ضرورت رشتہ اور تصویریں


 ممی اس سے نہیں، توبہ ! کروں گی قدر خاک اس کی
مجھے لگتا ہے ڈر اس سے بہت لمبی ہے ناک اس کی

ہوئی شادی تو پہلا کام؟ میں ڈائی وورس مانگوں گی

میں اس کی ناک پر کیا اپنا اوور کوٹ ٹانگوں گی

نہیں بابا، نہیں بابا،

2

یہ اچکن پہنے بیٹھے ہیں، غلط بولیں گے انگریزی

ہلاکو جیسی آنکھیں ہیں، نگاہیں ان کی چنگیزی

میں کوئی ملک ہوں جو مجھ پہ حملہ کرنے آئے ہو

میاں جاؤ!  میں اک تلوار ہوں کیوں مرنے آئے ہو

نہیں جچتے، نہیں جچتے،

3

”وٹامن بی“کی کچھ اس میں کمی معلوم ہوتی ہے

میرے اللہ نبض اس کی تھمی معلوم ہوتی ہے

میں بیٹ کرتی ہوں امی ہو گا یہ بیمار برسوں سے

بچارا مطمئن ہو گا کم از کم چار نرسوں سے

نہیں امی، نہیں امی،

4

بہت خط اس نے بھیجے، ایک بھی بھیجا نہ لَو لیٹر

میں پچھلے ویک اس سے کر چکی ہوں ڈراپ یہ میٹر

میاں تم مشرقی اور مغربی ہے خاندان اپنا

میں باز آئی محبت سے اٹھا لو پاندان اپنا

نہیں جمتے،  نہیں جمتے،

5

ممی غنڈہ ہے یہ اور نام ہے بی اے شریف اس کا

شراب اور بد معاشی میں نہیں کوئی حریف اس کا

ادھر یہ ڈال کر ڈورے مجھے اپنا بنا لے گا

ہو تم بھی خوبصورت، یہ نظر تم پر بھی ڈالے گا

اری لڑکی،اری لڑکی،

6

نگاہیں نیچی نیچی نام ہے ایم اے لطیف اس کا

خدایا توبہ توبہ جسم ہے کتنا نخیف اس کا

میری نظروں کا پہلا تیر بھی یہ سہہ نہیں سکتا

یہ مر جائے گا بے چارہ یہ زندہ رہ نہیں سکتا

چلو آگے،  چلو آگے،

7

یہ اس کے منہ پہ”مسٹر در پھٹے منہ“کس نے لکھ ڈالا

یہ میرا کام تھا لیکن شرارت کر گئی خالہ

ذرا ٹھہرو میں اس کے ساتھ خالہ کو پھنساؤں گی

اسی خالہ کو”بیگم در پھٹے منہ“میں بناؤں گی

”اری لڑکی،اری لڑکی،“

8

یہ ایل ایل بی ہے پر اللہ بچائے ان وکیلوں سے

یہ ہر اک بات منوالے گا قانونی دلیلوں سے

مجھے ڈائی وورس یہ بائی فورس دے سکتا ہے حیلوں سے

میراگھر لوٹ لے گا قر قیوں سے اور اپیلوں سے

نہیں دیکھو، پر ے پھینکو،

9

یہ شاعر ہے یہ ہر لڑکی کو آہیں بھر کے تکتا ہے

جب اکتا جائے گا کَہ دے گا میڈم تجھ میں ”سکتا ہے“

کرے گا شاعری دن بھر نہیں پیسہ کمائے گا

یہ بھوکا رہ کے راتوں کو گرہ مجھ پہ لگائے گا

نہیں امی، نہیں امی،

10

ارے یہ ڈاکٹر نبضیں حسینوں کی ٹٹولے گا

گنے گا دھڑکنیں دل کی،  گریبانوں کو کھولے گا

شریکِ زندگی بن کر میں جینے کو تو جی لوں گی

جو اس پر شک ہوا میں ٹنکچر آیوڈین پی لوں گی

نہیں بابا، نہیں بابا

11

امی اب بس کرو بس بس غلط ہیں سب یہ تدبیریں

محبت میں نہ کام آتی ہیں تصویریں نہ تقریریں

جو سچ پوچھو شرابِ عشق سپِ کرتی رہی ہوں میں

وہی اچھا ہے جس سے کورٹ شپ کرتی رہی ہوں میں

بہت اچھا -!

بہت اچھا -!

راجہ مہدی علی خان
Latest posts by راجہ مہدی علی خان (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).