جب صوفی محمد کے لئے ہلال قائداعظم کا مطالبہ کیا گیا


محمد حنیف نامی ایک مشتبہ لکھنے والے کی 18 فروری 2009 کی ایک تحریر اسی صفحے پر پیش کی گئی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ سب لکھنے والے حمیت سے ایسے خالی نہیں تھے۔ محترم اسلم لودھی صاحب نے فروری 2009ء ہی میں نوائے وقت کے مدیر اعلیٰ ڈاکٹر مجید نظامی کے نام ایک مکتوب میں عزت مآب مولانا صوفی محمد کے لئے ہلال قائداعظم کا مطالبہ کیا۔ غالباً یہ مطالبہ اس لٓئے تسلیم نہیں کیا گیا کہ داڑھی منڈے محمد علی جناح کے نام سے نسبت پانا حضرت صوفی محمد کے شایان شان نہیں تھا۔ نوائے وقت میں شائع ہونے والے مکتوب کا متن تلخابہ مکرر کے طور پر حاضر ہے۔

٭٭٭    ٭٭٭

مکرمی! ایک ایسے علاقے میں جہاں چالیس ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود امن قائم نہیں کیا جا سکا ان حالات میں ایک ایسے شخص نے صرف چند دنوں میں بغیر کسی جانی و مالی نقصان کے وادی سوات میں نہ صرف امن قائم کر دیا بلکہ وادی کی ساری رونقیں بحال کر دیں اگر یہی کام کوئی انگریز کرتا تو نوبل انعام کا حق دار ٹھہرتا دنیا سے تو ہمیں اس کی توقع نہیں ہے لیکن پاکستانی حکمرانوں سے میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا ایسا عظیم شخص ہلال قائداعظم کا مستحق نہیں ہے۔ میں تو سمجھتا ہوں صوفی محمد نے تحریک نفاذ شریعت محمدی کے پلیٹ فارم پر عظیم کارنامہ انجام دیا ہے۔ جس سے نہ صرف سوات میں امن قائم ہو گیا بلکہ پورے ملک میں خود کش حملوں کا سلسلہ بھی رک جائے گا۔ اگر غور سے دیکھا جائے تو صوفی محمد نے تحریک طالبان کو جن چند شرائط پر ہتھیار پھینکنے، علاقے میں اپنی تمام چیک پوسٹیں ختم کرنے، فوج اور انتظامیہ کے خلاف حملوں کو روکنے، تمام تعلیمی اداروں سمیت کاروباری اداروں کو تحفظ فراہم کرنے پر آمادہ کر لیا ہے ۔

پاکستانی حکمرانوں سے میں یہی کہنا چاہتا ہوں کہ اس معاہدے کو سوات میں ہی کیوں برقرار رکھا جائے بلکہ اس کا دائرہ کار باجوڑ سمیت تمام قبائلی علاقوں تک پھیلا کر پور ے ملک کو خود کش دھماکوں سے نجات دلائی جائے۔ امریکہ کو خوش کرنے کی ضد اور خیرات مانگنی چھوڑ دیں خدارا اپنے ملک اور اپنے ہم وطنوں پر رحم کھائو فوج، پولیس اور فرنٹیر کانسٹبلری میں بھی ہمارے ہی بھائی ملکی دفاع کی جنگ لڑ رہے ہیں ان کو بھی امریکی مفادات کی بھینٹ نہ چڑھائو او سوات، باجوڑ سمیت تمام قبائلی علاقوں میں مقامی لوگوں کا من پسند اسلامی نظام نافذ کر کے وہاں زندگی کی سہولتیں فراہم کرو تاکہ جو لوگ پاک فوج کے ہاتھوں یا امریکہ کے ہاتھوں اپنے بچے اور گھر بار تباہ کروا چکے ہیں ان کو بھی قومی دھارے میں لا کر اس ملک کو بچایا جا سکے۔

(محمد اسلم لودھی، بک رائٹر کالم نگار، لاہور)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).