پی ایس ایل میں شامل ہونے والے نئے چہرے کون ہیں؟


کرکٹ

پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کی فاتح ٹیم پشاور زلمی

گذشتہ دو سال سے ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹورنامنٹس کی کامیابی اور شائقین کی دلچسپی کی بڑی وجہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شمولیت رہی ہے۔

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے لیے اتوار کے روز لاہور میں پلیئرز ڈرافٹ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ٹیموں نے اگلے سال ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے اپنی سکواڈز کو حتمی شکل دی اور ان میں کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے پہلی دفعہ پی ایس ایل میں شریک ہونے کے لیے اپنے نام ڈرافٹ میں شامل کیے اور مختلف ٹیموں کا حصہ بن گئے۔

اسی مناسبت سے بی بی سی اردو نے ٹورنامنٹ میں شامل چھ ٹیموں کا جائزہ لیا تاکہ دیکھا جا سکے کہ ان میں کون سے ایسے نئے نام ہیں جو پہلی بار پی ایس ایل میں اپنے جوہر دکھائیں گے۔

کرکٹ

مچل جانسن:

آسٹریلیا کے بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے فاسٹ بولر مچل جانسن کو کراچی کنگز نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کر کے اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ دو سال قبل ریٹائر ہونے والے آسٹریلوی فاسٹ بولر اپنے دس سالہ انٹرنیشنل کیریئر میں دنیائے کرکٹ کے تیز ترین بولرز میں شامل تھے اور انھوں نے 96 ٹی20 میچوں میں 114 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

کرکٹ

عمران طاہر:

ایک روزہ میچوں میں عالمی نمبر دو اور ٹی 20 میں عالمی نمبر پانچ جنوبی افریقہ کے لیگ سپنر عمران طاہر کو پی ایس ایل میں شامل ہونے والی نئی ٹیم ملتان سلطان نے پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کیا ہے۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے عمران طاہر تقریباً دو دہائیوں سے جنوبی افریقہ میں کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اب تک 211 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

عمران طاہر ورلڈ الیون کی ٹیم کا حصہ تھے جس نے حال ہی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

کرکٹ

جے پی ڈومنی:

جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کیا ہے۔ جے پی ڈومنی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن حال ہی میں انھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم کی قیادت کی تھی۔ اس کے علاوہ وہ انڈین پریمئیر لیگ کی ٹیم دہلی ڈیئر ڈیولز کی بھی قیادت کر چکے ہیں۔

کرکٹ

کرس لِن:

آسٹریلیا کے جارحانہ بلے باز کرس لن کو لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹگری میں حاصل کیا ہے اور اس سے ٹیم کے مداحوں کو امید ہوئی ہے کہ وہ اگلے پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ 27 سالہ کرس لن نے اپنے پورے کیریئر میں اب تک 2600 سے زائد رنز بنائے ہیں جس میں 165 چھکے شامل ہیں۔

انھوں نے اس سال آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائڈرز کی نمائندگی کی اور پہلے ہی میچ میں ناقبل شکست 93 رنز بنائے تھے۔

کرکٹ

کارلوس بریتھ ویٹ:

ویسٹ انڈیز کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈائمنڈ راؤنڈ میں منتخب کیا ہے۔ کارلوس بریتھ ویٹ کا نام دنیا بھر میں اس وقت مشہور ہوا جب 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انھوں نے انگلینڈ کے خلاف چار گیندوں پر چار چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرا دیا۔

کرکٹ

مستفیض الرحمان:

بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو لاہور قلندرز نے اپنے ٹیم میں ڈائمنڈ راؤنڈ میں شامل کیا ہے جو اپنے ملک کے بہترین فاسٹ بولرز میں سے ایک ہیں۔ مستفیض الرحمان نےاب تک ٹی20 میں 62 وکٹیں حاصل کی کیں۔

کرکٹ

رضا حسن:

غیر ملکی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کے بھی چند کھلاڑیوں کو پہلی بار پی ایس ایل میں کھیلنے کا موقع ملا ہے جن میں سب سے اہم نام رضا حسن کا ہے۔

بائیں ہاتھ سے سپن بولنگ کرنے والے 25 سالہ رضا حسن ماضی میں پاکستان کی 10 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں اور ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے امید تھی کہ یہ مستقبل میں ٹیم کا اہم اثاثہ بنیں گے لیکن مئی 2015 میں وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا ڈوپنگ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام ہو گئے جس کے بعد ان پر دو سال کی پابندی عائد کر دی گئی۔

اس سال جب رضا حسن پابندی ختم ہونے کے بعد پہلی دفعہ کرکٹ کے میدان میں اترے تو انھوں نے نیشنل بینک کی جانب سے کھیلتے ہوئے فیصل آباد کے خلاف میچ میں بارہ وکٹیں حاصل کیں اور قائد اعظم ٹرافی کے کھیلے جانے والے سات میچوں میں اب تک 32 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

کرکٹ

ان کے علاوہ دیگر بڑے ناموں میں ویسٹ انڈیز کے ڈیرن براو (ملتان سلطان) اور ایون لیوئس (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)، افغانستان کے راشد خان (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)، سری لنکا کے اینجلو میتھیوز (لاہور قلندرز)، اور جنوبی افریقہ کے کولن انگرام (کراچی کنگز) بھی شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32551 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp