اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی منگنی: اننت کو ’باڈی شیم‘ کرنے والوں پر تنقید، رادھیکا کا ساتھ نبھانے پر تعریف


گذشتہ روزانڈیا میں ایک ہائی پروفائل منگنی کی رسم ادا کی گئی جس میں بالی وڈ کے تقریباً تمام معروف اور سرکردہ فنکار شامل رہے۔

یہ منگنی انڈیا کے دوسرے سب سے امیر شخص مکیش امبانی کے دوسرے اور چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی تھی۔ ان کی منگنی گجرات کے صنعت کار کی بیٹی رادھیکا مرچنٹ کے ساتھ ہوئی ہے۔

منگنی کی شاندار تقریب ریلائنس گروپ کے مالک مکیش امبانی کی رہائش گاہ انتالیا میں ہوئی جہاں انڈیا کے سرکردہ صنعت کار کے ساتھ بالی وڈ کے ستارے بھی اپنے جلوے بکھیر رہے تھے۔

شاہ رخ خان اپنے بیٹے آرین خان اور اہلیہ گوری خان کے ساتھ شامل ہوئے جبکہ سلمان خان اپنی بھتیجی کے ساتھ وہاں آئے۔ ان کے علاوہ سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان، دیپکا پاڈوکون، جان ابراہم بھی وہاں موجود تھے جبکہ اشوریہ رائے اپنی بیٹی کے ساتھ نظر آئیں۔

سوشل میڈیا پر جہاں اس حوالے سے جوڑے اور دونوں خاندانوں کو مبارکباد دی جا رہی ہے وہیں اننت امبانی کے حوالے سے ذاتی تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں اور ان کے وزن کے حوالے سے میمز بنانے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ

رادھیکا مرچنٹ کون ہیں؟

رادھیکا مرچنٹ انکور ہیلتھ کیئر کے سی ای او ویرن مرچنٹ کی بیٹی ہیں۔ جمعرات کو راجستھان کے ناتھ واڑا مندر میں ان کا روکا (منگنی) ہوا اور پھر تقریب ممبئی میں مکیش امبانی کی رہائش گاہ انتالیا میں ہوئی۔

واضح رہے کہ کئی سال سے اننت اور رادھیکا کی نسبت طے ہے۔ انڈین میڈیا کے مطابق اننت 27 سال کے ہیں جبکہ رادھیکا 28 سال کی ہیں۔ اس سے قبل انھوں نے مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی اور بڑے بیٹے آکاش امبانی دونوں کی شادیوں میں شرکت کی تھی۔

رادھیکا مرچنٹ کا تعلق گجرات سے ہے لیکن وہ کئی برسوں سے ممبئی میں رہائش پزیر ہیں۔ انھوں نے ممبئی کے معروف سکول کیتھڈرل اینڈ کینن سکول کے ساتھ ایکول مونڈیالے ورلڈ سکول سے بھی تعلیم حاصل کی ہے۔

ممبئی سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد رادھیکا نے مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکی شہر نیویارک کا رخ کیا۔ انھوں نے نیویارک یونیورسٹی سے سیاست اور معاشیات میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔

رادھیکا انکور ہیلتھ کيئر کے بورڈ ممبرز میں بھی شامل ہیں۔ بزنس کے علاوہ رادھیکا کو جانوروں کے فلاحی پروگرامز میں کافی دلچسپی ہے۔

ان سب کے علاوہ وہ باضابطہ طور پر بھرت ناٹیم (ایک قسم کا رقص) ڈانسر ہیں اور انھوں نے اس کی تعلیم گرو بھاونا ٹھکر سے شری نبھا آرٹس میں حاصل کی ہے۔

اننت اور رادھیکا کی حالیہ روکا تقریب کے موقع پر ریلائنس نے ایک بیان جاری کیا جس میں لکھا گیا کہ ’اننت اور رادھیکا ایک دوسرے کو کچھ سالوں سے جانتے ہیں، اور آج کی تقریب آنے والے مہینوں میں ان کی شادی کے باقاعدہ سفر کا آغاز ہے۔

’اس موقعے پر جب وہ اپنا سفر ایک ساتھ شروع کر رہے ہیں تو دونوں خاندان رادھیکا اور اننت کے لیے ہر ایک کی نیک تمناؤں کے خواہاں ہیں۔’

امبانی فیملی

مکیش اور نیتا امبانی اپنے اہل خانہ بیٹے بہو اور بیٹی داماد کے ساتھ

اننت امبانی کون ہیں؟

بزنس سٹینڈرڈ کی رپورٹ کے مطابق اننت امبانی 10 اپریل سنہ 1995 میں ممبئی میں انڈیا کے امیر ترین گھرانے میں پیدا ہوئے۔ وہ ریلائنس انڈسٹریز کے وارثوں میں سے ایک ہیں۔ ان کے ایک بڑا بھائی اور ایک بہن ہیں۔

اننت نے رھوڈ آئی لینڈ میں براؤن یونیورسٹی سے گریجویشن کی ہے۔ وہ اب تک زیادہ تر آئی پی ایل کی ٹیم ممبئی انڈینز کے انتظامات چلانے میں مشغول رہے ہیں اور اپنی والدہ نیتا امبانی کے ساتھ سماجی اور فلاحی کاموں میں شرکت کرتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سانولے رنگ کا مذاق اڑانے پر تنشٹھا ناراض

20 کروڑ میں شادی یا 20 ہزار میں: آپ اپنی شادی پر کتنا خرچ کرنا چاہیں گے؟

باڈی شیمنگ: ’ہر کمی آپ کی طاقت بن سکتی ہے‘

ان کے ساتھ وزن کا مسئلہ ایک عرصے سے رہا ہے اور انھوں نے اس پر قابو پانے کے لیے سنہ 2016 میں اپنا وزن 108 کلو تک کم کیا تھا اور اس حوالے سے اپنے انسٹاگرام پر تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔

ان کی والدہ نیتا نے ٹائمز آف انڈیا کے ساتھ 2017 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ اننت کو دمے کا مرض رہا ہے اور اس کے لیے انھیں سٹیرائڈز دینے پڑے تھے جس کے ضمنی اثرات ان کے موٹاپے کی وجہ ہیں۔

سوشل میڈیا پر حمایت

سوشل میڈیا پر منگنی کے موقع پر مشاہیر کی تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ بہت سے لوگ اننت امبانی کے موٹاپے کو ٹرول کرتے نظر آ رہے ہیں۔

ایک خاتون نے جب اننت امبانی کے وزن کے بارے میں بات کی تو اس کے جواب میں ایک اکاؤنٹ سے اس کا نے لکھا کہ ’کیا باڈی شیمنگ صرف خواتین تک محدود ہے۔‘

مینک پارکھ نامی ایک صارف نے ٹرولز کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’اننت امبانی جن کو واضح طور پر صحت کے مسائل درپیش ہیں، انھیں موٹاپے کا شکار ہونے اور ایک خوبصورت لڑکی سے منگنی کرنے کی وجہ سے سخت ترین انداز میں ٹرول کیا جا رہا ہے، انٹرنیٹ کچھ ہی عرصے میں اپنی سب سے نچلی سطح پر چلا گیا ہے۔‘

https://twitter.com/Mayank_Parakh/status/1616440942978031622

بھگوان اواچھا نامی ایک صارف نے اسی بابت لکھا کہ ’وزن کے لیے اننت امبانی کا مذاق اڑانے والے ہر ایک کے لیے یہ جاننا ایک سنجیدہ خیال ہو گا کہ تین سالوں میں وہ سپر فٹ ہو سکتے ہیں، لیکن آپ پھر بھی غریب ہی رہیں گے۔‘

ان کے جواب میں ایک رتنا بابو نامی صارف نے لکھا کہ ‘کسی کا مذاق اڑانے کی ضرورت نہیں، خواہ امیر ہو یا غریب۔ ہم تمام میں کچھ ہنسنے والی چیزیں ہیں اور ان سے نکلنا اہم ہے۔ اپنی توانائی کو اس پر لگائیں۔‘

جبکہ رائے کاجل نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’طبی عارضے کے باوجود اننت امبانی کے ساتھ کھڑے رہنے کے لیے رادھیکا مرچنٹ کی واقعی قابل تعریف ہیں۔

’ان کا وزن اس لیے بڑھ رہا ہے کہ انھیں سٹیرائڈ لینا پڑتا ہے۔ دونوں ایک دوسرے کو بچپن سے جانتے ہیں اور وہ بھی (رادھیکا) کروڑ پتی خاندان سے ہیں۔‘

https://twitter.com/roykajal/status/1616634363625734145

چراغ برجاٹیا نامی صارف نے لکھا ’ان لوگوں کو دیکھنے سے زیادہ مضحکہ خیز اور افسوسناک کوئی چیز نہیں ہے جو خود صحت مند نہیں ہیں، موٹے ہیں اور کریش ڈائٹنگ کر رہے ہیں وہ بھی اننت امبانی کا مذاق اڑا رہے ہیں۔  یہ بہت ہی کم درجے کی بات ہے۔’

https://twitter.com/chiragbarjatyaa/status/1616330743659257856

دوسری جانب نچیکیت شیٹی نامی صارف نے اننت کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ ’بھائی، کم از کم منگنی سے 32 دن پہلے اننت امبانی نے کسی ڈائٹیشین کو تنگ نہیں کیا کہ میں 20 کلو وزن کم کرنا چاہتا ہوں نہیں تو میں منگنی نہیں کروں گا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments