زمبابوے: حکمران جماعت نے موگابے کو برطرف کر دیا


Robert Mugabe and Grace Mugabe in Zanu-PF outfits

زمبابوے میں فوجی بغاوت کے بعد حکمران جماعت نے صدر رابرٹ موگابے کو جماعت کی سربراہی کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

حکمران جماعت زمبابوے افریقین نیشنل یونین پی ایف کی سربراہی اب سابق نائب صدر ایمرسن منگاگوا کو سونپی گئی ہے جنھیں چند ہفتے قبل صدر موگابے نے فارغ کر دیا تھا۔

ایمرسن منگاگوا کو برطرف کرنے کے بعد کئی ایسے واقعات ہوئے جس کے بعد فوج نے مداخلت کر کے صدر موگابے کو نظر بند کر دیا تھا۔

زمبابوے پر فوج کا کنٹرول، ’صدر موگابے گھر تک محدود‘

دنیا کے سب سے معمر حکمران کون؟

’موگابے سو نہیں رہے، آنکھوں کو آرام دے رہے ہوتے ہیں‘

سنیچر کو ہزاروں افراد نے رابرٹ موگابے کے خلاف احتجاج کیا جبکہ مسٹر موگابے نے اتوار کو اپنی نجی رہائش گاہ پر عسکری حکام سے ملاقات کی۔

ملک میں با اثر وار ویٹیرنز ایسوسی ایشن کے سربراہ نے خبر رساں ادارے روئیٹرز کو بتایا کہ اُن کی جماعت نے صدر موگابے کو ملک کی صدارت کے عہدے سے ہٹانے کے لیے بھی کام شروع کر دیا ہے۔

رابرٹ موگابے چند حقائق

  • 1924: پیدائش
  • 1960-1945 : پڑھاتے رہے
  • 1964: روڈھشیا کی حکومت نے جیل میں ڈالا
  • 1980: آزادی کے بعد الیکشن جیتا
  • 1996: گریس ماروفو سے شادی ہوئی
  • 2000: ریفرنڈم میں شکست ہوئی، موگابے کی حامی ملیشیا نے سفید فاموں کے فارموں پر قبضے کر لیے اور حزبِ مخالف کے حمایتیوں پر حملے کیے۔
  • 2008: انتخابات میں دوسری پوزیشن حاصل کی
  • 2009: سوانگیرائے نے وزیرِ اعظم کا حلف اٹھایا
  • 2016: کیش کی کمی کی وجہ سے بانڈ نوٹ متعارف کرائے گئے
  • 2017: اپنے قریبی ساتتھی ایمرسن منانگاوا کو نائب وزیرِ اعظم کے عہدے سے برطرف کیا

روئیٹرز کے مطابق خاتونِ اول گریس موگابے کو بھی جماعت سے نکال دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل زمبابوے کی فوج نے ملک کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ رابرٹ موگابے 1980 سے زمبابوے میں اقتدار میں ہیں۔

بی بی سی کے نامہ نگار اینڈریو ہارڈنگ بھی حکمران جماعت کے اجلاس میں موجود تھے جہاں موگابے کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اُن کے مطابق موگابے کی برطرفی کے فیصلے کے بعد اجلاس میں موجود شرکا خوشی سے رقص کرنے لگے۔

انھوں نے کہا کہ برطرفی کے فیصلے کے اعلان کے وقت خوب جشن منایا گیا۔

نامہ نگار کے مطابق پارٹی کی سربراہی سے برطرفی کا ابھی باقاعدہ آغاز ہو گا لیکن اس سے صدر موگابے پر دباؤ بڑھے گا اور اب صدر کی حیثیت سے اُن کے مواخدے کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32496 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp