سبین محمود کا دل، احمد نورانی کی خبر اور مزار قائد چھوڑ دو


کیا T2F

کراچی کے پوش علاقے کی اسٹریٹ نمبر 5 ہے؟

یا گولڈ مارکیٹ سے آتے ہوئے

دائیں ہاتھ پر وہ تیرا مکاں

جس کے لیے مرزا غالب نے کہا تھا کہ

“مجنوں جو مر گیا ہے تو جنگل اُداس ہے!”

کیا  T2F  کچھ کتابوں

موسیقی کے پرانے ریکارڈوں

کچھ کرسیوں

سادہ سے ساؤنڈ سسٹم

اور ایک مائیک کا نام ہے؟

کیا  T2F مفت کا وائی فائی کوڈ

جھلملاتی بتیوں

ٹھنڈک دیتے اے سی

یا ریسپشن پر بیٹھے اس لڑکے کا نا م ہے

جو ہر آنے والے کو “سر” کہہ کر مخاطب کرتا ہے؟

یا T2F اس کیفے ٹیرس کا نام ہے

جہاں مینو جس پر دیسی کھانوں کے انگریزی نام لکھے ہیں

جہاں کھانے والے انگریزی میں آرڈر دیتے ہیں

کھانا لانے والا اردو میں بات کرتا ہے

پنجابی میں ہنستا ہے

اور اپنی ماں کی بولی میں اداس ہوتا ہے؟

کیا T2F ان کتابوں کا نام ہے؟!!

جو وہاں ایسے بکھری ہوئی ہیں

جیسے کوئی ماں گھر میں

بچوں کے کپڑے ڈال دیتی ہے

اور جب چاہتی ہے

تو انہیں کہیں اور سنبھال لیتی ہے

یہ کپڑے کبھی پرانے نہیں ہوتے

T2F  کیا ہے ؟

میر محمد علی ٹالپر

کہتے ہیں کہ

“T2F ۔۔۔ میرا خواب گھر

آوارہ گردوں کی روح!

برداشت اور تحمل سکھانے کا انسٹی ٹیوٹ!

کتھک کی تصویر

اور موسیقی کی خوشبو ہے

پھر آواز بھر آتی ہے ٹالپر صاحب کی

محفل میں سکوت طاری ہوجاتا ہے

صاف دکھائی دیتا ہے کہ

وہ اپنی آنکھوں سے آنسو

صاف کر رہے ہیں

ایسا معلوم ہوتا ہے کہ

ساحل کے کنارے تک پانی آ رہا ہے

پھر ٹالپر صاحب کہتے چلے جاتے ہیں۔۔۔

T2F  کیا ہے؟!!

سبین کا دل جسے چھید دیا گیا

ڈان کا اداریہ ہے جو لیکس ہونے کے بعد لکھا جاتا ہے

احمد نورانی کی خبر ہے

راشد رحمان کی ایف آئی آر ہے

جناح کا خواب ہے

T2F ….

“سب کہہ دو” کا اعلان

کچھ نہ چھپاؤ، دل کی بات لبوں تک لاؤ

جہاں آدمی انسان بنتے ہیں

کمزور کو آواز ملتی ہے

T2F  ….

کا کتابوں میں ذکر ملتا ہے

بلوچ کے دل میں T2F کا پتا لکھا ہے

جس جگہ سلام کیا جائے

جہاں نمسکار کیا جائے

جہاں دلوں کو صلیب سے اتارا جائے

جہاں آنکھوں سے کانٹے چنے جائیں

یہاں جوتوں سمیت مت داخل ہو


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).