چار اوورز میں صفر رنز دے کر دس وکٹیں


انڈیا کے ایک ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر نے ٹی ٹوئنٹی کے ایک مقامی میچ میں ایک بھی رن دیے بغیر دس کی دس وکٹیں حاصل کر لیں۔
پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر، آسٹریلین فاسٹ بولر بریٹ لی، انڈین بولر ظہیر خان اور جسپریت بمراہ کی بولنگ کو دیکھتے ہوئے کرکٹ کھیلنے والے آکاش چودھری نے بدھ کو راجستھان کے شہر جے پور میں یہ انوکھا کارنامہ انجام دیا۔

اس میچ میں ان کی ٹیم ’دِشا کرکٹ اکیڈمی‘ نے پہلے کھیلتے ہوئے 156 رنز بنائے جس کے جواب میں ’پرل کرکٹ اکیڈمی‘ صرف 36 رنز بنا سکی اور آکاش نے سارے کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آکاش چودھری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا: ’میں نے پہلے اوور میں دو وکٹیں لیں۔ اس کے بعد دوسرے اور تیسرے اوورز میں بھی دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ آخری اوور میں چار وکٹ لیں جس میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔ چھ کھلاڑیوں کو بولڈ اور باقی چار کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ ‘

کرکٹ کاجنون کی حد تک شوق

آکاش نے بتایا: ’میں نے 15 سے زیادہ بار ایک میچ میں پانچ وکٹیں لی ہیں جس میں کئی بار چھ اور سات وکٹیں بھی ہیں۔ سارا دن صرف کرکٹ ہی میرے ذہن پر سوار رہتا ہے۔ صبح اٹھ کر چھ بجے سے سیشن شروع ہو جاتا ہے، اس کے بعد فیلڈنگ ہوتی ہے۔ لنچ کے بعد تین بجے سے نیٹ پریکٹس شروع ہوتی ہے۔ ‘

آکاش بتاتے ہیں: ’مجھے شعیب اختر، جسپریت بمرا اور بریٹ لی بہت پسند ہیں لیکن میں کسی کی نقل نہیں کرتا کیونکہ اس سے نہ تو آپ اپنے رول ماڈل جیسے بن پاتے ہیں اور نہ ہی آپ وہ بن پاتے ہیں جو بننا چاہتے ہیں۔ ‘

آکاش کے ساتھ کھیلنے والے پارتھ اپادھیائے نے بی بی سی کو بتایا: ’جس عمر میں آکاش اتنی شاندار بولنگ کر رہے ہیں اس سے ان کے رنجی ٹرافی میں منتخب ہونے کی بہت امید ہے۔ عام گیند بازوں کا بڑا ہتھیار سٹاپ بال ہوتا ہے لیکن آکاش ان سوئنگ اور آؤٹ سوئنگ دونوں کراتے ہیں۔ ٹی 20 کے بہت مؤثر بالر ہیں کیونکہ وہ سلو اور کٹر گیندیں بھی پھینک لیتے ہیں۔ ‘

ان کے کوچ وویک یادو نے بی بی سی کو بتایا کہ آکاش میں بہت صلاحیت ہے اور ان میں اسے نکھارنے کے لیے سخت محنت کرنے کا جذبہ بھی ہے۔

وہ کہتے ہیں: ’آکاش روزانہ آٹھ گھنٹے مشق کرتے ہیں۔ ان کی عمر ابھی صرف 15 سال ہے اور وہ 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی اوسط رفتار سے بولنگ کرتے ہیں۔ ‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp