مہینے تک کی پابندی لگائی گئی ہے لیکن اس کی ٹرانسفر تک اسے لاگو نہیں کیا جا سکا، تو اسے اس نئی ایسوسی ایشن پر لاگو کروانا لازم ہے جس کے ساتھ وہ رجسٹر ہوں گے۔

ایف اے کی جانب سے یہ پابندی عائد کرتے ہوئے بھی اس بات پر زور دیا گیا تھا کہ رونالڈو کو اس پابندی کا سامنا اس وقت بھی کرنا پڑے گا اگر وہ کسی دوسرے ملک چلے جاتے ہیں۔

ایف اے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس پابندی کو ہر صورت میں لاگو کیا جائے گا چاہے رونالڈو کا مستقبل جو بھی ہو۔۔۔ اور اگر وہ مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑتے ہیں تو وہ جس بھی نئے کلب میں جاتے ہیں ان پر یہ پابندی لاگو ہو گی۔

اب النصر نے اپنا اگلا میچ 14 جنوری کو جبکہ تیسرا میچ 21 جنوری کو کھیلنا ہے اور شاید 21 جنوری کو ’اتفاق‘ کے خلاف میچ ہی رونالڈو کا لیگ میں ڈیبیو میچ ہو گا۔

رونالڈو سے ’سعودی سپورٹس واشنگ‘ کا حصہ نہ بننے کی درخواست

دوسری جانب انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو مانیٹر کرنے والے ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے رونالڈو سے سعودی عرب میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات کرنے کا کہا گیا ہے۔

ایمنسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ النصر کی رونالڈو کو سائن کرنے کا فیصلہ دراصل سعودی عرب کی سپورٹس واشنگ سے متعلق وسیع تر پالیسی سے مطابقت رکھتا ہے۔

’یہ عین ممکن ہے کہ رونالڈو کی ملک میں موجودگی کی تشہیر کے ذریعے سعودی حکام ملک کے بدترین انسانی حقوق کے ریکارڈ پر توجہ ہٹا سکتے ہیں۔ رونالڈو کو اپنی مقبولیت اور سیلبرٹی سٹیٹس کو سعودی ’سپورٹس واشنگ‘ کا آلہ کار نہیں بننے دینا چاہیے۔‘

https://twitter.com/brainiest_/status/1610616390876028930?s=20&t=Qf0t3DMjdyIyN93FIrggog

خیال رہے کہ رونالڈو کی سٹار پاور کا یہ عالم ہے کہ گذشتہ ہفتے تک فٹبال کلب النصر کے انسٹاگرام پر صرف پانچ لاکھ فالوورز تھے، تاہم اب ان میں 86 لاکھ فالوورز کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اب النصر کے انسٹاگرام فالوورز بڑھ کر 91 لاکھ سے زیادہ ہو گئے ہیں۔

سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر لوگ رونالڈو کی پریکٹس کی ویڈیو بھی لگا رہے ہیں اور ان کی تعریف کر رہے ہیں۔ تاہم فٹبال کے کچھ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر رونالڈو امریکہ کی لیگ کا انتخاب کرتے تو انھیں دیگر مواقع بھی دستیاب ہوتے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32507 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments