ماں کی فریاد رنگ لے آئی


ماجد خان

فٹ بال کا کھلاڑی بندوق اٹھانے کے بعد لوٹ آیا

جنوبی کشمیر کے اننت ضلع سے تعلق رکھنے والا 20 سالہ ماجد خان فٹ بال کا بہترین کھلاڑی برانڈڈ کپڑوں، نئی گاڑیوں اور بائک ریسنگ کا شوقین تھا۔

سماجی خدمت میں بھی پیش پیش رہتا تھا۔ سوشل میڈیا پر سنہرے بالوں والا یہ لڑکا گزشتہ ہفتے ایک جھڑپ میں مقامی شدت پسند کی ہلاکت پر زاروقطار رورہا تھا، لیکن جنازے کے بعد گھر کی بجائے جنگل کی طرف چل دیا اور لشکر طیبہ کے ساتھ رابط کرلیا۔

یہ بھی پڑھیے

٭ کشمیر:عسکری، نفسیاتی، سیاسی تبدیلیاں

٭ کشمیر کی ‘آزادی کے ترانے’ پر تنازع

بعد میں سوشل میڈیا پر اسے بندوق لہراتے ہوئے دیکھا گیا۔ لیکن اس کی ماں کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوگئی جس میں وہ اپنے بیٹے سے گھر لوٹنے کی گزارش کررہی تھی۔ پولیس حکام نے تصدیق کر لی ہے کہ جمعہ کی صبح جنوبی کشمیر میں ماجد نے فوج کے سامنے ہتھیار سمیت سرینڈر کردیا۔

وزیراعلی محبوبہ مفتی نے اس پر ٹویٹ کیا کہ ” بالآخر ماں کی فریاد رنگ لائی۔ انہوں نے مزید ٹویٹس میں لکھا کہ ’میں تشدد کے راستے پر بھٹکے نوجوانوں کا تذبذب سمجھتی ہوں، لیکن ان میں اکثر بے معنی تشدد کو ترک کرکے گھر لوٹتے ہیں۔‘

ماجد کی والدہ

ماجد کی والد نے بیٹے کو لوٹ آنے پر مجبور کیا

اپوزیشن رہنما عمرعبداللہ نے وزیراعلٰی کی ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ ’اگر یہ سچ ہے تو امید ہے کہ ماجد سماجی زندگی میں لوٹ آئے گا اور اسے ہراساں نہیں کیا جائے گا۔‘

اس دوران بعض خبررساں ایجنسیوں نے لشکر طیبہ کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں لشکر کا کہنا ہے کہ ماجد نے سرینڈر نہیں کیا بلکہ اسے والدین کی فریاد کے بعد گھر لوٹنے کی اجازت دی گئی۔

واضح رہے گزشتہ برس جولائی میں مسلح کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد ہمہ گیر عوامی مظاہروں کے درمیان سو سے زیادہ عسکریت پسندوں کو تصادم آرائیوں کے دوران ہلاک کیا گیا۔ بھارتی فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے بھی حالیہ بیان میں بتایا کہ کشمیر کی سرزمین پر سبھی عسکریت پسندوں کو ختم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں فوج کا آپریشن آل آوٹ بھی جاری ہے۔ یہ پہلا موقعہ ہے کہ نہایت قلیل عرصے میں کسی نوجوان نے واپسی کی راہ لی ہو۔

وزیراعلی کے قریبی ذرایع نے بی بی سی کو بتایا کہ محبوبہ مفتی نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ ’مسلح تشدد کے راستے پر بھٹکنے والے نوجوانوں کو سرینڈر پر ہی آمادہ کیا جائے۔‘

ذرایع کا کہنا ہے کہ پولیس کو جو معاوضہ عسکریت پسند کی ہلاکت کے لئے دیا جاتا ہے ، اسے دو گنا بڑھا دیا گیا مگر شرط یہ ہے کہ عسکریت پسند کو زندہ گرفتار کیا جائے یا اسے سرینڈر پر آمادہ کیا جائے۔

جنوبی کشمیر میں ماجد خان کے بعض رشتہ داروں نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ ’ماجد بہت جذباتی ہے۔ لیکن وہ زندگی سے بہت کچھ چاہتا ہے۔ ہر پل نئے کپڑے پہننے ، گاڑیاں بدلنے اور بالوں کا ہر ہفتے سٹائل بدلنے کی وجہ سے وہ یہاں کے نوجوانوں کا آئیکن بن گیا ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp