اس مرتبہ بھارت میں ٹوپی کون پہنائے گا؟


انڈیا کی ریاست ہماچل پردیش کے لوگ اپنی ایک مخصوص طرز کی ٹوپی سے پہچانے جاتے ہیں۔ یہ ٹوپی عموماً کئی طرح کے رنگ برنگے پھولوں کی ڈیزائن سے مزین ہوتی ہے۔ لیکن گذشتہ کچھ سالوں میں یہ ٹوپی سیاسی رنگ میں رنگ گئی ہے۔ اب لال اور ہرے رنگ کی ٹوپیاں زیادہ چلن میں ہیں۔ انتخات کے دوران الگ رنگوں کی ٹوپیوں سے پتہ چلتا ہے کہ کون کس پارٹی کا حمایتی ہے۔

شملہ میں ٹوپی پہنے ہوئے ایک رہائشی ریتا نیگی کہتی ہیں ‘ٹوپی ہمارے سر کا تاج ہے۔ ٹوپی پہننے کا رواج بہت پرانا ہے۔ خاص خاص موقعوں پر مرد اور عورت سبھی ٹوپیاں پہنتے ہیں۔ مہمانوں کی عزت افزائی کے لیے ٹوپی تحفے میں دی جاتی ہے۔’

ہماچل پردیش کی شناخت مخصوص طرز کی رنگ برنگے بیل بوٹوں سے مزین ٹوپیاں ہیں۔ کچھ سالوں سے ہماجلی ٹوپی سیاسی رنگ میں رنگ گئی ہے۔ کانگریس کے حامی رویش ٹھاکر دتا کہتے ہیں ‘ٹوپی اب سیاست میں تقسیم ہو گئی ہے۔ لال ٹوپی بی جے پی کی ہو گئی اور ہری ٹوپی کانگریس کی۔’

ٹوپی کی دکان پر دکاندار سیما شرما کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دنوں میں لال اور ہری ٹوپیاں زیادہ فروخت ہو رہی ہیں اور روایتی ٹوپی کم بک رہی ہے۔

ہری ٹوپی کانگریس سے اور لال ٹوپی بی جے پی سے کیسے منسوب ہوئی اس کے بارے میں الگ الگ لوگوں کی الگ کہانیاں ہیں۔

بی جے پی کے ایک حامی بالک رام کہتے ہیں ‘ریاست میں کانگریس کی حکومت آتی ہے تو سبھی لوگ ہری ٹوپیاں پہننا شروع کر دیتے ہیں۔ اگر اس بار بی جے پی اقتدار میں آگئی تو جنوری سے ہر کوئی لال ٹوپی پہنے ہوئے نظر آئے گا۔’

لیکن ہما چل پردیش کے شہریوں کا خیال ہے کہ ریاست کی شناخت کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے۔ رویندر سنگھ کہتے ہیں ‘ٹوپی پر کوئی سیاست نہیں ہونی جاہیے۔ ٹوپی ہماری شان ہے۔ کوئی ہرے رنگ کی پہنے یا لال رنگ کی اسے سیاست سے نہ جوڑا جائے تو اچھا ہے۔’

ریاست میں نو نومبر کو انتخابات ہورہے ہیں۔ وہاں یہ ٹوپی اب سیاسی پرچم بن گئی ہے۔ لوگ الگ رنگوں کی ٹوپیوں میں نظر آتے ہیں۔ لیکن ایک بات طے ہے کہ الیکشن میں جو بھی پارٹی جیتے گی آنے والے دنوں میں اسی کی ٹوپی زیادہ نطر آئے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp