دبئی کے پل اور بس سٹاپ بنیں گے تھری ڈی پرنٹنگ سے


دبئی

دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ وہ پیدل چلنے والوں کے پل، بس سٹاپ اور سمندر میں واقع ٹرانسپورٹ سٹیشن بنانے کے لیے تھری ڈی پرنٹنگ کی ٹیکنالوجی استعمال کرے گی۔

ادارے کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق یہ دبئی حکومت کی جانب سے شہر کو ‘سمارٹ سٹی’ بنانے کی جانب ایک اور قدم ہے۔

دبئی میں جلد مسافر بردار ڈرون سروس شروع ہو گی

دبئی پولیس کا روبوٹ افسر ڈیوٹی پر آ گیا

اس مقصد کے لیے دبئی کی حکومت نے جرمن کمپنی سیمنز کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ مفاہمت کی یادداشت کے مطابق ‘تھری ڈی پرنٹنگ کی مدد سے تعمیرات میں استعمال ہونے والے حصوں کی دستیابی آسان ہو جائے گی، وہ جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوں گے، اور انھیں زیادہ بہتر طریقے سے ڈیزائن کیا جا سکے گا۔

‘اس سے دبئی کے تین برس کے اندر دنیا کا سب سے سمارٹ شہر بننے کے عزم کو تقویت ملے گی، جس سے دبئی کے شہری اور سیاح مزید خوش و خرم اور مطمئن ہوں گے۔’

دبئی کے ریل پروجیکٹ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عبدالردا عبدالحسن نے کہا: ‘تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی دنیا بھر میں تیزی سے پھل پھول رہی ہے اور آر ٹی اے اس ٹیکنالوجی کے استعمال میں سرِ فہرست رہنا چاہتی ہے۔’

دبئی کے علاوہ ابوظہبی میں بھی تھری ڈی پرنٹنگ پر کام ہو رہا ہے۔ چند ماہ قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اتحاد ایئر ویز سیمنز کے ساتھ مل کر اپنے طیاروں کے اندر کا حصہ تھری ڈی پرنٹنگ کی مدد سے بنانے پر کام کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32509 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp