منو بھائی روبہ صحت ہیں


پاکستان کے ممتاز صحافی اور اساطیری کالم نگار منیر احمد قریشی المعروف منو بھائی ہسپتال میں روبہ صحت ہیں۔ انہیں چند روز قبل فشار خون اور دوسری طبی پیچیدگیوں کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق کل دس جولائی تک انہیں ہسپتال سے گھر بھیج دیا جائے گا۔

منو بھائی 1933 میں وزیرآباد میں پیدا ہپوئے۔ انہوں نے اپنی تعلیم اٹک میں مکمل کی۔ پچاس کی دہائی میں صحافت سے منسلک ہو گئے۔ منو بھائی کی صحافت انسان دوستی، جمہوریت نوازی، معاشی انصاف، رواداری اور عامل صحافیوں کے حقوق کے لئے جدجہد سے عبارت ہے۔

منوبھائی نے ساٹھ کی دہائی میں کالم نگاری شروع کی اور احمد ندیم قاسمی، انتظار حسین، ابراہیم جلیس اور ابن انشا جیسے قدآور کالم نویسوں کے عہد میں پانی ایک منفرد آواز پیدا کی۔ انہوں نے اپنے صحافتی کیریر کا بڑا حصہ روز نامہ امروز اور روز نامہ جنگ میں صرف کیا۔ منو بھائی کی کالم نگاری کا دور عروج ضیا آمریت کے دوران سامنے آیا جب انہوں ے منفرد علامات اور استعاروں کی مدد سے امریت کے خلاف زبردست مزاحمت کی۔ منو بھائی ایک باکمال ڈرامہ نویس بھی ہیں۔ پاکستان ٹیلی ویژن پر ان کے لکھے بیشتر ڈرامے قومی تمثیلی تاریخ کا روشن باب ہیں۔

ملک بھر کے صحافتی حلقے منو بھائی کی مکمل صحت یابی اور درازی عمر کے لئے دعا گو ہیں


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).