کیا ویسٹ انڈیز کوئی ملک ہے؟


ویسٹ انڈیز کا نام سنتے ہی کسی طاقت ور اور بڑے ملک کا تصور ذہن میں آتا ہے۔ مگر آپ سن کر حیران ہوں گے کہ ویسٹ انڈیز کوئی ملک نہیں بلکہ بحر اوقیانوس میں carribean sea کے آس پاس بکھرے ہوئے سات ہزار جزیروں پر مشتمل علاقے اور ایک مضبوط کرکٹ ٹیم کا نام ہے۔ ان جزیروں کے صرف دو فی صد علاقہ پر انسانی آبادی ہے جو لگ بھگ ساڑھے چار کروڑ ہے۔ یہاں 13 آزاد اور 18 محکوم ریاستیں آباد ہیں جو جنوبی امریکا کے شمالی ساحل پر پھیلی ہوئی ہیں۔

ان ریاستوں میں جمیکا، بارباڈوز، کیوبا، ہیٹی، انگوئلا، مونٹسیرٹ، ڈومینیکا، اروبا، بونیر، گیانا، سینٹس کٹس، گرینیڈا، ٹوباگو ٹرینیڈاڈ اور با ہا ماس شامل ہیں۔ 1492ء میں کولمبس دنیا کے مشرقی حصے، انڈیز، یعنی بھارت وغیرہ کی تلاش میں دنیا کے مغربی حصے میں جا پہنچا اور اسے ہی انڈیا سمجھ لیا۔ تاہم جب علم ہوا تو اسے ویسٹ انڈیز ( غرب الہند) کا نام دے دیا۔ اسے carribean بھی کہتے ہیں کیونکہ یہاں carib نام کا قبیلہ آباد تھا۔

اسی نسبت سے وہاں کے سمندر کو carribean sea کہتے ہیں۔ نئے براعظم امریکہ میں برطانیہ نے قدم جمائے توان دنوں کرکٹ کا سحر دنیا پر چھایا ہوا تھا لہٰذا اس خطے میں بھی کرکٹ کا کھیل مقبول ہونے لگا۔ تاہم کسی ایک ریاست یا جزیرے کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم بنانا مشکل تھا۔ اس لیے پہلی بار باربا ڈوز، گیانا اور ٹرینیڈاڈ کی ریاستوں نے 1900ء میں کرکٹ ٹیم تیار کر کے انگلینڈ بھیجی۔ بعد ازاں 1926ء میں انگلینڈ نے بارباڈوز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلا جو انگلینڈ نے بآسانی جیت لیا۔

1950ء میں خطہ کے تمام جزائر سے اچھے اچھے کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے ایک مضبوط ٹیم تشکیل پائی۔ ستر کی دہائی میں اس مشترکہ ٹیم کو بین الاقوامی طور پر تسلیم کر لیا گیا اور اس ٹیم نے 1975ء میں دنیا کو پچھاڑ کر پہلا کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا۔ 1990ء تک ویسٹ انڈین ٹیم ناقابل تسخیر تھی اور اسے کالی آندھی کہا جاتا تھا۔ ویسٹ انڈیز چونکہ ایک قوم نہیں بلکہ قوموں کا مجموعہ ہے اور اس کی سب سے بڑی پہچان کرکٹ ہے لہٰذا اس کے جھنڈے پر گیند، بلا اور وکٹ کی علامات بنی ہوئی ہیں۔ بین الاقوامی مقابلوں میں میچ کے آغاز پر کرکٹ ٹیموں کے ممالک کے ترانے پڑھے جاتے ہیں مگر ویسٹ انڈیز کے لیے کرکٹ اینتھم round the west indies گایا جاتا ہے۔ سیاحت کے حوالے سے بھی ویسٹ انڈیز پسندیدہ جگہ ہے۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments