کراچی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام، تمام نظریں سرفراز سعود شراکت پر


shan
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز کھانے کے وقفے تک پاکستان کی بیٹنگ ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہے اور 319 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اس کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں اور اس وقت اسے جیت کے لیے 194 رنز درکار ہیں۔

آج پاکستان کی جانب سے جب آخری روز بیٹنگ دوبارہ شروع کی گئی تو اس کے صفر پر دو کھلاڑی آؤٹ تھے اور نیشنل سٹیڈیم کراچی کی پچ پر بلے بازوں کے لیے دشواریوں میں گذشتہ روز سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا تھا۔

پاکستان کی جانب سے آج دن کے آغاز میں کریز پر اوپنر امام الحق اور شان مسعود موجود تھے اور دونوں کو ہی پہلے اش سودھی اور پھر میٹ ہینری اور ساؤدی کی بولنگ پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

امام الحق آج اش سودھی کے خلاف بے چین دکھائی دے رہے تھے اور بالآخر انھوں نے قدموں کا استعمال کرتے ہوئے سودھی کو سپن کے خلاف سٹروک کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے سٹپمس سے جا ٹکرائی۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور شان مسعود کے درمیان 42 رنز کی شراکت قائم ہوئی تو ایسا معلوم ہو رہا تھا کہ اب پاکستان کی بیٹنگ سنبھل رہی ہے تاہم پھر آف سپنر بریسویل کی گیند پر بابر اعظم بدقسمتی سے ڈاؤن دی لیگ سائیڈ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ بابر نے پانچ چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد شان مسعود بھی بریسویل کی گیند پر ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اور یوں صرف 80 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی ہے۔

اس وقت پاکستان کو جیت کے لیے 194 رنز درکار ہیں اور پہلی اننگز میں ناقابلِ تسخیر سنچری سکور کرنے والے سعود شکیل کریز پر موجود ہیں جبکہ ان کا ساتھ سرفراز احمد دے رہے ہیں۔

دونوں کے درمیان اب تک 45 رنز کی شراکت ہو چکی ہے اور دونوں ہی سپنرز کو خصوصاً پراعتماد انداز سے کھیل رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان نے بریسویل کی سانس بحال کر دی: سمیع چوہدری کا کالم

نیوزی لینڈ کے خلاف 319 رنز کے تعاقب میں پاکستان کے دو کھلاڑی آؤٹ

خیال رہے کہ ان دونوں کے درمیان پہلی اننگز میں 150 رنز کی شراکت قائم ہوئی تھی جس کے باعث پاکستان نیوزی لینڈ کے پہلے اننگز کے سکور کے قریب پہنچنے میں کامیاب ہوا تھا۔

سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے اس وقت بابر اعظم اور شان مسعود کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ شان مسعود نے ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کے بعد سے خاصی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی ہے اور اس دوران وہ چھ اننگز میں ایک بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’شان مسعود کی جانب سے بیوقوفی کی گئی، پاکستان کا سکور اب 80/5 ہے اور نیوزی لینڈ پاکستان میں ایک اور سیریز جیتنے کے قریب ہے اور پاکستان ہوم گراؤنڈ پر لگاتار تیسری ٹیسٹ سیریز ہارنے والا ہے۔‘

دوسری جانب ایک صارف نے بابر اعظم کے ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں خراب سکورز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بابر جو یوں تو نام نہاد بادشاہ ہیں، دوسری اننگز میں کہاں چلے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ بابر اعظم نے گذشتہ برس آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں 196 رنز کی بہترین اننگز کھیلی تھی تاہم یہ ان کی میچ کی چوتھی اننگز میں اکلوتی سینچری ہے اور مجموعی طور پر اس اننگز میں ان کی اوسط 36 کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments