یونیورسٹیاں اور پھیری والے استاد


سیکھنے اور سکھانے کا شوق انسان اپنے ساتھ لے کر پیدا ہوتا ہے اور تمام عمر اس مشغلے میں مصروف رہتا ہے۔ اس لحاظ سے دیکھیں تو دنیا دو گروہوں میں تقسیم کی جا سکتی ہے ؛ سکھانے والوں میں اور سیکھنے والوں میں۔ سکھانے والے کو عام زبان میں استاد اور سیکھنے والے کو طالبعلم کہا جاتا ہے۔ آج کی انسانی تہذیب انہی دو کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ تیزی سے رنگ بدلتی دنیا میں استادوں کی ایک جدید قسم وجود میں آ چکی ہے جس نے کم وقت میں اپنی افادیت منوا لی ہے۔ آج بات ہو گی وزیٹنگ ٹیچر یا پھیری والے استاد کے بارے میں۔

جانوروں کی تمام اقسام میں انسانوں کو یہ صلاحیت سب سے زیادہ دی گئی ہے کہ وہ اپنے جیسے دوسرے انسانوں کو کچھ سکھانے کے لئے ہمہ وقت بے چین رہتا ہے۔ زمانہ قدیم سے ہی اس انسانی جبلت کی وجہ سے استادی شاگردی کا رشتہ وجود میں آیا۔ ہزاروں سال سے یہ غیر خونی رشتہ اکیسویں صدی میں سانپ کی طرح کینچلی بدل رہا ہے اور اس کی طرح طرح کی ان سنی شکلیں ظاہر ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ ہم کہ پچھلی صدی کے لوگ عجیب مخمصے میں ہیں کہ ہم نے جو پڑھا اور پڑھایا وہ مانیں یا آج جو زمانہ سکھا رہا ہے اسے مانیں۔

قدیم یونانی تہذیب میں استاد کا معاشرے میں بہت مقام اور عزت تھی جو بعد میں آنے والے ادوار میں بھی قائم رہی۔ نامی گرامی اساتذہ کے پاس علم کے طالب خود چل کر جاتے اور ان کی شاگردی اختیار کرتے۔ ان کی کہی باتوں کو لکھتے یعنی نوٹس بناتے اور ان پر بحث مباحثے کی محفلیں جمتیں اور یوں علم کے پھیلاؤ کا سبب بنتیں۔ بعد ازاں اسلامی تہذیب میں بھی یہ طریقہ رائج رہا۔ ایسے اساتذہ ایک جگہ مقیم رہتے لہٰذا ان کی بدولت مقیم اساتذہ کی قسم وجود میں آئی اور عرصہ دراز تک علم کے طالب دور دراز سے ان اساتذہ تک پہنچتے اور دیر تلک ان کے ساتھ رہتے۔

آہستہ آہستہ درس گاہیں بننا شروع ہو گئیں اور ان میں بہت سے اساتذہ اکٹھے ایک جگہ پر مختلف علوم کی تعلیم دینے لگے۔ یہی طریقہ آج تک رائج ہے اور سیکھنے والوں کی سہولت کے لئے ہر عمر کے طالبعلموں کے لئے درجہ بہ درجہ مختلف درس گاہیں کھلی ہیں۔ والدین اپنی جیب اور ذہن کے مطابق اپنے بچوں کو ان میں داخل کروا دیتے ہیں اور طلباء وہاں ایک خاص مدت تک رہ کر وہاں دی گئی تعلیمات سے مستفید ہوتے ہیں اور کوئی نا کوئی سند لے کر ہی وہاں سے نکلتے ہیں۔

ارض پاک میں اکیسویں صدی میں جہاں درس گاہوں کی بہت سی اقسام وجود میں آ چکی ہیں وہیں علم بانٹنے والے استادوں کی بھی مختلف قسمیں ہیں۔ ان میں مقیم استاد، پکے یعنی پرمننٹ استاد، معاہداتی یعنی کانٹریکٹ استاد، سرکاری یا غیر سرکاری استاد یا پکے یا کچے استاد شامل ہیں۔ کرونا کے بعد ان میں غائب یا برقی یعنی آن لائن استاد اور پھیری والے استاد جنہیں عام زبان میں وزیڑنگ ٹیچر بھی کہا جا سکتا ہے الحمدللہ وجود میں آ چکے ہیں جو استادوں کی اقسام میں نیا اضافہ ہیں۔ ان جدید اقسام میں پھیری والے وہ استاد جو یونیورسٹیوں میں ان درسگاہوں کی ضرورت کے مطابق اپنا علم بانٹتے ہیں خاص توجہ کے مستحق ہیں۔

گزشتہ کچھ سالوں سے پنجاب کے سرکاری محکمہ تعلیم نے اچھے خاصے کالجوں کو یونیورسٹیوں میں تبدیل کرنے بیڑا اٹھا رکھا ہے اور دھڑا دھڑ ایسے ادارے وجود میں آ رہے ہیں جن سے منسلک لوگ رات سوئے تو کالج میں ہیں لیکن طلسم ہوش ربا کی مانند جاگتے یونیورسٹی میں۔ افق سے سورج طلوع ہوتے ہی کچھ اعلی نسل کے محکماتی جنات افسروں کے روپ میں بیچارے معصوم اساتذہ کو یہ خوشخبری دیتے ہیں کہ اب ان کا درجہ کالج کی بجائے یونیورسٹی ٹیچر کا ہو چکا ہے لہٰذا وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

یہ خبر جاں فشاں سن کر معصوم سرکاری اساتذہ پر مرحلہ وار مختلف اثرات مرتب ہوتے ہیں جو پہلے خوشی اور پھر غم کی صورت ظاہر ہوتے ہیں۔ آہستہ آہستہ ان پر یہ انکشاف ہوتا ہے کہ تمام یونیورسٹیوں کی بے بے جان المعروف ایچ ای سی کے مادرانہ حکم کے مطابق صرف پی ایچ ڈی ڈگریاں رکھنے والے ہی یونیورسٹی میں پڑھا سکتے ہیں۔ چونکہ کالجانہ یونیورسٹیوں میں زیادہ تعداد میں ایم اے پاس اساتذہ بھرتی کیے جاتے ہیں لہٰذا ان کا تجربہ اور علم ایک ہی جھٹکے میں عرش سے فرش پر آ جاتا ہے۔ ایسے میں مختلف مضامین کے ماہر اساتذہ یک جنبش قلم نئی پیدا شدہ یونیورسٹی کے منظر نامے سے اچانک غائب ہو جاتے ہیں کیونکہ محکمانہ جناتی افسران نے اس پہلو پر غور ہی نہیں کیا ہوتا۔ یہاں اصل شاعر سے معذرت کے ساتھ یہ کہنا بنتا ہے کہ:

یونیورسٹی تو بنا دی شب بھر میں علم کے ٹھیکیداروں نے
من اپنا پرانا پاپی ہے برسوں میں عالم بن نہ سکا

1رض پاک میں اس گمبھیر صورتحال میں پھیری والے استاد (خصوصی طور پر وہ جو ریٹائر ہو چکے ہوں ) اپنے ٹھیلے پر اپنا تجربہ اور اسناد سجانے آواز لگاتے پھر سے میدان علم میں داخل ہوتے ہیں اور تادیر داخل رہتے ہیں۔ ان نئے نویلے اداروں میں پکے استاد رکھنے کے بجٹ کی کمی اور خاص مضامین میں پی ایچ ڈی نا ہونے کی وجہ سے یہ وزیڑنگ ٹیچر یا پھیری والے استاد خوب کام آتے ہیں۔ ان کے پاس علم اور تجربہ دونوں ہی کافی مقدار میں ہوتا ہے لہٰذا محکمہ ادارہ اور طلباء، سبھی خوش رہتے ہیں۔ بچپن میں پڑھی ابن انشاء کی نظم دم کٹے چوہے کے مصداق:

چوے میاں خوش
ان کی دم بھی خوش
ہم بھی خوش اور
تم بھی خوش
اس سارے قصے میں یوں معلوم ہوتا ہے کہ شب بھر میں یونیورسٹی بنانے کا سنہرا خیال ضرور کسی پھیری والے استاد نے ہی دیا ہو گا۔

ڈاکٹر رافعہ طاہر
Latest posts by ڈاکٹر رافعہ طاہر (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments