پٹھان: دپیکا کی بِکنی سے لگنے والی آگ جو مودی جی کی ایک ہی ’وارننگ‘ سے بجھتی نظر آ رہی ہے


            فلم پٹھان میں دپیکا کی نارنجی بِکنی نے جو آگ لگائی اور اس کے بعد شاہ رخ خان کے خلاف جو طوفانِ بدتمیزی برپا ہوا وہ مودی جی کی ایک ہی وارننگ سے تھمتا نظر آ رہا ہے۔ 

اب مودی جی نے براہ راست تو یہ نہیں کہا کہ بھائیوں اور بہنوں پٹھان کو پریشان نہ کرو، مگر رواں ہفتے ایک تقریب میں انھوں نے بی جے پی کارکنوں سے اتنا ضرور کہا کہ فلموں کے بارے میں وہ غیر ضروری تبصرہ کرنے سے گریز کریں۔

لیکن بھکت لوگ بہت سمجھدار ہیں فوراً سمجھ گئے اور اب نہ تو شاہ رخ کے پوسٹر پھاڑے جا رہے ہیں اور نہ ہی شاہ رخ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

انڈین فلم اورٹیلی وژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اشوک پنڈت نے مودی جی کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے، ویسے وہ مودی جی کے ہر بیان کا خیر مقدم ہی کرتے ہیں!
لیکن اس بار وہ بڑی اچھی اچھی باتیں کر رہے ہیں۔

روزنامہ انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے اشوک پنڈت نے کہا کہ ’اگر وزیرِ اعظم خود اپنے لوگوں کو ڈانٹتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں کہ بالی ووڈ کے خلاف فصول باتیں نہ کرو، تو سیاسی رہنما بھی سستی شہرت کے لیے بالی وڈ کے خلاف بیان بازی بند کر دیں گے اور اس انڈسٹری کو احساس ہو گا کہ ملک کا وزیر اعظم ہمارے ساتھ ہے۔

بہرحال اب ہر طرف فلم ’پٹھان‘ کا چرچا ہے اور سوشل میڈیا پر نظر ڈالیں تو لوگ بے صبری سے اس فلم کے منتظر ہیں جو 25 جنوری کو ریلیز ہونی ہے اور دھڑا دھڑ اس کے شو کی ایڈوانس بُکِنگ کروا رہے ہیں۔

فلم میگزین ’پِنک ولا‘ کے مطابق فلم پٹھان کے ساتھ دبنگ خان کی فلم ’کسی کا بھائی، کسی کی جان‘ کا پہلا ٹریلر بھی ریلیز کیا جائے گا۔ یہ فلم اس سال عید پر ریلیز ہونے والی ہے۔

سلمان خان ہمیشہ سے ہی عید پر اپنی فلم ریلیز کرتے آئے ہیں لیکن گذشتہ چند برسوں میں بوجوہ ایسا ممکن نہیں ہو سکا مگر رواں برس وہ چار سال کے وقفے کے بعد عید پر فلم لے کر آ رہے ہیں۔

پرینکا چوپڑہ

حال ہی میں پرینکا چوپڑہ نے پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کی کُھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فلم ضرور دیکھیں، ساتھ ہی انھوں نے جوائے لینڈ کی پوری ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔

اس فلم کی کہانی ایک رقاص نوجوان اور ایک خواجہ سرا کے گرد گھومتی ہے۔

یہ فلم فرانس میں منعقدہ کانز فلم فیسٹیول میں بھی نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی جہاں اسے ’جیوری ایوارڈ اَن سرٹن‘ کی کیٹیگری میں ایوارڈ دیا گیا ہے۔

اب ’جوائے لینڈ‘ کی تعریف کرنے کے لیے تو پرینکا انڈیا میں ٹرول نہیں ہوئیں لیکن اپنی بیٹی مالتی کی پیدائش سیروگیسی کے ذریعے کروانے پر انھیں ٹرول ضرور کیا جا رہا ہے۔ سیروگیسی سے مراد کرائے پر کوکھ حاصل کرنا ہے۔ پرینکا اور نک جونز کی بیٹی مالتی میری سیروگیسی کے ذریعے پیدا ہوئی ہیں۔

برطانوی فیشن میگزین ’ووگ‘ سے بات کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ جب لوگ مالتی کے پیدائش کو لے کر ان کے بارے میں با ت کرتے ہیں تو انھیں بہت تکلیف ہوتی ہے۔ پرینکا کا کہنا تھا کہ ان کے کچھ طبی مسائل تھے جس کی وجہ سے انھیں سیروگیسی کا سہارا لینا پڑا۔

پرینکا کا کہنا تھا ’آپ مجھے نہیں جانتے، میرے حالات کے بارے میں آپ کو کچھ نہیں معلوم تو آپ کو میرے بارے میں رائے قائم کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

پرینکا نے کہا ’میں اپنے طبی مسائل سب کے سامنے نہیں رکھنا چاہتی۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments