مالٹا کی زبان میں مخلوط تاریخ کی دلچسپ جھلک


بحیرۂ روم کے کنارے واقع مالٹا جزیرہ صرف دھوپ، صاف نیلے پانی اور تاریخی مقامات کی وجہ سے اپنی زبان کی وجہ سے بھی اپنی نظیر آپ ہے۔

دنیا کے سب سے چھوٹے ممالک میں سے ایک اس جزیرے کی جغرفیائی اہمیت کی وجہ سے اس پر حکومت کرنے والوں میں یونانی، رومن، بازنطینی، عرب، نارمن، سسلیئن، ہسپانوی، فرانسیسی، اور برطانوی حمکراں شامل ہیں اور سبھی نے اپنا رنگ چھوڑا ہے۔

یہاں میڈیٹرینیئن رنگ صاف جھلکتا ہے۔ اسی نوعیت کی عمارتیں، اسی طرح کا موسم، اسی طرح کے مناظر۔ لیکن مالٹا کے جزیروں کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں ہسپانوی، اطالوی، رومی اور برطانوی اثر کے ساتھ ساتھ خطے کی عرب تاریخ بھی نمایاں ہے اور یہ آپ کو نہ صرف مقامات کے ناموں بلکہ مالٹا کی زبان میں نظر آتی ہے۔

یہاں کی زبان ان مخلتف ثقافتوں اور تاریخ کے ادوار کی سب سے دلچسپ عکاس ہے۔

مالٹیز زبان باقی یورپی زبانوں سے بالکل مختلف ہے۔ اس کا تعلق فرانسیسی، ہسپانوی اور اطالوی زبانوں سے نہیں ہے۔ یعنی یہ ایک ‘رومانس لینگویج’ نہیں ہے، بلکہ اس کا تعلق عربی اور عبرانی زبانوں والے گروپ سے ہے، یعنی یہ ایک سامی زبان ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مالٹیز عربی زبان سے شروع ہوئی۔

یہ بات آپ کو علاقے کے پُرانے ناموں میں دکھائی دیتی ہے۔ لمدینہ (مسلمان حکمرانوں کا پرانہ مرکز المدینہ)، جزیرہ، غین طیبہ، غین الکبیرہ جیسے نام اب بھی قائم ہیں حالانکہ یہاں عرب حکمرانی نویں صدی کے اواخر (870) سے 11ہویں صدی تک ہی قائم تھی اور پھر صدیوں تک ہسپانیہ کے کیتھولک حکمرانوں نے یہاں کا انتظام سنبھالے رکھا۔

مالٹیز زبان میں جس لفظ میں ‘ال’ ہے اس کو مختصر کر کے ‘ل’ کہا جاتا ہے۔ اور الوداع کہنے کے لیے عربی کا لفظ ‘صحتہ'(یعنی کہ اچھی صحت کی دعا) استعمال کیا جاتا ہے ۔

سڑک کا لفظ بھی اب بھی وہ ہی ہے جو عربی میں ہے یعنی ’طریق۔‘ اس کی کئی مثالیں دیکھ لیجیے، طریق اس سلیب اِممقدس (عربی کے اسلیب المقدس سے)، طریق التُرستی (اطالوی اور ہسپانوںی زبانوں میں سیاحوں کی اصطلاح سے) وغیرہ وغیرہ۔

یہاں مالٹیز زبان میں گنتی بھی عربی کی ہے، البتہ لہجہ تھوڑا مختلف ہے۔ اس زبان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ شمالی افریقہ یا مغرب کے ممالک کے لوگ اس کا بیشتر حصہ سمجھ سکتے ہیں۔

ہسپانوی زبان میں بہت سارے الفاظ عربی سے آئے ہیں لیکن مالٹیز زبان کا پورا ڈھانچہ ہی عربی کا ہے اور اس میں انگریزی اور یورپی زبانوں کے الفاظ اور فقرے شامل کر دیے گئے ہیں۔

مالٹیز زبان تاریخ دانوں اور ماہرینِ لسانیات کے لیے ایک بہت ہی دلچسپ کہانی بیان کرتی ہے۔ ہاں عربی حروف یہاں نہیں رہے ہیں لیکن یہ زبان زندہ ہے اور اس زبان میں آپ کو ان جزیروں کی علاقائی اور ثقاقتی تاریخ کی دلچسپ جھلک دکھائی دیتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32498 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp