کرنٹ افیئر پروگرام کا پرومو بنانے کا فارمولا


اگر آپ کرنٹ افیئر، یعنی حالات حاضرہ پر مبنی پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں تو اس کی تشہیر کے لیے بھی آپ کو ایک ویڈیو بنانا ہو گی۔ اس تشہیری ویڈیو کو میڈیا کی زبان میں پرومو کہا جاتا ہے (جو پروموشن سے نکلا ہے)۔

تو ایسا پرومو بنانے کا بہت سادہ سا فارمولا ہے۔
سب سے پہلے اینکر کو شہر کی سڑکوں پر گواچی گاں کی طرح پھرتے ہوئے دکھائیں۔
اسے شہر کی کسی تاریخی یا اہم عمارت میں داخل اور خارج ہوتے دکھائیں۔ یا اینکر کو کسی بہت ہی اونچی عمارت پر لے جائیں جہاں کھڑا ہو کر وہ شہر کو غور سے دیکھے (اور دل میں سوچے کہ کہیں شاٹ بنوانے کے بعد پروڈیوسر دھکا تو نہیں دے گا)۔

اینکر کو کسی لائبریری لے جائیں، یہاں وہ کتابوں سے بھری الماری سے سب سے موٹی کتاب نکالے اور یوں پڑھنے لگے جیسے سی ایس ایس کی تیاری کر رہا ہے۔
کتاب پڑھنے کے ساتھ ساتھ اسے نوٹس لیتے ہوئے بھی دکھائیں۔
ایسا شاٹ بھی ضروری ہے جس میں اینکر اخبار پڑھے اور کسی اہم خبر کے گرد دائرہ لگائے۔

اس کے بعد کسی تاریک سے کمرے میں اینکر کو لیپ ٹاپ پر کچھ ٹائپ کرتے ہوئے دکھائیں۔ ٹائپنگ کرتی انگلیوں کے کلوز شاٹس بھی لیں۔
اگر آپ کا اینکر چشمہ پہنتا ہے تو یہ آپ کی خوش نصیبی ہے۔ چشمے کا کلوز اپ لیں، اینکر کو چشمہ اتارتے یا پہنتے دکھائیں۔ لیپ ٹاپ اسکرین کا عکس چشمے پر پڑ رہا ہو، یہ شاٹ تو مس کیا ہی نہیں جا سکتا۔

اینکر کو کوٹ پینٹ پہنا کر کیمرے کے سامنے تھوڑا ٹیڑھا کر کے کھڑا کر دیں۔ وہ اپنے بازو سمیٹ کر سینے پر باندھ لے (جیسے سردی لگنے پر کیا جاتا ہے) اور کیمرے کو غصے سے دیکھے۔
ایسا شاٹ ضرور لیں جس میں اینکر نے اپنی ٹھوڑی کے نیچے ہاتھ رکھا ہو اور کچھ سوچ رہا ہو۔
اینکر فون کر رہا ہو، یا سن رہا ہو۔ ایک آدھا ایسا شاٹ بھی لے چھوڑیں۔
پروگرام پروڈکشن سے متعلق بھی کچھ شاٹ لے لیں، جیسے کہ آڈیو کنسول پر جلتی بجھتی بتیاں، وڈیو مکسر پر بٹن دباتے ہاتھ۔ ایسے شاٹ آپ کے پرومو میں ایک تکنیکی سا تاثر چھوڑ دیں گے۔

اب آپ کا پرومو تیار ہے، بس پس منظر میں اینکر کی آواز میں کچھ بے مقصد جملے بلوائیں۔ یہ جملے چاہے کسی کی سمجھ میں نہ آئیں لیکن اتنا ضرور پتہ چل جائے کہ آنے والے پروگرام میں اینکر نے کوئی بہت ہی کمال کر دینا ہے۔ اگر آپ کے اینکر پہلے ہی کوئی کمال وغیرہ کر چکے ہیں تو اس کا ذکر ضرور کریں۔ اور یہ بھی کہ غیر جانبدارانہ تجزیہ تو صرف ہم ہی دے سکتے ہیں دوسرا کوئی نہیں، اور یہ کہ اپنے پروگرام میں جو آپ بتائیں گے وہ کوئی دوسرا تو بتا ہی نہیں سکتا۔

اب اس ملغوبے کو تیز آنچ پر پکائیں، یعنی تیز میوزک کے ساتھ جلدی جلدی ایڈٹ کریں اور ناظرین کے سامنے پیش کر دیں۔

عمیر محمود

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عمیر محمود

عمیر محمود ایک خبری ٹیلی وژن چینل سے وابستہ ہیں، اور جو کچھ کرتے ہیں اسے صحافت کہنے پر مصر ہیں۔ ایک جید صحافی کی طرح اپنی رائے کو ہی حرف آخر سمجھتے ہیں۔ اپنی سنانے میں زیادہ اور دوسروں کی سننے میں کم دلچسپی رکھتے ہیں۔ عمیر محمود نوک جوک کے عنوان سے ایک بلاگ سائٹ بھی چلا رہے ہیں

omair-mahmood has 47 posts and counting.See all posts by omair-mahmood