کیا نواز شریف جانتے ہیں کہ پاڑہ چنار پاکستان ہی کا حصہ ہے ؟


پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے مرکزی شہر پاڑہ چنار میں ہونے والے دو دھماکوں کے بعد ہونے والا احتجاجی دھرنا گذشتہ چار روز سے جاری ہے۔ دھرنے کے شرکا کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے وہ دھرنا جاری رکھیں گے۔ خیال رہے کہ جمعے کی شام پاڑہ چنار میں کڑمان اڈہ کے قریب ہونے والے ان دو دھماکوں میں 60 کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے دھرنے کے منتظم ثاقب بنگش نے بتایا کہ ’27ویں رمضان سے یہ دھرنا مسلسل جاری ہے اور جب تک ان کے مطالبات سنے نہیں جاتے یہ دھرنا جاری رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ہماری برداشت ختم ہو چکی ہے، ہر مہینے دھماکہ، ہر مہینے سو ہلاکتیں، اتنا بڑا علاقہ تو نہیں جس کو سکیورٹی نہ دی جا سکے۔سکیورٹی کے اتنے بڑے دعووں کے نتیجے میں ہمیں سو لاشوں کا تحفہ مل رہا ہے۔’

ان کا کہنا تھا کہ ’وزیر اعظم نواز شریف کو تو یہ اندازہ بھی نہیں ہے کہ پاڑہ چنار پاکستان میں ہے یہ کسی دوسرے ملک میں۔‘

ثاقب بنگش کا کہنا تھا کہ ‘کور کمانڈر آئے تھے اور ہمیشہ کی طرح صرف یہ کہہ کر چلے گئے کہ آپ کے مطالبات پورے کیے جائیں گے، تاہم آج تک ایسا نہیں ہوسکا ہے۔ اب تک 11 دھماکے ہو چکے ہیں، یہ کوئی تیسری دنیا سے آکر تو نہیں کرتا، آخر یہ دھماکے کرنے والے پاکستان میں موجود ہیں۔’

ثاقب بنگش نے بتایا کہ جب تک اس علاقے کی سکیورٹی کا ذمہ مقامی لوگوں کو دیا گیا تھا سب ٹھیک تھا تاہم ان کے بقول جب سے ‘ہم سے سکیورٹی لی گئی ہے تو ایسے مسائل روز ہو رہے ہیں۔’

انھوں نے حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں میں کوئی وقعہ پیش آتا ہے تو لاکھوں روپوں کی امداد کا اعلان کیا جاتا جبکہ پاڑہ چنار میں ایسا کچھ نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے اواخر میں پاڑہ چنار میں خواتین کی ایک امام بارگاہ کے نزدیک بم دھماکے میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ جبکہ رواں سال جنوری میں پاڑہ چنار میں سبزی منڈی کی عیدگاہ مارکیٹ کے قریب والے دھماکے میں بھی کم از کم 24 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp