محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن قواعد وضوابط کے خلاف ہے: آئی سی سی


محمد حفیظ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آف سپنر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کو کرکٹ قوانین کے خلاف قرار دے کر انھیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ سے روک دیا ہے۔

محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کے بارے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے انٹر نیشنل کے امپائرز نے 19 اکتوبر کو رپورٹ دی تھی۔

آئی سی سی کے قواعد وضوابط کے مطابق محمد حفیظ کو اپنے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے 14 روز دیے گئے تھے۔

محمد حفیظ نے یکم نومبر کو انگلینڈ کی لفبرا یونیورسٹی میں بایئو مکینک ٹیسٹ دیا تھا جس کی رپورٹ آئی سی سی نے جمعرات کو جاری کی ہے۔

محمد حفیظ کے بولنگ ایکش کے بارے میں مزید پڑھیے

اپنے بولنگ ایکشن میں تبدیلی کے بعد اب 25 فیصد بولر بھی نہیں رہا: محمد حفیظ

محمد حفیظ کے مشکوک بولنگ ایکشن کا بائیو مکنیک ٹیسٹ یکم نومبر کو ہو گا

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن ایک بار پھر مشکوک قرار

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن قواعد وضوابط کے مطابق نہیں ہے۔ انھیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ سے معطل کردیا گیا ہے البتہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بولنگ کرسکیں گے تاہم انھیں اپنا بولنگ ایکشن کو ایک مرتبہ پھرکلیئر کرانے کے لیے دوبارہ آئی سی سی کے بائیو مکنیک تجزیے سے گزرنا ہو گا۔

محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر اعتراض اور اسے بعد میں کلیئر کیے جانے کا سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے۔

محمد حفیظ نومبر سنہ 2014 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ابوظہبی ٹیسٹ کے دوران مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آئے تھے اور بولنگ ایکشن درست کیے جانے کے بعد انھیں اپریل سنہ 2015 میں دوبارہ بولنگ کی اجازت مل گئی تھی۔

لیکن اسی سال جون میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے امپائرز نے ان کے بولنگ ایکشن کے قواعد وضوابط کے خلاف ہونے کے بارے میں دوبارہ رپورٹ دی تھی چونکہ وہ ایک سال کے عرصے میں دوبارمشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آئے تھے لہذا قوانین کے تحت ان پر ایک سال کے لیے بولنگ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

نومبر سنہ 2016 میں محمد حفیظ نے نیشنل کرکٹ سینٹر برسبین میں اپنا بائیو مکینک ٹیسٹ دیا تھا جس کی رپورٹ کی روشنی میں وہ دوبارہ بولنگ کے اہل قرار دے دیے گئے تھے۔

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن جنوری سنہ 2005 میں پاکستان اورویسٹ انڈیز کے درمیان برسبین میں کھیلے گئے ون ڈے انٹرنیشنل کے دوران بھی رپورٹ ہوا تھا۔

اس کے علاوہ ستمبر سنہ 2014 میں چیمپینز لیگ میں لاہور لائنز کی نمائندگی کرتے ہوئے بھی ان کا بولنگ ایکشن قواعد وضوابط کے خلاف قرار دیا گیا تھا۔

محمد حفیظ 50 ٹیسٹ میچوں میں 52 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

195 ون ڈے میں ان کی وکٹوں کی تعداد 136 ہے جبکہ انھوں نے 81 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 49 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32486 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp