’مودی کو ٹانگیں دکھانے‘ پر پرینکا پر تنقید


انڈیا میں اداکارہ پرینکا چوپڑا کی وزیراعظم مودی سے ملاقات کے موقعے پر ایک ایسا لباس پہننے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے جس میں ان کی ٹانگیں نظر آ رہی تھیں۔ وزیراعظم مودی اور پرینکا چوپڑا کی ملاقات برلن میں ہوئی۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ پرینکا چوپڑا نے ایسا کر کے وزیراعظم مودی کی توہین کی ہے۔

اس تنقید کے جواب میں پرینکا چوپڑا نے اپنی والدہ کے ہمراہ اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں دونوں نے ایسا لباس پہنا ہے کہ ٹانگیں نظر آ رہی ہیں۔ اس تصویر کے ساتھ انھوں نے لکھا ’لیگز فار دی ڈے‘۔

یاد رہے کہ انڈیا میں دیگر اداکاراؤں کے لباس کے حوالے سے ماضی میں بھی تنازعات ہوتے رہے ہیں۔ دیپکا پاڈوکون نے 2014 میں ایک اخبار پر تنقید کی تھی کہ اخبار نے بے وجہ ان کی ایسی تصویر ٹوئیٹ کی جس میں ان کا کلیویج نظر آ رہا تھا۔

اس موقع پر اخبار کے نام ایک ٹویٹ میں دیپکا نے لکھا تھا ’ہاں میں ایک عورت ہوں۔ میری بھی بریسٹ اور کلیویج ہے! آپ کو کوئی پرابلم ہے؟‘

اس ٹویٹ کے بعد متعدد اداکاراؤں نے ان کی حمایت کی تھی۔

حالیہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب فلم بے واچ اور امریکن سیریز کوانٹیکو میں کام کرنے والی پرینکا نے انڈین وزیراعظم مودی کے ساتھ برلن میں ملاقات کے بعد ایک تصویر شیئر کی اور ملاقات کے لیے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

زیادہ وقت نہیں گزرا تھا کہ یہ ’توہین آمیز‘ لباس موضوعِ بحث بن گیا اور بہت سے لوگ تبصرے کرنے لگے کے انھوں نے کیسے نریندر مودی اور ان کے حامیوں کی توہین کی ہے۔

پرینکا نے خود پر تنقید کرنے والوں کو براہِ راست جواب نہ دینے کا فیصلہ کیا لیکن جواب میں انسٹاگرام پر اپنی والدہ کے ہمراہ اپنی ایسی تصویر شیئر کی جس میں وہ سکرٹ پہنے نظر آ رہی ہیں۔ ان کی اس تصویر کو سراہتے ہوئے ایک ’کلاسی کم بیک‘ قرار دیا گیا۔

چار گھنٹے سے بھی کم وقت میں اس پوسٹ پر ایک لاکھ سے زیادہ لائیکس آئے۔ جہاں پرینکا نے خود پر تنقید کرنے والوں کو براہِ راست کوئی جواب نہیں دیا وہیں ان کے کئی مداح ان پر تنقید کرنے والوں کا جواب دیتے نظر آئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp