پنجگور میں ایف سی قافلے پر حملہ: لیفٹیننٹ کرنل اور دو جوان شہید


پنجگور اور واشک کے درمیانی علاقے شنگر میں نا معلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر ایف سی قافلے پر حملہ کیا جس میں ایک لیفٹیننٹ کرنل سمیت تین جوان شہید اور ایک کرنل سمیت دو جوان زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نامعلوم شرپسندوں نے گھات لگا کر ایف سی کے قافلے کو اس وقت نشانہ بنایا جب قافلہ شنگر سےگزر رہا تھا۔ حملے میں لیفٹیننٹ کرنل عامر وقار لانس نائیک مسعود اور سپاہی عرفان شہید ہوگئے جبکہ کرنل شجیح اللہ حولدار عطاء الرحمنٰ اور سپاہی سعود زخمی ہوگئے ،شہید اور زخمی ہونے والے جوانون کا تعلق 59 ونگ سے ہے۔ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر شہیدوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

درایں اثناء وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں ایف سی کے اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے، ایک تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کو دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں تاہم دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا جائے گا۔ دہشت گرد فورسز کی کامیاب کارروائیوں سے بوکھلاہٹ کاشکار ہوکر چھپ کر حملے کر رہے ہیں تاہم بچے کھچے دہشت گردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے تحفظ کیلئے ایف سی اوردیگر سیکورٹی ادارے جانوں کے نذرانے پیش کرکے نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جلد ملک و صوبے میں مکمل امن قائم ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کوسلام پیش کرتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

 دریں اثنا تحصیل پروم میں درگے دپ لیویز چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ لیویز کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتارکر لیا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے تفصیلات کے مطابق پنجگور کی تحصیل پروم میں درگے دپ لیویز چیک پوسٹ پرعلی الصبح نامعلوم افراد نے جدید ہتھیاروں سے حملہ کردیا لیویز فورس کی بروقت جوابی کاروائی میں ایک حملہ آورکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے حملہ آوروں کی فائرنگ سے لیویز چیک پوسٹ کی کھڑکی اور دروازے کو معمولی نقصان پہنچا۔ لیویز ذرائع کے مطابق زخمی حملہ آور کا نام نذیر احمد بتایا جاتا ہے جو پروم پنجگور کا رہائشی ہے۔ زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال پنجگور منتقل کر دیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).